امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کی سابق چیف پراسیکیوٹر اور برطانیہ میں گیمبیا کی موجودہ ہائی کمشنر کی ملاقات
٭… اپنی زراعت میں ترقی لانے کی کوشش کریں اور دیکھیں کہ آپ کس قسم کی ایسی فصلیں اُگا سکتے ہیں کہ جو آپ کے لیے زرِمبادلہ لا سکیں اور جنہیں برآمد کیا جا سکے
٭…گو کہ آپ ایک چھوٹا سا ملک ہیں، مگر آپ بھی دنیا میں امن قائم کرنے یا کم از کم برّاعظم افریقہ میں قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں
مورخہ ۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء، بروز پیر، امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (International Criminal Court – ICC) کی سابق چیف پراسیکیوٹر اور برطانیہ میں گیمبیا کی موجودہ ہائی کمشنر محترمہ ڈاکٹر فاتو بنسودا (Fatou Bensouda) صاحبہ کو بالمشافہ شرفِ ملاقات حاصل ہوا۔ یہ بابرکت ملاقات اسلام آباد (ٹِلفورڈ) میں واقع حضورِ انور کے دفتر میں منعقد ہوئی۔
[قارئین کی معلومات کے لیے عرض ہے کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (International Criminal Court – ICC)، یعنی بین الاقوامی عدالتِ فوجداری، ایک مستقل اور آزاد بین الاقوامی عدالت ہے، جس کا قیام یکم جولائی ۲۰۰۲ء کو عمل میں آیا۔ اس کا صدر دفتر ہالینڈ کے شہر دِی ہیگ میں واقع ہے۔ یہ عدالت نسل کشی، جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور جارحیت کے جرم کے مرتکب افراد کے خلاف تحقیقات کرتی ہے اور ان کے مقدمات کی سماعت کرتی ہے۔ یہ اقوامِ متحدہ کا حصّہ نہیں ، بلکہ ایک آزاد عدالتی ادارہ ہے، تاہم اقوامِ متحدہ کے ساتھ اس کا باضابطہ تعلق اور تعاون موجود ہے۔ جبکہ انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (International Court of Justice – ICJ)، یعنی بین الاقوامی عدالتِ انصاف، اقوامِ متحدہ کا بنیادی عدالتی ادارہ ہے، جس کا صدر دفتر بھی نیدرلینڈز (ہالینڈ) کے شہر دِی ہیگ میں واقع ہے۔ یہ عدالت ممالک کے درمیان بین الاقوامی قانون کے تحت قانونی تنازعات کا فیصلہ کرتی ہے اور اقوامِ متحدہ کے مجاز اداروں اور خصوصی ایجنسیوں کو قانونی معاملات پر مشاورتی آراء بھی فراہم کرتی ہے۔]
اس ملاقات کے دوران عالمی اُمور، ترقی پذیر ممالک کی خودمختاری، زراعت کو جدید خطوط پر اُستوار کرنے اور عالمی امن کے قیام سمیت متعدد اہم موضوعات پر بصیرت افروز گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے آغاز میں حضورِ انور نے ترقی پذیر ممالک کو مغربی طاقتوں پر معاشی انحصار ختم کرنے، دیانت داری اپنانے اور قدرتی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لانے کی نصیحت فرمائی اور اس ضمن میں خودمختاری کی حقیقی اہمیت واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ جب تک آپ ان پر انحصار کرتے رہیں گے وہ ہمیشہ آپ کو بتدریج کمزور کرتے رہیں گے۔اس لیے خودمختار بننے کی کوشش کریں۔ محض یہ نہیں کہ آپ صرف ایک آزاد ملک ہیں۔ جب تک یہ تیسری دنیا کے ممالک، افریقی ممالک یا پاکستان جیسے ایشیائی اور دیگر ممالک یا دیگر حکومتیں قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے اور انہیں عوام کی فلاح کے لیے استعمال کرنے میں دیانت دار نہیں ہوتے اور اپنے ملک کی ترقی کے لیے مخلص نہیں ہوتے، تب تک یہ بڑے ممالک ہمیشہ آپ کو حقارت کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔ اب اگر آپ تمام ترقی پذیر ممالک، افریقی اور ایشیائی ممالک پر مشتمل ایک بلاک تشکیل دیں اور ان میں کافی تعداد میں مسلمان ممالک بھی آپ کے ساتھ شامل ہو جائیں، اور پھر ایک مضبوط بلاک تشکیل دیں تو میرے خیال میں چین یا کسی اَور بڑی طاقت کی مدد سے آپ باقاعدہ طور پر اپنی شناخت کو قائم کر سکیں گے۔ چنانچہ ہم بھی گیمبیا میں کچھ فلاحی کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس پر ڈاکٹر فاتو بنسودا صاحبہ نے اپنے ملک کی سابق وزیرِ انصاف کی حیثیت سے اپنے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے گیمبیا میں جماعتِ احمدیہ کی فلاحی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے جماعت کے ہسپتالوں، سکولوں اور ریڈیو کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے صدرِ مملکت اور گیمبیا کی عوام کی طرف سے اظہارِ تشکّر کرتے ہوئے عرض کیا کہ یہ بہت قابلِ ستائش ہے اور یہ کام کافی عرصے سے جاری ہے۔ یعنی جب سے مجھے یاد پڑتا ہے کیونکہ مَیں اپنے ملک کی وزیرِ انصاف بھی رہی ہوں، لہٰذا مَیں نے ان باتوں کا پہلے بھی تجربہ کیا ہوا ہے۔ لیکن ہم اس بات کو کافی سراہتے ہیں کہ گیمبیا میں جماعت احمدیہ مسلمہ نے بہت کام کیا ہے۔ وہاں ہسپتال ہے، سکول بھی ہیں، نیز کمیونیکیشن کے حوالے سے ریڈیو بھی ہے اور دیگر بہت سی چیزیں جو کہ ایک طویل عرصے سے وہاں موجود ہیں اور مَیں جانتی ہوں کہ آپ اب بھی گیمبیا کے لیے مزید بھی بہت کچھ کر رہے ہیں۔ لہٰذا مَیں صدرِ مملکت اور گیمبیا کی عوام کی طرف سے آپ کی معاونت پر اظہارِ تشکّر کرنا چاہتی ہوں۔
جماعتِ احمدیہ کی فلاحی خدمات کے اعتراف اور حکومتی تعاون کے ذکر پر حضورِ انور نے گیمبیا کی موجودہ حکومت کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ دراصل موجودہ حکومت ان منصوبوں کو چلانے اور کچھ مزید فلاحی کام کرنے کے لیے ہماری حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ لہٰذا مَیں آپ کی حکومت کا اور آپ کا شکرگزار ہوں کہ آپ ہماری مدد اور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور ہم سے تعاون کر رہے ہیں اور ملک کے لوگوں کے لیے کام کرنے کے مواقع مہیّا کررہے ہیں۔
اس پر ڈاکٹر صاحبہ نے ایک مرتبہ پھر جماعتِ احمدیہ کی خدمات پر اظہارِ تشکّر کرتے ہوئے عرض کیا کہ ہم انتہائی شکرگزار ہیں اور مَیں بس آپ کی تمام تر امداد کے لیے، جو آپ گیمبیا کو، بالخصوص گیمبیا کے لوگوں کو اور ان لوگوں کو دے رہے ہیں کہ جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اظہارِ تشکّر کرنا چاہتی ہوں۔
دورانِ گفتگو حضورِ انور نے گیمبیا کی معاشی صورتِ حال، قدرتی وسائل اور فی کس آمدنی میں اضافے کے امکانات کے بارے میں استفسار فرمایا کہ آیا ان کے پاس قدرتی وسائل کم ہیں اور معیشت کا دارومدار زیادہ تر زراعت پر ہے؟ اس پر ہائی کمشنر صاحبہ نے بتایا کہ ان کا ملک ماضی میں مونگ پھلی کی کاشت اور برآمد پر انحصار کرتا رہا ہے، جبکہ اب اس کی معیشت میں سیاحت کا کردار نمایاں ہے۔
اس ضمن میں حضورِ انور نے گیمبیا میں زرعی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اپنانے، برآمدی فصلوں کی کاشت پر توجہ دینے اور چاول کی بہتر اقسام تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ اپنی زراعت میں ترقی لانے کی کوشش کریں اور دیکھیں کہ آپ کس قسم کی ایسی فصلیں اُگا سکتے ہیں کہ جو آپ کے لیے زرِمبادلہ لا سکیں اور جنہیں برآمد کیا جا سکے۔ آپ کو روایتی کاشتکاری کے طریقے سے جدید کاشتکاری کے طریقے کی طرف آنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ میرا خیال ہے کہ آپ کا موسم کئی فصلوں کے لیے موزوں ہے اور آپ کے ملک میں چاول کی فصل بھی اُگتی ہے، وہاں دریا بھی ہیں، تو آپ آسانی سے چاول کی فصلیں اُگا سکتے ہیں۔ چاول کی اچھی اقسام تیار کرنے اور دیگر اشیاء بھی برآمد کرنے کی کوشش کریں، تاکہ آپ کسانوں کا معیار بلند کر سکیں۔ جب وہ تعلیم یافتہ ہوں گے، اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کا علم ہو گا، تو اس سے آپ کو اپنی زرعی پیداوار، اپنی آمدنی اور عوام کی زندگیوں کا معیار بلند کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
اسی طرح گفتگو کے ایک اور اہم مرحلے میں حضورِ انور نے افریقہ کے شورش زدہ علاقوں میں قیامِ امن کی ضرورت اور اس سلسلے میں افریقی یونین کے کردار کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ افریقی یونین کو مسلم ممالک، مثلاً ایتھوپیا اور سوڈان میں بھی امن کے قیام میں مدد کرنی چاہیے، کیونکہ وہاں امن کے حوالے سے مسائل ہیں اور وہاں کے لوگ بدحال ہیں۔
بعد ازاں حضورِ انور نے گیمبیا جیسے چھوٹے ملک کے لیے بھی عالمی اور علاقائی سطح پر امن کے قیام میں کردار ادا کرنے کی اہمیت واضح کرتے ہوئے نصیحت فرمائی کہ گو کہ آپ ایک چھوٹا سا ملک ہیں، مگر آپ بھی دنیا میں امن قائم کرنے یا کم از کم برّاعظم افریقہ میں قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر معزز مہمان کو حضورِ انور کے ساتھ از راہِ شفقت تصویر بنوانے کی بھی سعادت حاصل ہوئی۔
ملاقات کے بعد ڈاکٹر فاتو بنسودا صاحبہ نے اس بابرکت ملاقات کے حوالے سے اپنے تاثرات پیش کیے کہ یہ ایک انتہائی شاندار ملاقات تھی۔ حضورِ انور سے ملاقات اور ان سے اس قدر دانشورانہ گفتگو کر کے مجھے بہت خوشی ہوئی۔ ہم نے محض گیمبیا میں جماعت احمدیہ مسلمہ کے عظیم کاموں کے حوالے سے بات نہیں کی بلکہ ہم نے عالمی اُمور پر بھی بات کی، اور مجھے حضورِ انور کی طرف سے کچھ نصائح اور مشورے بھی عطا ہوئے۔ ایک بہت اہم بات جس کی طرف حضورِ انور نے توجہ دلائی، وہ ٹیکنالوجی تھی، کہ گیمبیا میں شعبۂ زراعت کو جدید ٹیکنالوجی سے بہت فائدہ حاصل ہو سکتا ہے اور حضورِ انور نے بتایا کہ ہم کس طرح اس پر کام کر سکتے ہیں اور میرے لیے یہ بہت ہی دلچسپ تھا اور یہ ایک ایسی بات تھی کہ جس پر مَیں ضرور کام کرنا چاہوں گی۔
اسی طرح انہوں نے جماعتِ احمدیہ کے آفاقی نعرے اور حضورِ انور کے پیغامِ امن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بیان کیا کہ حضورِ انور بار بار دنیا میں امن کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ اور میرا خیال ہے کہ آپ کا یقینِ محکم یا نظریہ، یعنی محبّت سب کے لیے اور نفرت کسی سے نہیں، ایک ایسا پیغام ہے کہ جس کی آج دنیا کو اشد ضرورت ہے۔ حضورِ انور کے تمام پیغامات بھی اسی تعلیم کی عکاسی کرتے ہیں کہ دنیا میں امن قائم کیا جائے، محبّت بانٹی جائے، ایک دوسرے کی مدد کی جائے، انسانی ہمدردی کے کاموں میں تعاون کیا جائے اور ایک دوسرے کا سہارا بنا جائے۔
٭…٭…٭



