مجلس انصار اللہ ناروے کے زیرانتظام تین روزہ تفریحی پروگرام
مجلس انصاراللہ ناروے کی جانب سے امسال انصار کے لیے تفریحی پروگرام ۲۱تا ۲۳؍اگست ۲۰۲۶ء Røn کے خوبصورت پہاڑی علاقہ میں منعقد ہوا۔ اوسلو سے تقریباً ۲۲۰؍کلومیٹر دور اس علاقہ میں ۱۰؍فارم ہاؤسز (Hytte) کرایہ پر لیے گئے۔ پروگرام کا مقصد انصار کو قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ باہمی محبت و اخوت اور جماعتی تعلق کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

۲۱؍اگست کو مسجد بیت النصر سے سہ پہر ساڑھے تین بجے مکرم صدر مجلس کی قیادت میں روانگی ہوئی۔ مکرم سید کمال یوسف صاحب سابق مبلغ انچارج سکینڈےنیویا نے دعا کروائی۔ سفر کے دوران بس میں کسوٹی کا پروگرام ہوا اور شام سات بجے قافلہ منزل پر پہنچا۔ بعد ازاں شام آٹھ بجے ’’Organ Donation‘‘ کے عنوان سے ہیلتھ سیمینار منعقد ہوا جس میں ماہرین نے اعضا عطیہ کرنے کی اہمیت، پیوندکاری اور ناروے میں اس کے طریقۂ کار کے بارے میں آگاہی دی اور سوالات کے جواب دیے۔
۲۲؍اگست کو نماز تہجد و فجر اور درس کے بعد علاقے کی سیر، ناشتہ اور نماز ظہر و عصر کے بعد پیدل سیر کا پروگرام ہوا۔ شرکاء نے قدرتی مناظر سے لطف اٹھایا اور بعض انصار نے شطرنج کے مقابلہ میں حصہ لیا۔ شام سات بجے تربیتی نشست منعقد ہوئی جس میں موجودہ تربیتی مسائل، ان کے اسباب اور حل پر گفتگو ہوئی۔ انصار نے اس نشست میں بھرپور شرکت کی۔

۲۳؍اگست کو نماز تہجد و فجر اور درس کے بعد احباب نے قریبی علاقہ کی سیر کی۔ نماز ظہر و عصر کے بعد تقریباً اڑھائی بجے اجتماعی دعا کے ساتھ واپسی ہوئی اور شام چھ بجے قافلہ خیریت سے مسجد بیت النصر، اوسلو پہنچ گیا۔
یہ پروگرام تفریح کے ساتھ تربیتی و صحت سے متعلق مفید سرگرمیوں اور باہمی محبت و اخوت کے فروغ کا ذریعہ بنا۔ اللہ تعالیٰ مجلس انصاراللہ ناروے کی ان کاوشوں میں برکت عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: میر عبد السلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: فجی کی مختلف جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرت النبیؐ کا بابرکت انعقاد




