گیمبیا میں دو ریجنل اجتماعات مجلس خدام الاحمدیہ کا انعقاد
گیمبیا کے بانجل/کومبو ریجن میں ریجنل اجتماع خدام الاحمدیہ کا انعقاد
محمد اکمل صاحب مربی سلسلہ و ریجنل قائد بانجل/کومبو تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ بانجل/کومبو ریجن کا ریجنل اجتماع مورخہ ۲۸؍جون ۲۰۲۶ء بروز اتوار، کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں ریجن بھر سے خدام اور اطفال نے بھرپور شرکت کی۔ اجتماع کا مرکزی موضوع ’’تخلقوا بأخلاق اللّٰه‘‘ یعنی اللہ تعالیٰ کے اخلاق کو اختیار کرو تھا۔

پہلا اجلاس: پہلے اجلاس کا آغاز صبح سوا دس بجے خاکسار کی زیرِ صدارت ہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد خاکسار نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں، خدام، اطفال اور عہدیداران اور کو خوش آمدید کہا۔ اجتماع کے تربیتی اور روحانی پہلو کو اجاگر کرنے کے لیے دو علمی و تربیتی تقاریر پیش کی گئیں: ’’معرفتِ الٰہی‘‘ از نوید احمد قمر صاحب (ریجنل ناظم تربیت و ایریا مشنری بانجل،کومبو) اور ’’عدل و احسان‘‘ از عبدالسلام بلدے صاحب۔
بعد ازاں علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ نماز ظہر و عصر کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد بقیہ ورزشی مقابلہ جات مکمل کیے گئے۔
اختتامی اجلاس: اختتامی اجلاس شام چھ بجے شروع ہوا جس کی صدارت مکرم ڈیمبا باہ (Demba Bah) مربی سلسلہ و نیشنل صدر مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور قصیدہ کے بعد ریجنل نائب قائد دوم نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد تقسیم انعامات ہوئے۔ بعد ازاں مکرم نیشنل صدر صاحب نے اپنی تقریر میں خدام اور اطفال کو اجتماع کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے، خلافت سے مضبوط تعلق قائم رکھنے اور دین، وطن اور انسانیت کی خدمت کے لیے ہمیشہ تیار رہنے کی تلقین کی۔ اجلاس کا اختتام شام سات بجے دعا سے ہوا۔ اس اجتماع میں ۶۸؍خدام، ۷۰؍اطفال اور ۶؍انصار نے شرکت کی ۔اس طرح اجتماع کی مجموعی حاضری ۱۴۴؍رہی۔
گیمبیا کے لوئر ریور ریجن میں ریجنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ لوئر ریور ریجن کو مورخہ ۲۸؍جون ۲۰۲۶ء بروز اتوار اپنا ریجنل اجتماع جماعت سنچو بولی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ
پہلا اجلاس: اجتماع کی باقاعدہ کارروائی صبح گیارہ بجے خاکسار (ایریا مشنری ریجن و ناظم مال) کی زیرصدارت شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد خاکسار نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور انہیں ان پروگراموں کی قرآن و حدیث سے اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ اپنے معیارِ عبادت و اخلاق کو بلند کریں۔اس کے بعد خاکسار نے دعا کروائی۔
پہلے اجلاس کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔
دوسرا اجلاس: دوپہر اڑھائی بجے نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں جس کے بعد اختتامی اجلاس کا آغاز زیر صدارت سلیمان تانجا صاحب مربی سلسلہ، رکن نیشنل عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ و نمائندہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد مکرم موسیٰ سابلی صاحب ریجنل صدر جماعت نے خدام کو جماعتی پروگرامز سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔ اس کے بعد ریجنل قائد مکرم المامی بالاجو صاحب نے مقابلہ جات میں نمایاں کاکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کے نام پڑھے اور ان کو انعامات دیے گئے۔تقسیم انعامات کے بعد صدر مجلس نے صدر صاحب خدام الاحمدیہ کا خدام و اطفال کے لیے پیغام پڑھ کر سنایا۔پیغام کے بعد انہوں نے پانچ وقت نماز پڑھنے، تلاوت کرنے، چندہ ادا کرنے، خلیفہ وقت کے خطبات سننے اور حضور انور کی خدمت میں باقاعدگی سے خط لکھنےکی طرف توجہ دلائی۔دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔

دعا کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس اجتماع میں ۱۰۲ خدام و اطفال، ۱۴ لجنہ ممبرات (کھانا پکانے کے لیے) اور ۸ غیراحمدی بچے شامل ہوئے۔ یوں کل حاضری ۱۲۴ رہی۔
تبلیغ کے مواقع: غیراحمدی بچوں نے دوران اجتماع خدام سے پوچھا کہ کیا ہم آپ لوگوں کے ساتھ کھیل سکتے ہیں۔جواب ہاں میں ملنے پر وہ بہت حیران ہوئے اور پھر اکٹھے فٹ بال کھیلا۔اسی طرح نماز کے وقت انہوں نے پھر پوچھا کہ کیا ہمیں آپ کے ساتھ نماز پڑھنےکی اجازت ہے؟ جواب اثبات میں ملنے پر وہ پھر بہت حیران ہوئے۔
اسی طرح واپسی پر خدام نے اجتماع سے ملنے والا جماعتی لٹریچر (ریویو آف ریلیجنز۔رسالہ الاسلام) دورانِ سفر بس میں موجود غیر احمدی احباب کو بھی تقسیم کیا۔انہوں نے نہ صرف قبول کیا بلکہ شکریہ ادا کرتے ہوئے بس میں ہی اسے پڑھنا شروع کردیا۔اس طرح اس اجتماع سے تبلیغ کا موقع بھی پیدا ہوگیا ۔الحمدللہ
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: گنی بساؤ کی جماعت بوننکارے میں مسجد بیت العلیم کا بابرکت افتتاح




