جماعت احمدیہ جارجیا کا چوتھا جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء
٭… حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام
٭… چار ممالک سے نمائندگی اور کُل حاضری ۵۳؍تھی
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ جارجیا کو اپنا چوتھا جلسہ سالانہ وَاِذَا سَاَلَکَ عِبَادِیۡ عَنِّیۡ فَاِنِّیۡ قَرِیۡبٌ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۵ و ۶؍جون ۲۰۲۶ء کو Tbilisi شہر میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اس موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام ہمیں موصول ہوا۔
جلسہ سالانہ کے انتظامات کا آغاز افسر جلسہ سالانہ مکرم جواد احمد بٹ صاحب صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ جارجیا اور افسر جلسہ گاہ (خاکسار۔ مربی سلسلہ) کے تقرر سے ہوا جس کی منظوری حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے عطا فرمائی۔ ناظمین جلسہ کے ساتھ جلسے سے قبل مختلف میٹنگز منعقد ہوئیں جن میں تمام امور کا جائزہ لیا جاتا رہا۔ وقارعمل بھی جلسہ سے ایک ہفتہ قبل شروع ہوگیا تھا۔

جلسہ سالانہ کا آغاز مورخہ ۵؍جون کو خطبہ جمعہ سے ہوا۔ نماز عصر اور کھانے کے بعد سب مہمان جلسہ گاہ کی طرف روانہ ہوئے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سننے کے بعد جلسہ کا آغاز دعا کے ساتھ ہوا۔ بعدازاں پہلا اجلاس مکرم احمد فراز صاحب (صدر جماعت و مبلغ انچارج لتھوینیا) کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم مع اردو اور انگریزی ترجمہ اور نظم سے شروع ہوا۔ حضور انورا یدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام برموقع جلسہ سالانہ جارجیا، صدر صاحب جماعت جارجیا نے اردو زبان میں پڑھا۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاوٴنگا‘‘ از مکرم انتون جری اللہ صاحب مربی سلسلہ آرمینیا، ’’ہستی باری تعالیٰ‘‘ از مکرم مدثر محمود ظفری صاحب متعلم میڈیکل یونیورسٹی جارجیا، ’’ہیومینٹی فرسٹ جارجیا کی خدمات‘‘ از مکرم جواد احمد بٹ صاحب چیرمین ہیومینٹی فرسٹ جارجیا اور ’’تعلق باللہ‘‘ از خاکسار (مربی سلسلہ جارجیا)۔
اگلے روز لجنہ اماءاللہ جارجیا کا اپنا پروگرام بھی ہوا جس میں ان موضوعات کے پر تقاریر ہوئیں: ’’حضرت خدیجہؓ ایک مالی خود مختار خاتون اور اسلام قبول کرنے والی پہلی شخصیت‘‘ از مکرمہ شائستہ گُل صاحبہ، ’’نکاح۔ ہمارا آدھا دین‘‘ از مکرمہ باریا احمد صاحبہ، ’’جذبے اور دیانتداری کے درمیان، ڈیجیٹل دور میں راہنمائی‘‘ از مکرمہ ہبةالحئی سعدیہ عطاء صاحبہ۔
دوسرا اجلاس:دوسرا اجلاس دوپہر کو تلاوت قرآن کریم مع انگریزی اور اردو ترجمہ اور نظم سے شروع ہوا۔ بعد ازاں مکرم محمد عامر صاحب نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا عشق الٰہی‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعدہٗ مکرم ازہان مقبول صاحب، متعلم میڈیکل یونیورسٹی جارجیا، نے ’’شہد کی شفائی طاقت، اسلامی اور سائنسی نقطہ نظر سے‘‘ پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم صدر و مبلغ انچارج صاحب لتھوینیا نے سیرت حضرت مولانا غلام رسول راجیکی صاحبؓ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جو اللہ تعالیٰ کی صفت کلیم کے بارہ میں تھی۔ بعد ازاں مکرم صدر و مبلغ انچارج صاحب جارجیا نے نظام خلافت اور ہماری ذمہ داریاں کے موضوع پر تقریر کی۔
جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم حافظ سعید الرحمٰن صاحب (مربی سلسلہ رشین ڈیسک یوکے) نے آن لائن کی اور اجتماعی دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ اختتام پزیر ہوا۔
چوتھے جلسہ سالانہ جارجیا میں چار ممالک سے نمائندگی ہوئی اور کُل حاضری ۵۳؍تھی۔ درج ذیل ممالک سے مہمان تشریف لائے تھے: آرمینیا، جرمنی، یوکے اور لتھوینیا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جلسہ کی ریکارڈنگ اور تصاویر لینے میں حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری کے ساتھ ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمنی سٹوڈیوز نے بہت فعال کام کیا۔ ضیافت ٹیم نے مکرم وسیم احمد صاحب کی زیرنگرانی بڑی محنت سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دی۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو اس کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: ہارون عطا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ جارجیا ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام
پیارے احباب جماعت جارجیا
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
خدا تعالیٰ آپ لوگوں کو ہمیشہ اپنی حفاظت میں رکھے۔ آپ کو چوتھا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کا انعقاد آپ سب کے لئے مبارک کرے۔ یاد رکھیں کہ یہ جلسہ کوئی معمولی جلسہ نہیں ہے۔ جیسا کہ حضرت اقدس بانیٔ سلسلہ فرماتے ہیں: ‘‘اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلائے کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔’’ (مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۲۸۱)
یہ جلسہ باہمی اخوت و محبت بڑھانے کا بھی ذریعہ ہے۔ لہذا آپس میں اتحاد و اخوت پیدا کریں اور اس کے ساتھ ساتھ خلافت اور مرکز کے ساتھ گہرا اور مضبوط تعلق قائم رکھیں۔ MTA کے پروگرام باقاعدگی سے سنا کریں اور خلیفہ وقت کے خطبات کو سننا اپنے اوپر لازم کر لیں اور ان سے مستقل رابطہ رکھنے کی کوشش کریں۔ اگر ایسا کریں گے تو آپ کے اندر نمایاں نیک تبدیلی پیدا ہو گی جس کے ذریعہ ایک انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔ میں نے کچھ عرصہ قبل ایک دعائیہ تحریک کی تھی کہ ۲۰۰ مرتبہ درود شریف پڑھیں: سُبْحَانَ اللّٰهِ وَبِحَمْدِهٖ سُبْحَانَ اللّٰهِ الْعَظِيمِ اللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَآلِ مُحَمَّدٍ، ۱۰۰ مرتبہ استغفار اور ۱۰۰ مرتبہ رَبِّ كُلُّ شَيْءٍ خَادِمُكَ رَبِّ فَاحْفَظْنِي وَانْصُرْنِي وَارْحَمْنِي روزانہ پڑھیں۔ اس وقت جبکہ شیطان ہر حیلے سے حملے کرنے کی کوشش کر رہا ہے اس سے بچنے کے لئے ایک ہی ذریعہ یہ دعائیں ہیں اس لئے خاص طور پر دعاؤں پر زور دیں۔ تاکہ ایک ایسے قلعہ میں داخل ہو جائیں کہ جس کی دیواریں آسمان تک پہنچی ہوئی ہوں۔ آج دنیا میں ہر طرف بے چینی اور بے سکونی کی فضا طاری ہے۔ عالمگیر جنگ کی تباہی کے دھانے پر کھڑی ہے۔ اور صرف احمدیت یعنی حقیقی اسلام ہی عافیت کا حصار ہے۔ جماعت جارجیا کا فرض ہے کہ حکمت کے ساتھ امن و سکون کی متلاشی روحوں کو اس آسمانی قلعہ میں داخل کرنے کی کوشش کرے۔ اللہ آپ کو اپنی حفظ وامان میں رکھے، ہر تکلیف سے بچائے اور ہر خیر و برکت عطا فرمائے۔ میری طرف سے آپ سب کو محبت بھرا سلام پہنچے اور میری دعائیں ہمیشہ آپ کے حق میں قبول ہوتی رہیں۔ آمین
مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ فن لینڈ کا دسواں نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء




