ڈنمارک کے شہر ’ناکسکو‘ میں منعقدہ Global Festival میں جماعتی وفد کی شرکت
ڈنمارک کے جزیرہ لولینڈ کے ایک شہر ’ناکسکو‘ میں مورخہ ۱۸؍تا۲۰؍ستمبر۲۰۲۶ء تین روزہ Global Festival منعقد ہوا جس میں مختلف ثقافتوں، قومیّتوں، روایات اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ فیسٹیول کا مقصد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور ثقافتی و سماجی تبادلے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ ان تین روزہ پروگراموں میں ڈینش احباب کے علاوہ انڈیا، امریکہ، بنگلہ دیش، بوسنیا، تنزانیہ، گھانا، کوسووو، کونگو، صومالیہ اور یوکرائین میں یہاں آباد لوگوں نے شرکت کی۔

پروگرام کا ایک اہم حصہ Religionernes Hjørne یعنی ’’مذاہب کارنر‘‘ تھا جہاں مختلف مذاہب اور مذہبی روایات کے تعارف اور ان کے بارے میں گفتگو کے لیے جگہ فراہم کی گئی تھی۔ مکرم نعمت اللہ بشارت صاحب مبلغ سلسلہ ناکسکو اور مقامی پادری جناب Kasper Høyer نے باہمی مشاورت سے اس پروگرام کے لیے لائحہ عمل تیار کیا۔ اس سلسلہ میں ناکسکو کے پروٹسٹنٹ چرچ کے پادری، . Nykøbing F کے کیتھولک چرچ کے پادری، کوپن ہیگن کے رومن چرچ کے پادری اور Næstved کے بوسنین امام کو شرکت کی دعوت دی گئی۔
’’مذاہب کارنر‘‘ کا پروگرام ۱۹؍ستمبر کو صبح ۱۰؍بجے سے دوپہر ۲؍بجے تک جاری رہا۔ اس دوران متعدد افراد کو مختلف مذاہب کے نمائندگان سے ملاقات اور گفتگو کا موقع ملا اور نمائندگان نے ان کے سوالات کے جواب دیے۔ نعمت اللہ بشارت صاحب نے دیگر مذہبی نمائندگان سے تعارف اور بالخصوص احمدیت کا تعارف کروایا اور ان کے سوالات کے جواب دیے۔
(رپورٹ: اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مرزا غلام قادر شہید آئی ٹی ریسرچ لیب اینڈ سینٹر (MGQS) نائیجیریا کی چوتھی گریجویشن تقریب




