یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لٹویا کی بُک فیئر میں شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لٹویا کو دارالحکومت ریگا (Riga) میں منعقد ہونے والی سالانہ تعلیمی و کتابی نمائش میں شرکت کی توفیق ملی۔ لٹویا کے دارالحکومت ریگا میں ہر سال کتب کا عالمی میلہ منعقد ہوتا ہے جس میں مختلف ممالک کے لکھاری اور پبلشرز اپنی کتب کے ساتھ شرکت کرتے ہیں۔ پہلے یہ خوبصورت کتب میلہ ’’Latvian Book Fair‘‘ کہلاتا تھا جس میں لٹویا کے علاوہ دیگر ممالک سے آنے والے افراد اور کمپنیوں کی طرف سے بھی سٹال لگائے جاتے تھے۔ اب یہ نمائش ’’Skola Education Fair‘‘ کے نام سے منعقد ہو رہی ہے اور اس میں زیادہ تر سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی طرف سے سٹال لگائے جاتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لٹویا ۲۰۱۹ء سے اس نمائش میں حصہ لے رہی ہے۔ ۲۰۱۹ء سے لے کر اب تک اس کتب میلے کے ذریعہ ہزاروں لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق مل چکی ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

امسال یہ نمائش ۱۹تا۲۱؍فروری ۲۰۲۶ء کو ریگا شہر کے علاقہ Kipsala iela 8, Riga, LV-1048, Latvia میں منعقد ہوئی۔ ۱۸؍فروری کو کتب اور دیگر ضروری سامان نمائش گاہ میں پہنچا دیا گیا۔ مقامی خدام نے بڑی محنت سے جماعت کا سٹال تیار کیا اور خوبصورت پوسٹرز کے ذریعہ اسے آراستہ کیا۔ ۱۹؍فروری کو صبح ۱۰؍بجے بُک فیئر کا آغاز ہوا۔ پہلے دو دنوں میں زیادہ تر سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ نمائش دیکھنے کے لیے آئے جبکہ تیسرے اور آخری روز عام لوگ اپنی فیملیوں کے ساتھ نمائش دیکھنے تشریف لائے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے کثرت سے لوگ جماعت کے سٹال پر آئے اور انہوں نے اسلام احمدیت، مذہب اور روحانیت کے بارے میں مختلف سوالات کیے۔ ڈیوٹی پر موجود احباب جماعت نے ان کے جواب دیے اور ان کی دلچسپی کے مطابق انہیں لٹریچر بھی پیش کیا گیا۔ زائرین نے نہایت اچھے اور مثبت تاثرات کا اظہار کیا اور جماعت سے رابطہ رکھنے کا وعدہ بھی کیا۔ چند مسلمان بھی سٹال پر آئے اور برملا اس بات کا اظہار کیا کہ اسلام کے بارے میں یہ تبلیغی سٹال دیکھ کر انہیں بڑی خوشی ہوئی اور ان کے دل کو تسکین ملی۔

لٹریچر کی تقسیم:لٹوین، رشین اور انگریزی تین زبانوں میں جماعتی لٹریچر پیش کیا گیا۔ لٹوین زبان کے ۷۱۶؍لیفلیٹس اور کتب، رشین زبان کی ۱۸۵؍کتب اور انگریزی زبان کی ۲۵۸؍کتب زائرین کو بطور تحفہ پیش کی گئیں۔

تینوں دن کئی کئی گھنٹے لوگوں کے اسلام احمدیت کے بارے میں سوالات اور اسلام پر کیے جانے والے بعض اعتراضات کے جواب دیے جاتے رہے۔ لٹوین زبان میں پوچھے گئے سوالات کے جواب مکرم خاقان احمد صائم صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جماعت احمدیہ لٹویا نے دینے کی توفیق پائی۔ رشین زبان بولنے والے زائرین سے خاکسار(مبلغ سلسلہ)، مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال جماعت احمدیہ لٹویا اور مکرم خاقان احمد صائم صاحب نے گفتگو کی۔ جبکہ باقی احباب جماعت نے انگریزی زبان میں بھرپور تبلیغ و اشاعت اسلام کی توفیق پائی۔

امسال ۳۱ویں “انٹرنیشنل ایجوکیشن نمائش” منعقد کی گئی جس کا ۱۵؍ہزار ۷۴۳؍افراد نے دورہ کیا۔ لٹویا، ایسٹونیا، لتھوانیا، جرمنی اور فرانس سے تعلق رکھنے والی ۱۱۸؍کمپنیوں نے اپنے سٹال لگائے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لٹویا کو اس نمائش کے ذریعہ سینکڑوں لوگوں تک اسلام احمدیت کا خوبصورت، صلح، امن و آشتی اور بھائی چارے پر مشتمل پیغام پہنچانے کی سعادت حاصل ہوئی۔

احمدی احباب کے علاوہ ایک سری لنکن زیر تبلیغ غیراحمدی دوست مکرم محمد ذمری اصفر عدنان صاحب اور چند اُزبک زیر تبلیغ احباب مکرم فیض اللہ صاحب، مکرم الہام صاحب اور مکرم شہاب صاحب کو بھی اس سٹال پر خدمت کی توفیق ملی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء

اللہ تعالیٰ ہماری اس ادنیٰ کاوش کے نیک نتائج پیدا فرمائے اور جن لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچا ہے ان کے سینے کھول دے اور انہیں جلد اسلام احمدیت کے نور سے منور فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ ددگو، برکینافاسو کا ریجنل اجتماع ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button