لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ آئرلینڈ کا سترھواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ آئرلینڈ کا ۱۷واں سالانہ نیشنل اجتماع ’’اَلْحَیَاءُ مِنَ الْاِیْمَانِ‘‘ (حیا ایمان کا حصہ ہے) کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۰؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو Griffeen Valley Educate Together National School، ڈبلن میں منعقد ہوا۔

اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اجتماع کے موقع پر ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ بعد ازاں شعبہ تعلیم اور ناصرات الاحمدیہ کی سالانہ رپورٹس پیش کی گئیں۔
افتتاحی اجلاس کے بعد شاملین کو عمر کے لحاظ سے مختلف گروپس میں تقسیم کرکے علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ ان میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے منتخب خطبات جمعہ کی بنیاد پر کوئز، گروپ مباحثے اور مرکزی موضوع سے متعلق دیگر علمی سرگرمیاں شامل تھیں۔ لجنہ ممبرات اور ناصرات نے موضوع کی مناسبت سے ’آرٹ و کرافٹ‘ کے مقابلہ میں بھی حصہ لیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں خطوط لکھنے کے لیے ایک خصوصی کارنر بھی قائم کیا گیا۔
وقفۂ نماز و طعام کے دوران ناصرات کی طرف سے ’بیک سٹال‘ (Bake Stall)لگایا گیا جس میں مختلف بیکری اشیاء پیش کی گئیں۔ اجتماع کے دوران ’’Message of the Day‘‘ کے عنوان سے حضرت مسیح موعودؑ کی کتب سے منتخب اقتباسات پر مشتمل معلوماتی کوئز بھی منعقد ہوا۔ اس کا اہتمام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات کی روشنی میں جماعت احمدیہ آئرلینڈ کی مجلس شوریٰ کی سفارش کے مطابق کیا گیا تھا۔
دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مختلف مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ چونکہ اسی روز لجنہ اماء اللہ یوکے کا سالانہ اجتماع بھی منعقد ہو رہا تھا، اس لیے آئرلینڈ کی لجنہ ممبرات اور ناصرات کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لجنہ اماء اللہ یوکے سے براہ راست خطاب سننے کی بھی سعادت حاصل ہوئی۔
بعد ازاں مختلف مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
اجتماع میں آئرلینڈ بھر سے ۸۸؍لجنہ ممبرات، ۱۸؍ناصرات اور سات سال سے کم عمر ۱۱؍بچیوں نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ آئرلینڈ کو دینی و دنیاوی میدانوں میں ترقی کی توفیق عطا فرمائے اور انہیں اپنے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توقعات پر پورا اترنے والا بنائے۔ آمین
(رپورٹ:عطاء الرحمٰن خالد۔ مبلغ سلسلہ آئرلینڈ)
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا نیشنل اجتماع لجنہ اماءاللہ آئرلینڈ ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام
مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ آئر لینڈ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الحمد للہ، اللہ تعالیٰ آپ کو اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق عطا فرما رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو آپ سب کے لئے بے شمار برکات کا موجب بنائے۔
اجتماعات کا اصل مقصد اپنی روحانی اور اخلاقی حالت کا جائزہ لینا، دینی علم میں اضافہ کرنا اور اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنا ہے۔ اس لیے ہر احمدی خاتون اور بچی کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ نمازوں کی پابندی، تلاوتِ قرآن کریم، دعاؤں اور نیک اعمال میں ترقی کرے۔
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے کامیاب فرمائے اور آپ سب کو حقیقی معنوں میں اپنی اصلاح کرنے اور جماعت احمدیہ کی خدمت کرنے والی بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ جاپان کے اکیالیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ءکا کامیاب انعقاد



