اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ہائے ارتحال
نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش دو سانحہ ہائے ارتحال بھیجتے ہیں:
٭… بی اے ایم اے ستار صاحب ولد مرحوم بدرالدین صاحب مورخہ ۶؍اکتوبر ۲۰۲۶ء بروز منگل حرکت قلب بند ہونے کے باعث ۸۷؍سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
آپ کی نماز جنازہ ۷؍اکتوبر کو دارالتبلیغ، بخشی بازار، ڈھاکہ میں ادا کی گئی جس کی امامت مکرم عبدالاول خان چودھری صاحب امیر جماعت بنگلہ دیش نے کروائی۔ مرحوم کے آبائی علاقے رنگ پور میں تدفین عمل میں آئی۔
مرحوم پیدائشی احمدی تھے۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند اور دعا گو بزرگ تھے۔ آپ نے ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کیا تھا اور ڈپٹی کنٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ دوران ملازمت ملک کے مختلف علاقوں میں خدمات سرانجام دیں اور ہمیشہ امانت و دیانت کو ملحوظ رکھا۔
آپ کو راجشاہی جماعت کے صدر کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔ اس زمانے میں جماعت کی اپنی مسجد نہ ہونے کے باعث آپ کے گھر میں نماز جمعہ اور عیدین ادا کی جاتی تھیں۔ آپ ایسے مکانات حاصل کرنے کی کوشش کرتے جہاں نماز کا انتظام ہو سکے۔ چٹاگانگ میں قیام کے دوران مجلس خدام الاحمدیہ کے قائد کے طور پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔
مرحوم تبلیغ کا نہایت شوق رکھتے تھے اور غریبوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے حتی المقدور سب کی خدمت کرتے تھے۔ احمدیوں اور غیر احمدیوں دونوں کی مدد کرتے اور اپنے سرکاری عہدے کے جائز اختیارات استعمال کرتے ہوئے متعدد افراد کو ملازمتیں دلوائیں۔ مخالفت کے مواقع پر نہایت دلیری کا مظاہرہ کرتے اور سرکاری افسر ہونے کے باوجود مخالفت زدہ علاقوں میں جا کر احمدیوں کی مدد اور حوصلہ افزائی کرتے تھے۔
پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
٭… مریم خانم صاحبہ اہلیہ مرحوم جی ایم ابوسعید صاحب آف جماعت سندربان مورخہ ۲۱؍اکتوبر ۲۰۲۶ء بروز بدھ حرکت قلب بند ہونے کے باعث وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
مرحومہ کی نماز جنازہ اسی روز نماز عصر کے بعد سندربان مسجد میں ادا کی گئی جس کی امامت آپ کے بیٹے جی ایم سبیر احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ سندربان نے کروائی۔ بعد ازاں جماعتی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
آپ کے دوسرے بیٹے مکرم خالد حسین صاحب مبلغ سلسلہ اور تیسرے بیٹے جی ایم فیروز احمد صاحب بنگلہ دیش جماعت کے نیشنل سیکرٹری فنانس کے طور پر خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔
مرحومہ نے بیعت کر کے جماعت میں شمولیت اختیار کی تھی اور موصیہ تھیں۔ صوم و صلوٰۃ کی پابند اور مالی قربانی میں پیش پیش رہنے والی خاتون تھیں۔ مہمان نواز اور غریب پرور تھیں۔ خاوند کی وفات کے بعد نہایت صبر و تحمل سے بچوں کی پرورش کی، انہیں نمازوں کا پابند بنایا اور جماعتی پروگراموں میں شرکت کی ترغیب دیتی رہیں۔ واقفین زندگی کا خاص احترام کرتی تھیں۔
پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
٭…٭…٭
٭…رفیع رضا قریشی صاحب آف جماعت کرائیڈن، لندن تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے ماموں سید عبدالباسط رضوی صاحب ابن نواب سید مومن رضوی صاحب، آف کینیڈا مورخہ ۱۴؍اکتوبر۲۰۲۶ء کو بعمر ۸۴؍سال بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
آپ حضرت مولوی سید محمد رضوی صاحبؓ وکیل ہائی کورٹ آف حیدرآباد دکن، صحابی حضرت مسیح موعودؑ کے بڑے پوتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مرحوم موصی تھے۔ آپ کو جماعت احمدیہ کراچی میں خدمت دین کی توفیق ملی۔ آپ کی زندگی کا بیشتر عرصہ النور سوسائٹی کراچی سے وابستہ رہا۔ توکل علی اللہ پر یقین رکھتے تھے۔ عزیز رشتہ داروں کے لیے بہت ہمدرد تھے۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند نیز تہجد گزار تھے۔ چندے بھی باقاعدگی سے ادا کرتے تھے۔ خلافت سے بےانتہا محبت کرنے والے نیز اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے۔
پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو بیٹے، پانچ پوتے/پوتیاں ، تین بہنیں اور دیگر عزیز رشتہ دار یاد گار چھوڑے ہیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کے ساتھ مغفرت اور رحم کا سلوک فرماتے ہوئے انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ نیز پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کا حامی و ناصر ہو۔ آمین
٭…٭…٭



