مجلس خدام الاحمدیہ جاپان کی بعض مساعی
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ جاپان کو گذشتہ سال کے دوران مختلف سرگرمیاں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ذیل میں ان سرگرمیوں کی مختصر رپورٹ پیش ہے۔
نیشنل اور مقامی اجتماعات کی تیاری
مجلس خدام الاحمدیہ کا نیا سال نومبر میں شروع ہوتا ہے اور سال کے آغاز ہی سے نیشنل اجتماع کی تیاریوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ امسال نصاب مرتب کرکے دونوں مقامی مجالس کو بھجوایا گیا۔ اس مرتبہ مقابلہ پیغام رسانی کا اضافہ کیا گیا جبکہ خدام کی دینی معلومات میں اضافے کے لیے اسلامی معلومات پر مشتمل تحریری کوئز بھی شامل کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس ناگویا کا مقامی اجتماع ۲۲؍اگست کو جبکہ مجلس ٹوکیو کا مقامی اجتماع ۲۳؍اگست کو منعقد ہوا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم، حفظ قرآن کریم، اذان، پیغام رسانی اور تقریر فی البدیہہ شامل تھے، جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں میوزیکل چیئرز، ۱۰۰؍میٹر دوڑ، بال تھرو اور فٹ سال کے مقابلے منعقد ہوئے۔
مقامی اجتماعات کے بعد نیشنل اجتماع کی تیاریوں کے سلسلے میں بینرز کی تیاری، انعامات کے انتظامات اور گوتینبامیں مہمانوں کی رجسٹریشن سمیت مختلف انتظامی امور انجام دیے گئے۔
سال بھر کی دینی و تربیتی سرگرمیاں
نیشنل اور مقامی اجتماعات کے علاوہ دونوں مقامی مجالس میں سال بھر وقار عمل، اجلاساتِ عام، کھیلوں کے پروگرام اور دیگر تنظیمی سرگرمیاں جاری رہیں۔

شعبۂ صحت جسمانی کے تحت خدام و اطفال کے لیے ناگویا سائنس میوزیم کے دورے کا بھی اہتمام کیا گیا جس کے ذریعے انہیں سائنسی علوم و معلومات حاصل کرنے اور ایک مفید اجتماعی سرگرمی میں حصہ لینے کا موقع ملا۔
تربیتی کلاسوں کا انعقاد
خدام و اطفال کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے موسم گرما کی تعطیلات میں ہفتہ وار تربیتی کلاسیں منعقد کی گئیں۔ ان میں قرآن کریم کا درست تلفظ، ترجمے کے ساتھ نماز اور بنیادی دینی معلومات سکھانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ سوال و جواب کی مجالس بھی منعقد ہوئیں جن میں خدام نے دینی مسائل اور روزمرہ زندگی سے متعلق سوالات پر تبادلۂ خیال کیا اور اپنے علم میں اضافے کا موقع پایا۔
اللہ تعالیٰ مجلس خدام الاحمدیہ جاپان کی تمام مساعی کو قبول فرمائے، ان سرگرمیوں کو خدام و اطفال کی دینی و اخلاقی تربیت کا مؤثر ذریعہ بنائے اور سب کو اپنی ذمہ داریاں اخلاص، محنت اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:دانیال داؤد۔ مبلغ سلسلہ جاپان)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ جرمنی کے گیارہ رکنی وفد کا گھانا کے تاریخی مقامات کا دورہ




