خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… پوپ نے گذشتہ روز ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں دعائیہ تقریب کے دوران کہا کہ حالیہ طبی معائنے کے دوران ڈاکٹروں نے میرے پھیپھڑے میں رسولی کی تشخیص کی ہے۔پوپ لیو کے مطابق رسولی کی تشخیص ابتدائی مرحلے میں ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے اسے نکالنے کے لیے طبی عمل تجویز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرجری آئندہ چند روز میں طے کی گئی ہے، اس موقع پر انہوں نے اپنے لیے دعائیں کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
٭… صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر بیان میں روس اور یوکرین سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل کی ہے تاہم اس کی مدت اور نفاذ کے طریقۂ کار کی تفصیلات نہیں بتائیں۔خبر رساں ادارے ایکسیوس سے گفتگو کرتے ہوئے ولادومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اگر روس توانائی کی تنصیبات پر حملے روکنے پر رضامند ہوتا ہے تو یوکرین بھی اس کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے اس معاملے پر اتفاق کیا ہے تو جنگ بندی کے آغاز کا وقت بتایا جائے، یوکرین اسے قبول کرے گا۔
٭… سوڈان کی انسانی حقوق کی تنظیم ایمرجنسی لائرز نے فضائی حملے میں ۷۲؍کان کنوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سوڈانی انسانی حقوق کی تنظیم ایمرجنسی لائرز نے بیان میں کہا ہے کہ فضائی حملے میں کان کنوں کی ہلاکت کا واقعہ سوڈان کے شمالی علاقے میں پیش آیا۔مذکورہ تنظیم نے حملے کا الزام مصری فضائیہ پر عائد کیا ہے۔دوسری جانب مصری فوج یا مصری وزارتِ خارجہ نے واقعے پر فوری طور پر کوئی موقف نہیں دیا ہے۔




