تازہ ترین: پاکستان اور ملیشیا کے احمدیوں کے لیے دعا کی تازہ تحریک
حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۶؍اکتوبر ۲۰۲۶ء میں پاکستان اور ملیشیا میں مقیم احمدیوں کے لیے دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا:
اس وقت میں پاکستان کے احمدیوں کے لیے بھی دعا کی دوبارہ یاد دہانی کروانا چاہتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے نام پر ظالم لوگ، اصل میں تو یہ دہشت گرد ہی ہیں، یا وہ لوگ جن کے اپنے ذاتی مفادات ہیں احمدیوں پر ظلم کی انتہا کر رہے ہیں۔ حکومتی اہلکار بھی بعض دفعہ ان کی پشت پناہی میں لگے ہوئے ہیں۔ مُلَّا کے خوف کی وجہ سے اسیران کی ضمانتیں نہیں ہوتیں یا جج ان کے حق میں فیصلہ کرنے سے ڈرتے ہیں۔ بعض جرأت والے افسران بھی ہیں اور منصف بھی ایسے ہیں جو کبھی کبھی جرأت دکھا بھی جاتے ہیں لیکن عموماً اسلام کے نام پر فسادیوں نے ملک میں ایک خوف کی فضا پیدا کی ہوئی ہے اور سب سرکاری مشینری ان سے ڈرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان شریروں اور فسادیوں کی پکڑ کے جلد سامان فرمائے۔ پاکستانی احمدیوں کو بھی چاہیے کہ ان دنوں میں درود، استغفار اور دعائیں جو میں نے بتائی تھیں ان پر خاص طور پر زور دیں۔ نفلوں پہ زور دیں اور ان ظالموں سے اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آنے کے لیے بہت زیادہ دعائیں کریں۔ اللہ تعالیٰ ان کو توفیق بھی دے۔
اسی طرح ملیشیا میں بھی جماعت کے خلاف کافی حالات خراب ہیں۔ وہاں بھی حکومت کے بعض ادارے احمدیوں پر سختیاں کر رہے ہیں۔ ہماری مسجدوں میں چھاپے مارے جاتے ہیں۔ بلاوجہ پکڑ دھکڑ بھی ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ملیشین احمدیوں کو بھی اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آمین۔
٭…٭…٭
