جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

تازہ ترین: اجتماعی دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ جرمنی کی ڈیوٹیوں کا آغاز

(۲۹؍اگست ۲۰۲۶، مینڈک، جرمنی۔ عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) 

جماعت احمدیہ جرمنی کا پچاسواں جلسہ سالانہ جو ۴، ۵ اور ۶؍ستمبر بروز جمعہ ،ہفتہ، اتوار کومنعقد ہو رہا ہے کی تیاری کا کام سرزمین مینڈک پر یکم اگست سے شروع ہو گیا تھا۔ اس دوران جلسہ گاہ ، ضیافت، رات بسر کرنے کے لیے بڑے پنڈالوں کے علاوہ دیگر ضروریات کے لیے ۱۲۰ خیمہ جات لگائے گئے۔ شاہراہیں بنانے کے علاوہ پندرہ ہزار کاروں کی پارکنگ کے لیے مختلف میدانوں میں بلاکس وائز تقسیم ، لنگر خانہ کی تیاری ، پرائیوٹ خیمہ جات کے لیے باپردہ انتظام ،جگہ جگہ واش رومز کی تنصیب کے کام کو حتی الوسع ختم کر لیا گیا۔ جماعتوں میں یہ اطلاع بھجوادی گئی تھی کہ ۲۸؍ اگست بروز جمعہ تک جلسہ گاہ کا بیرونی ڈھانچہ کھڑا کر دیا جائے گا اور ۲۹؍ اگست بروز ہفتہ صبح دس بجے جلسہ گاہ کے اندرونی کام کا آغاز ہو گا۔ ہر شعبہ کے ناظم ، معاونین اور خدمت کے لیے وقف عارضی پر آنے والے احباب کے ہمراہ اپنے اپنے شعبہ کی تدوین کی ڈیوٹی کا آغاز کرنا ہے۔ 

چنانچہ ۲۹؍ اگست کو صبح سے ہی مسیح پاک اور خلافت کے عاشق جلسہ گاہ مینڈک پہنچنا شروع ہو گئے تھے جن کے لیے نظامت تیاری جلسہ سالانہ نے ناشتہ کا انتظام کر رکھا تھا۔ لوگوں کا خوش ہو کر ایک دوسرے سے گلے ملنے کا منظر زبان حال سے بتا رہا تھا کہ ان کا جلسہ سالانہ شروع ہو چکا ہے۔ ساڑھے دس بجے تک جب سب حاضر احباب ناشتہ سے فارغ ہو چکے تو آج کے لیے مخصوص دعائیہ تقریب کا آغاز اسلامی نعروں کے درمیان ہوا۔ اس مارکی کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ سٹیج پر لگائے جانے والے بڑے بینر پر موجود تصاویر ماضی کے چند جلسہ ہائے سالانہ کی یادوں کو دوہرا رہی تھیں۔ سٹیج کے دائیں اور بائیں طرف حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۸؍ جولائی ۲۰۲۵ء سے کارکنان کو کی جانے والی نصائح درج کی گئی تھیں۔ ساڑھے دس بجے تقریب کا آغاز مکرم شعیب عمر صاحب مربی سلسلہ و انچارج دفتر جلسہ سالانہ کی نظامت میں شروع ہوا۔ جنہوں نے مکرم عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب نیشنل امیر جماعت جرمنی، مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ انچارج ، مکرم عبدالعلیم صاحب افسر جلسہ سالانہ ، مکرم فرید احمد خالد صاحب افسر جلسہ گاہ و ممبران جلسہ سالانہ بورڈ کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جامعہ احمدیہ کے طالب علم عزیزم لقمان سوہل نے سورۃ البقرہ کی آیات ۱۲۶ تا ۱۲۹کی تلاوت اور اس کا جرمن اور اردو ترجمہ پیش کیا۔ جس کے بعد مکرم امیر صاحب جرمنی نے اپنی مختصر تقریر میں کہا کہ خیمہ بستی کو آباد دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ جلسہ شروع ہو چکا ہے۔ ان جلسوں نے جماعت کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جلسہ میں شرکت کرنے اور کام کرنے والے بہت کچھ سیکھ کر جاتے ہیں۔ اس حوالےسے آپ نے وقار عمل کی اہمیت بیان کی۔  مکرم امیر صاحب نے جلسہ کی کامیابی اور حضور انور کی صحت مندی کے لیے دعا کی یاد دھانی کروائی ۔ اس موقع پر بڑی دیر تک پورا پنڈال انی معک یا مسرور کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا۔ 

مکرم امیر صاحب کے بعد افسر صاحب جلسہ سالانہ نے اپنی مختصر تقریر میں کہا کہ آج جرمنی کے ہر کونے سے خدمت کرنے والے یہاں موجود ہیں۔ تین ہفتے سے یہاں مسلسل کام ہو رہا ہے۔ سب کارکنان کا خدمت کا ایک ہی مقصد خدا تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنا ہے۔ اس لیے کام کرتے وقت استغفار اور درود شریف کا ورد کرتے رہیں۔  بعد ازاں ناظم تیاری جلسہ سالانہ مکرم ندیم احمد صاحب نے چند ہدایات دیں ۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں جن کی تعداد ۷۰۰ سے زائد تھی ریفریشمنٹس پیش کی گئیں۔

انچارج صاحب دفتر افسر جلسہ سالانہ نے نمائندہ الفضل کو بتایا کہ اس بار کافی سسٹم ڈیجٹل کر دیے گئے ہیں۔ معزور افراد کا پارکنگ کارڈ آن لائن درخواست پر بذریعہ ڈاک ان کو بھجوایا جا رہا ہے۔ کار پارک میں ۳۰۰۰ کاروں کی گنجائش بڑھائی گئی ہے۔ اسی طرح پارکنگ کے اطراف میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ میں داخلہ کے لیے مزید ایک راستہ کھولا گیا۔

افسر صاحب جلسہ گاہ نے نمائندہ الفضل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جلسہ میں ہونے والی تقاریر کی آواز جلسہ گاہ کے ہر کونے تک پہنچانے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ مین جلسہ گاہ کے علاوہ بھی ایک خیمہ اور اوپن جگہ پر سکرین لگا کر جلسہ کی کارروائی دیکھنے اور سننے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چار دنوں میں پورے جلسہ گاہ کو تیار کرنا، کارپٹ ، کرسیاں بچھانا، بجلی ،لاؤڈ سپیکر ، سٹیج کی مکمل تیاری ہر سال کی طرح کارکنان چیلنج سمجھ کر قبول کرتے ہیں اور خدا کے فضل سے امسال بھی یہ کام بر وقت پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے۔ جوں جوں جلسہ کے دن قریب آرہے ہیں کارکنان کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جامعہ احمدیہ جرمنی کے طلبہ مسلسل کام میں مدد کر رہے ہیں۔ 

ریفریشمنٹس کے بعد ترتیب وار گروپس تصایور ہوئیں۔ جلسہ سالانہ بورڈ، ناظمین شعبہ جات ، طلبہ جامعہ احمدیہ ، وقف عارضی کے تحت کام کرنے والے اور آخر پر سب کارکنان جلسہ کی ایک اجتماعی تصویر امیر صاحب جرمنی کے ساتھ ہوئی  جس کے بعد تمام کارکنان اپنے اپنے شعبوں میں جا کر جلسہ کی تیاری کے کام میں مصروف ہو گئے۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button