یورپ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ فن لینڈ کا دسواں نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ فن لینڈ کو اپنا دسواں سالانہ اجتماع یکم و ۲؍اگست ۲۰۲۶ء کو مسجد نور، ہیلسنکی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اجتماع کی تیاری کئی ماہ پہلے سے شروع کر دی گئی تھی۔ لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کا نصاب صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ فن لینڈ کی نگرانی میں تیار کیا گیا جسے اپریل میں سالانہ تربیتی کلاس کے موقع پر تمام ممبرات کے ساتھ شیئر کیا گیا۔

جولائی کے مہینے میں اجتماع کی بہتر منصوبہ بندی کے لیے متعدد میٹنگ منعقد کی گئیں۔ اس سال ایک نیا نظام متعارف کروایا گیا جس کے تحت ناصرات کے تمام مقابلے پہلے دن جبکہ ممبرات لجنہ اماءاللہ کے تمام مقابلے دوسرے دن رکھے گئے۔ یہ نظام نہایت کامیاب ثابت ہوا کیونکہ بہت سی ماؤں نے اس بات کو سراہا کہ وہ پہلے دن اپنی بیٹیوں کے اجتماع میں اطمینان سے شریک ہو سکیں اور دوسرے دن خود اپنے مقابلوں میں حصہ لے سکیں۔

بہتر رابطے کے لیے انتظامی ٹیموں اور ججز کے لیے علیحدہ گروپ چیٹس بھی بنائی گئیں۔

یکم اگست کو صبح ۱۰؍بجے تلاوت قرآن کریم سے اجتماع کا آغاز ہوا۔ پہلے اجلاس میں ناصرات کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن کریم، نظم اور شرائط بیعت شامل تھیں۔ وقت کے بہتر استعمال کے لیے بعض مقابلے بیک سٹیج منعقد کیے گئے۔ نماز اور دوپہر کے کھانے کے وقفے کے بعد اردو و انگریزی تقریر، دینی معلومات کے سوالات اور قصیدہ کے مقابلے جاری رہے۔ پہلے دن کا اختتام ناصرات میں انعامات کی تقسیم پر ہوا۔ تجوید جائزہ میں کامیاب ہونے والی ممبرات کو بھی اسناد سے نوازا گیا جن میں دو ناصرات اور پانچ ممبرات لجنہ اماءاللہ شامل تھیں۔

دوسرے دن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد نظم پیش کی گئی۔ اس کے بعد لجنہ اماءاللہ کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن کریم، انگریزی اور اردو تقریر شامل تھیں۔ وقفے کے بعد مقابلے دوبارہ شروع ہوئے۔ اختتام پر انعامات تقسیم کیے گئے اور دیگر اعزازات بھی دیے گئے۔ بہترین بڑی مجلس کا ایوارڈ مجلس وانتا کو، بہترین چھوٹی مجلس کا ایوارڈ مجلس تمپرے کو جبکہ تعریفی ایوارڈ مجلس واسا کو دیا گیا۔ تجوید کلاس کی تمام اساتذہ، بک کلاس کی معلمہ اور قرآن کریم کے ترجمہ کی کلاس کی معلمہ کو ان کی انتھک خدمات کے اعتراف میں تحائف پیش کیے گئے۔ اسی طرح بعض دیگر لجنہ ممبرات کو بھی ان کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں تحائف دیے گئے۔

اس اجتماع کی کُل حاضری ۱۲۲؍رہی جس میں ۶۶؍ممبرات لجنہ اماءاللہ، ۲۰؍ناصرات، ۲۹؍بچے، پانچ اطفال اوردو مہمان شریک ہوئے جنہوں نے اجتماع کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ اس اجتماع میں پانچ مجالس نے شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو تمام شاملین کے لیے باعث خیر و برکت بنائے، انہیں دینی و روحانی ترقی عطا فرمائے اور اس اجتماع کے تمام نیک مقاصد کو پورا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: گیمبیاکے ریجن فونی میں ریجنل اجتماع مجلس انصاراللہ ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button