جماعت احمدیہ فن لینڈ کے بارھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کا کامیاب و بابرکت انعقاد
٭… مسجد نور میں پہلی دفعہ منعقدہ جلسہ سالانہ بعنوان ’’الخیر کلہ فی القرآن‘‘
٭… فن لینڈ کے علاوہ چھ مختلف ممالک سے آنے والے مہمانان کے بشمول۳۱۳؍احباب کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو اپنا بارھواں جلسہ سالانہ ’’الخیر کلہ فی القرآن‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۵و۶؍جون ۲۰۲۶ء منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے محترم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن کو جلسہ سالانہ فن لینڈ ۲۰۲۶ء کے لیے بطور مرکزی نمائندہ مقرر فرمایا۔ نیز فن لینڈ کی تاریخ میں منعقد ہونے والی پہلی مجلس شوریٰ کے لیے بھی ازراہ شفقت آپ کو مرکزی نمائندہ مقرر فرمایا۔

جلسہ سالانہ اور مجلس شوریٰ کے انعقاد کے لیے جماعت احمدیہ فن لینڈ نے کئی ہفتے قبل تیاریوں کا آغاز کر دیا تھا۔ چونکہ یہ پہلا موقع تھا کہ جلسہ سالانہ مسجد نور میں منعقد ہو رہا تھا، اس لیے جلسے کی ضروریات کے مطابق مختلف انتظامات کیے گئے۔ افسر جلسہ سالانہ، افسر جلسہ گاہ، افسر خدمت خلق اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کے ناظمین و معاونین نے مکرم عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ کی زیر ہدایت بھرپور محنت، منصوبہ بندی اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیے۔ تمام کارکنان اور رضاکاروں نے اخلاص اور محنت سے کام کیا جس کے نتیجہ میں جلسہ سالانہ نہایت منظم اور کامیاب انداز میں منعقد ہوا۔
پہلا دن:جلسہ سالانہ کے پہلے روز نماز جمعہ دوپہر ڈیڑھ بجے ادا کی گئی جس کی امامت مکرم مبلغ انچارج صاحب سویڈن نے کروائی۔ نماز جمعہ کے بعد حاضرین کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا۔ دوپہر تین بجے شاملین نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔
شام سوا چار بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرم نیشنل صدر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ صدر مجلس نے اپنی افتتاحی تقریر میں جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد اور اس کے روحانی فوائد کی طرف توجہ دلائی۔ بعدازاں مکرم مصور احمد شاہکار صاحب مبلغ انچارج ناروے نے ’’تعلق باللہ کے ذرائع‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔
شام چھ بجے سوال و جواب کی مجلس منعقد ہوئی جس میں مختلف دینی و تربیتی موضوعات پر سوالات کیے گئے۔ سات بجے تمام شاملین جلسہ کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ رات آٹھ بجے ’’خلافت‘‘ کے موضوع پر مشاعرہ منعقد ہوا جس میں شعراء نے اپنا منتخب کلام پیش کیا۔ پہلے روز کے پروگرام کا اختتام نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی سے ہوا۔
دوسرا دن: جلسہ سالانہ کے دوسرے روز کے پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’قرآن، سائنس اور عقل‘‘ از مکرم فرید احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ، ’’ذکر حبیب‘‘ از مکرم وقار جاوید صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا اور ’’خلافت، اتحاد و یکجہتی کی ضامن‘‘ از مکرم بشارت الرحمٰن صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت۔ اس کے بعد آمین اور تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس دوران مستورات کا علیحدہ اجلاس لجنہ ہال میں منعقد ہوا جس کی صدارت صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ فن لینڈ نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جس کے بعد قرآن کریم کی تلاوت اور اس سے محبت، ذکر الٰہی کے ذریعے قلبی اطمینان اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال سمیت مختلف علمی، تربیتی اور اصلاحی موضوعات پر تقاریر پیش کی گئیں۔
اختتامی اجلاس:نماز اور ظہرانہ کے وقفہ کے بعد اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ نے ’’تربیت اولاد‘‘ کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے والدین کی ذمہ داریوں اور بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں مرکزی نمائندہ صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں آنحضرت ﷺ کا اللہ تعالیٰ کی نظر میں بلند مقام، قرآن مجید کی روشنی میں آنحضورﷺ کی کامل اطاعت کے تقاضوں اور اپنی عملی زندگیوں کا جائزہ لینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اس تقریر کے بعد نیشنل صدر صاحب نے اظہار تشکر کیا اور تمام شاملین جلسہ، جلسہ سالانہ کمیٹی، ناظمین، معاونین، کارکنان اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد مرکزی نمائندہ صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔ دعا کے بعد گروپ فوٹو کا اہتمام کیا گیا اور شاملین کی خدمت میں شام کا کھانا پیش کیا گیا۔
حاضری:اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کی کُل حاضری ۳۱۳؍رہی۔ شاملین میں چھ بیرونی ممالک سے آنے والے مہمانان بھی شامل تھے۔
یوں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کا بارھواں جلسہ سالانہ نہایت کامیابی اور نظم و ضبط کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ربوہ میں جشن آزادی قومی و ملی جوش و جذبے سے منایا گیا



