افریقہ (رپورٹس)

مرزا غلام قادر شہید آئی ٹی ریسرچ لیب اینڈ سینٹر (MGQS) نائیجیریا کی چوتھی گریجویشن تقریب

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مرزا غلام قادر شہید آئی ٹی ریسرچ لیب اینڈ سینٹر (MGQS) نائیجیریا کے چوتھے بیچ کی گریجویشن تقریب مسجد طاہر اوجوکورو، لاگوس میں ۲۶؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو منعقد ہوئی۔ اس بیچ کی تکمیل کے ساتھ ادارے کے قیام سے اب تک فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی تعداد ۶۳؍ہو گئی ہے۔ الحمدللہ

تقریب کی صدارت نائب امیر برائے فنانس و ایڈمنسٹریشن مکرم الحاج مفضل بینکولے صاحب نے کی۔ مبلغ انچارج صاحب کی نمائندگی خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے کی جبکہ MGQS (مرکزیہ) کے انچارج مکرم عبدالودود صاحب نے آن لائن شرکت کی۔ تقریب میں نائب امیر برائے تبلیغ و تجنید ڈاکٹر عبد اللطیف بساری صاحب، جنرل سیکرٹری نائیجیریا مکرم الحاج عبد الجبار آیلاگبے صاحب، صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا مکرم الحافظ عبد الرؤف الاکا صاحب، قائم مقام صدر لجنہ اماء اللہ نائیجیریا مکرمہ حاجیہ ڈاکٹر رفعت عبدالسلام صاحبہ، فارغ التحصیل طلبہ کے والدین اور دیگر معزز مہمانان شامل تھے۔

تلاوت قرآن کریم اور عربی قصیدے کے بعد MGQS نائیجیریا کے Country Coordinator مکرم عبد الرقیب اکینےیمی صاحب نے رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق اب تک ۵۳؍طلبہ نے Software Engineering جبکہ ۱۰؍طلبہ نے Computer Engineering & Networking کی تعلیم مکمل کی ہے۔ چوتھے بیچ میں ۱۳؍طلبہ شامل تھے جن میں دس Software Engineering اور تین Computer Engineering & Networking کے طلبہ تھے۔ ان میں ۷؍طلبہ اور ۶؍طالبات شامل ہیں۔ آپ نے بتایا کہ ابتدائی تین بیچز میں خواتین کی تعداد ۷؍تھی جبکہ چوتھے بیچ میں چھ طالبات کی شرکت خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت کی نمایاں مثال ہے۔

Computer Engineering & Networking کے طلبہ نے اپنی تعلیم کے دوران ۲۰۲۵ء کے UTME امتحان کے لیے ۲۷۵؍لیپ ٹاپس پر مشتمل CBTسینٹر میں کمپیوٹرز کی مرمت، آپریٹنگ سسٹم کی تنصیب اور JAMB و WAEC کے CBT آپریشنز کے لیے نیٹ ورک انفراسٹرکچر کی تنصیب و انتظام میں عملی تجربہ حاصل کیا۔ اسی طرح JAMB Autobot Testing اور فرضی امتحانات میں بھی حصہ لیا۔ Software Development کے شعبے میں Rishtanata Management System کے لیے نکاح Application Module مکمل کیا گیا جبکہ دیگر ماڈیولز پر کام جاری ہے۔

اپنے پیغام میں نائب امیر صاحب برائے فنانس و ایڈمنسٹریشن نے مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا کی قیادت کو اس مفید پروگرام کے انعقاد پر سراہا۔

مکرم عبد الودود صاحب نے نائیجیریا کی ٹیم کی مستقل مزاجی کو سراہتے ہوئے فارغ التحصیل طلبہ کو اعلیٰ معیار کے حصول کے لیے مسلسل محنت کی تلقین کی۔ خاکسار نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ جہاں بھی کام کریں، اسلام احمدیت اور حضرت مسیح موعودؑ کے نمائندے ہونے کی حیثیت سے اپنے اخلاق و کردار کو بھی نمایاں رکھیں، جماعت اور خلیفۂ وقت سے مضبوط تعلق قائم رکھیں اور جماعت کی خدمت کرتے رہیں۔ نائب امیر برائے تبلیغ و تجنید، جنرل سیکرٹری اور صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا نے بھی طلبہ کو اخلاص، دیانتداری اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار قائم رکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو جماعت و انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کرنے کی تلقین کی۔ بعض سابقہ طلبہ کی جانب سے MGQS میں رضاکارانہ طور پر بطور ٹرینر خدمات انجام دینے کو بھی سراہا گیا۔

قائم مقام صدر لجنہ اماء اللہ نائیجیریا نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے مزید خواتین کو آئی ٹی کی تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ فارغ التحصیل طلبہ کے والدین نے MGQS اور جماعت کی جانب سے ان کے بچوں کو عملی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ بعض والدین نے بتایا کہ یہاں حاصل ہونے والی مہارتوں کے نتیجے میں ان کے بچوں کے لیے انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

آخر میں Country Coordinator نے MGQS کے ان رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جو بغیر کسی مالی منفعت کے طلبہ کی تربیت اور ادارے کے انتظامی امور میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

دوران پروگرام فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر MGQS نائیجیریا کی مزید ترقی و کامیابی اور فارغ التحصیل طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی گئی۔

MGQS کا مقصد احمدی مسلم نوجوانوں کو ایسے عملی ہنر سکھانا ہے جو دین، ملک اور بنی نوع انسان کی خدمت کے لیے مفید ہوں۔ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو اپنے مقصد کی تکمیل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کبابیر کے انتیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button