جماعت احمدیہ جاپان کے اکیالیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ءکا کامیاب انعقاد
٭… جلسہ سالانہ میں تہجد، پنجوقتہ نمازوں، دروس، روحانی اور علمی موضوعات پر تقایر کا اہتمام
٭… ۳۵؍غیر ملکی اور ۱۰؍جاپانی مہمانان کے بشمول چھ ممالک کی نمائندگی میں ۲۱۴؍احباب کی شمولیت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جاپان کو اپنا ۴۱واں جلسہ سالانہ مورخہ ۳و۴؍مئی ۲۰۲۶ء کو مسجد بیت الاحد میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جاپان میں مجلس شوریٰ، جلسہ سالانہ اور ذیلی تنظیموں کا نظام ۱۹۸۱ء میں جاری ہوا۔ اس کے بعد بعض قدرتی آفات کے باعث التوا کے چند مواقع کے علاوہ ہر سال جلسہ سالانہ باقاعدگی سے منعقد ہوتا چلا آرہا ہے۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مکرم مبشر احمد زاہد صاحب کو افسر جلسہ سالانہ، مکرم حافظ امجد عارف صاحب کو افسر جلسہ گاہ اور مکرم نابغ محمود صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کو افسر خدمت خلق مقرر کیا گیا۔ مکرم انیس رئیس صاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج جاپان نے مکرم حزقیل احمد صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم مرزا حامد بیگ صاحب کو نائب افسران رابطہ مقرر کیا جبکہ خاکسار (مبلغ سلسلہ) کو نائب افسر جلسہ سالانہ کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔

مورخہ یکم مئی سے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ کینیڈا، جرمنی، امریکہ، انڈونیشیا، تائیوان اور پاکستان سے مہمانان تشریف لائے۔ جماعت انڈونیشیا سے ۱۵؍احباب و خواتین پر مشتمل وفد بھی شامل ہوا جس کا مسجد بیت الاحد میں استقبال کیا گیا۔
۳؍مئی کو دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد سہ پہر تین بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم نیشنل صدر و مبلغ انچارج صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم Tatsuhiko Miyamoto صاحب نے جاپان کا پرچم لہرایا۔ اس موقع پر نعرہ ہائے تکبیر اور دیگر نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ بعد ازاں مبلغ انچارج صاحب نے دعا کروائی۔
سہ پہر ساڑھے تین بجے تلاوت قرآن کریم سے جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس کا آغاز ہوا۔ مکرم صبور احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم، مکرم انیق احمد صاحب نے متلوّ آیات کا اردو ترجمہ اور مکرم مصور احمد صاحب نے جاپانی ترجمہ پیش کیا۔ مکرم عصمت اللہ صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا۔ اس کے بعد مبلغ انچارج صاحب نے سلام کو رواج دینے، مسکراتے ہوئے ایک دوسرے کا استقبال کرنے اور جلسہ سالانہ کی برکات سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ اس کے بعد مکرم محمد ابراہیم صاحب مبلغ سلسلہ نے جاپانی زبان میں ’’حضرت مسیح موعودؑ کی خدائی تائید و نصرت‘‘ کے موضوع پر اور مکرم حافظ امجد عارف صاحب نے اردو میں ’’خلافت احمدیہ کی برکت سے خوف کا امن میں بدلنا‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ مکرم ثمر علی صاحب نے جاپانی زبان میں حضرت مسیح موعودؑ کا اقتباس اور مکرم اسامہ تنویر صاحب نے انگریزی زبان میں جلسہ سالانہ کی برکات کے حوالہ سے اقتباسات پیش کیے۔

مکرم مظفر احمد قادیانی صاحب سیکرٹری ضیافت نے ’’مہمان نوازی، وصف انبیاء‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ مکرم مرزا حامد بیگ صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا جبکہ مکرم Ibrahim Okubo صاحب نے دعا کے حوالہ سے جاپانی زبان میں اقتباس پیش کیا۔ اجلاس کی آخری تقریر خاکسار نے ’’تیسری عالمگیر جنگ کے خدشات اور غلبۂ اسلام کی پیشگوئیاں‘‘ کے موضوع پر کی۔ آخر پر مکرم محمد صدیق بودھن صاحب نے اختتامی کلمات کہے۔ بعد ازاں نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں اور مہمانوں کی ضیافت کا انتظام کیا گیا۔
جلسہ سالانہ کا دوسرا دن: ۴؍مئی کو جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن ہوا۔ صبح سوا دس بجے تلاوت قرآن کریم سے باقاعدہ کارروائی کا آغاز ہوا۔ مکرم عبدالرؤوف آڈیو صاحب نے تلاوت قرآن کریم، مکرم فراز رفیق صاحب نے اردو ترجمہ اور عزیزم افروز احمد صاحب نے جاپانی ترجمہ پیش کیا۔ عزیزم سیّد یاسر جنود صاحب نے نظم پیش کی۔ بعد ازاں مکرم پروفیسر عطاء اللہ صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ مکرم حلیم احمد صاحب نے سنہالا زبان میں، مکرم ناصر عزیز قریشی صاحب نے اردو اور مکرم عبدالسلام صاحب نے جاپانی زبان میں حضرت مسیح موعودؑ کے اقتباسات پیش کیے۔ بعدازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں:’’آنحضور ﷺ بحیثیت انسانِ کامل‘‘ بزبان اردو از مکرم اطہر احمد ڈار صاحب۔ اسی موضوع پر مکرم احمد فتح الرحمٰن صاحب نے جاپانی میں تقریر کی۔ ایک نظم کے بعد ’’رُحَمَآءُ بَیۡنَہُمۡ‘‘ از مکرم منیر احمد صاحب، ’’جلسہ سالانہ کے مقاصد‘‘ از مکرم طلعت محمود صاحب اور ایک نظم کے بعد ’’انفاق فی سبیل اللہ کی برکات‘‘ از مکرم فرحت رفیق صاحب۔ نماز ظہر و عصر کے بعد یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
مختصر وقفہ اور طعام کے بعد دوپہر اڑھائی بجے اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم صلاح الدین صاحب نے تلاوت قرآن کریم، مکرم ناصر بشیر خاکی صاحب نے اردو ترجمہ اور عزیزم سیّد حماد احمد صاحب نے جاپانی ترجمہ پیش کیا۔ مکرم عدیل خان صاحب نے نظم پیش کی جبکہ عزیزم احمد رئیس نے جاپانی زبان میں حضرت مسیح موعودؑ کا اقتباس پیش کیا۔ مکرم حبیب الرحمٰن اورنب صاحب اور مکرم مشکوٰۃالحق شکیل صاحب نے بنگلہ زبان میں ترانہ پیش کیا۔
مکرم نابغ محمود صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’ہستی باری تعالیٰ کا ثبوت‘‘ اور مکرم حزقیل احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے جاپانی زبان میں ’’جلسہ سالانہ کی فیوض و برکات‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ مکرم طارق ظہور صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خدام، انصار اور اطفال کے ایک مشترکہ گروپ نے جماعت احمدیہ انڈونیشیا کے وفد کے لیے تشکر و محبت کے جذبات کا اظہار ترانے کی صورت میں کیا۔
آخر میں مکرم نیشنل صدر و مبلغ انچارج صاحب نے اختتامی کلمات میں جلسہ سالانہ کے کامیاب انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور تمام منتظمین اور کارکنان کی خدمات کو سراہا۔ حاضری کے اعداد و شمار بیان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ امسال مجموعی طور پر ۲۱۴؍افراد جلسہ سالانہ میں شامل ہوئے، جن میں ۳۵؍غیر ملکی اور ۱۰؍جاپانی مہمان بھی شامل تھے۔ اجتماعی دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ کی بابرکت کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔
پروگرام مستورات:جلسہ سالانہ کے پہلے روز شعبہ امور طالبات کے زیر اہتمام لجنہ و ناصرات کی تعلیم و تربیت کے حوالہ سے خصوصی پروگرام منعقد ہوا جس میں تبلیغ، تربیت اور طالبات کو درپیش مختلف مسائل پر مفید گفتگو اور تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اسی طرح اگلے روز ۴؍مئی کو صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ جاپان مکرمہ فوزیہ طلعت ڈار صاحبہ کی زیر صدارت مستورات کا اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرمہ فائزہ رئیس صاحبہ نے پیش کی جبکہ اردو اور جاپانی ترجمہ بالترتیب مکرمہ فائزہ رئیس صاحبہ اور مکرمہ ادینہ ظفر صاحبہ نے پیش کیا۔ پروگرام میں نظم، اقتباس اور تقاریر شامل تھیں۔ مکرمہ رحیمہ حزقیل صاحبہ نے ’’غیر اسلامی معاشرے میں بچوں کی اخلاقی تربیت‘‘، مکرمہ عائشہ بٹ صاحبہ نے جاپانی زبان میں ’’ہستی باری تعالیٰ‘‘ اور مکرمہ عظمیٰ وحید صاحبہ نے ’’اسلام امن کا مذہب ہے‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ اسی طرح اردو نظم اور اقتباسات بھی پیش کیے گئے۔ آخر پر صدر صاحبہ نے اختتامی کلمات کہے اور ناصرات نے ترانہ پیش کیا۔
(رپورٹ: دانیال داؤد۔ مبلغ سلسلہ جاپان)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے ۳۸ویں جلسہ سالانہ کا معائنہ انتظامات




