ڈنمارک کے شہر پراسٹیو میں تبلیغی سٹال کا اہتمام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ڈنمارک کو امسال مورخہ ۱۴تا۱۷؍مئی ۲۰۲۶ء، پراسٹیو شہر میں منعقد ہونے والے میلے میں تبلیغی سٹال لگانے کی توفیق ملی۔
پراسٹیو ایک چھوٹا قصبہ ہے جس کی آبادی تقریباً چارہزار افراد پر مشتمل ہے اور یہ قصبہ کوپن ہیگن سے ۹۳؍کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ گذشتہ سال ۴۰؍ہزار لوگوں نے اس میلے میں شرکت کی اور اس میں دوسرے ممالک سے بھی لوگ اپنا سٹال لگاتے ہیں۔ شہروں کی گلیوں میں فرنچ جھنڈے نصب کیے جاتے ہیں اور فرنچ زبان میں مختلف بینرز لگائے جاتے ہیں۔

گذشتہ تین سال سے جماعت احمد یہ ڈنمارک کو اس میلے میں جماعتی سٹال لگانے کی توفیق مل رہی ہے۔ سٹال پر قرآن کریم اور دیگرجماعتی کتب ڈینش زبان میں رکھی گئی تھیں۔ اسی طرح فرنچ اور ڈینش زبان میں ایک بیج تیار کرکے لوگوں میں تقسیم کیا گیا جس پر ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘ درج تھا۔ کئی لوگوں نے جماعتی سٹال کا دورہ کیا اور قرآن کریم کے نسخے خریدے۔ اسی طرح جماعتی تعارف پر مبنی فولڈر بھی تقسیم کیے گئے۔

الحمدللہ، چاردن سٹال پر ۵؍خدام، ۳؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۸؍انصار نے مختلف اوقات میں تبلیغی خدمات سر انجام دیں۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




