ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ اردن کے دوسرے جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کاکامیاب و بابرکت انعقاد

٭… تلاوت قرآن کریم، احادیث، تقاریر، قصیدہ اور ترانہ کا اہتمام
٭… غیر از جماعت مہمان بھی جلسہ سے بھرپور مستفید ہوئے ٭… تقریباً ۷۵؍احباب کی شمولیت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ اردن کو اپنا دوسرا جلسہ سالانہ مورخہ ۲۲؍مئی ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک ایک فارم ہاؤس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ناشتے کے بعد جلسہ کی تیاریاں کی گئیں اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے ساتھ جلسہ کا افتتاح ہوا۔

سیّدنا حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے ارشاد کی تعمیل میں خاکسار بطور مرکزی نمائندہ اس جلسہ میں شامل ہوا۔

جمعہ کے بعد خاکسار کی زیر صدارت جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ سے ہوا۔ اس موقع پر صدر صاحب جماعت اردن مکرم غانم احمد غانم صاحب بھی خاکسار کے ساتھ تشریف رکھتے تھے اور پہلی تقریر موصوف کی تھی۔ بعد ازاں مکرم حسین المصری صاحب، مکرم تمیم ابو دقہ صاحب، مکرم سیف الدین ابو عصب صاحب، مکرم حامد نصار صاحب اور مکرم مراد القاسم صاحب مبلغ سلسلہ اردن نے تقاریر کیں۔ تقاریر کے علاوہ احادیث پڑھی گئیں نیز قصیدہ اور ترانہ بھی ہوا۔

خاکسار نے اپنی تقریر میں الٰہی جماعتوں کے قیام اور استقرار کے ليے قربانیوں کی ضرورت، قیام نماز اور خلیفۃ المسیح کے ساتھ وفاداری اور اطاعت کے امور پر مختصراً روشنی ڈالی۔

پھر دعا کے بعد سب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ اس کے بعد کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس جلسہ میں تقریباً ۷۵؍مرد حضرات نے شرکت کی۔

یہ جلسہ اگرچہ چھوٹا سا تھا مگر عمدہ انتظامات، باہمی تعاون اور اخوت کے جذبے سے بھرپور تھا۔ چنانچہ اس جلسہ کے ذریعہ اللہ تعالی نے افراد جماعت کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعارف کے مواقع فراہم کیے۔ موقع پر حاضر بعض غیر از جماعت مہمانوں نے بھی پروگرام سے بھرپور استفادہ کیا اور اپنی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔

اللہ تعالیٰ ان کوششوں کو بابرکت فرمائے، اس جلسہ کو ایمان، محبت اور خدمت اسلام میں ترقی کا ذریعہ بنائے اور جماعت احمدیہ کو ہمیشہ نعمت خلافت اور وحدت سے سرفراز رکھے۔ آمین

(رپورٹ: شمس الدین مالاباری۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ ددگو، برکینا فاسو کا ریجنل اجتماع ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button