امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ممبران مجلس خدام الاحمدیہ ومجلس اطفال الاحمدیہ اٹلی کی آن لائن ملاقات
اللہ تعالیٰ خوش ہو گاتو ہم بھی خوش ہو جائیں گے۔ بات یہ ہے کہ اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کرو۔ جب اللہ خوش ہوگا تو باقی تمہیں سب کچھ مل جائے گا
مورخہ ۸؍ نومبر ۲۰۲۶ء بروز اتوار امام جماعتِ احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ اٹلی سے تعلق رکھنے والے تقریباً ایک سو (۱۰۰) خدام اور اطفال کو آن لائن شرفِ ملاقات حاصل ہوا۔ خدام و اطفال اس بابرکت ملاقات میں شرکت کی غرض سے سان پیٹرو اِن کاسالے، بولونیا (San Pietro in Casale, Bologna) میں واقع بیت التوحید میں جمع ہوئے تھے، جبکہ حضورِ انور نے اسلام آباد (ٹِلفورڈ) سے آن لائن صدارت فرمائی۔
دورانِ ملاقات شاملینِ مجلس کو حضور انور کی خدمت میں متفرق سوالات پیش کرنے نیز ان کے جوابات کی روشنی میں حضورِانور کی زبانِ مبارک سے نہایت پُرمعارف، بصیرت افروز اور قیمتی نصائح پر مشتمل راہنمائی حاصل کرنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔
ایک خادم نے حضورِ انور کی خدمت میں یہ سوال کیا کہ اگر کوئی انسان خدا تعالیٰ کو پانے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق بھرپور کوشش کر رہا ہو، ہر ممکن طریقہ اختیار کر رہا ہو، لیکن اس کے باوجود اسے خدا تعالیٰ کے قرب کا کوئی خاص واضح نشان محسوس نہ ہو رہا ہو اور اس کیفیت کے نتیجے میں اس کی روح میں اضطراب پیدا ہونے لگے تو ایسے حالات میں وہ کس طرح ثابت قدم رہتے ہوئے خدا تعالیٰ کے قُرب کے حصول کی کوشش جاری رکھ سکتا ہے؟
اس پر حضورِ انور نے انسانی کوششوں کے محدود ہونے اور عبادت و اطاعت کے اعلیٰ معیاروں کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی جو شریعت کی کتاب ہے، وہ کہانیوں کی کتاب تو نہیں ہے، وہ تو احکامات ہیں کہ یہ کرو، یہ نہ کرو، یہ نیکیاں ہیں اور یہ بُرائیاں ہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بعض جگہ لکھا ہے کہ سات سو(۷۰۰) حکم ہیں، بعض جگہ لکھا ہے کہ بارہ سو(۱۲۰۰) حکم ہیں اور کسی جگہ لکھا ہے کہ پانچ سو (۵۰۰) حکم ہیں۔ تو جتنے بھی قرآنِ کریم کے احکام ہیں، تم تلاش کر سکتے ہو، وہ تلاش کرو اور پھر ان پر عمل کرنے کی کوشش کرو۔ پھر اللہ کو کہو کہ مَیں تو تیری ہر بات مانتا ہوں۔ نماز سنوار کے پڑھتے ہو؟ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہؓ جو آپؐ کی صحبت میں تھے ان کی نمازیں بھی بعض دفعہ ایسی ہوتی تھیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ دوبارہ پڑھو۔ تو ہم لوگ اتنی دُور بیٹھے ہیں، ہمیں کیا پتا کہ ہماری نمازیں اللہ کو پسند آئی بھی ہیں کہ نہیں۔ تم نے دل میں خیال ہی کر لیا کہ مَیں نے کوشش کی انتہا کر دی۔ اللہ تعالیٰ کا معیار تو بہت اُونچا ہے۔
پھر حضورِ انور نے عبادت کے معیار کو بلند کرنے، نماز اور نوافل کے اہتمام کے ساتھ سورۃ الفاتحہ کی آیتِ مبارکہ اِیَّاكَ نَعۡبُدُ وَ اِیَّاكَ نَسۡتَعِیۡنُ کو بار بار دُہرانے اور اس کےحقیقی مفہوم کوسمجھ کر اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ اب کہہ دینا کہ بس مَیں نے اللہ کو پالیا۔پانے کے لیے مَیں جو کر سکتا تھا، کر لیا، نہیں۔ ابھی تمہاری نمازوں کی عبادت کا معیار بھی وہ نہیں ہوا کہ جو اللہ چاہتا ہے۔پانچ نمازیں اچھی طرح پڑھنے کے بعد روزانہ دو نفل بھی پڑھو کہ اللہ تعالیٰ جس طرح چاہتا ہے، اس طرح عبادت کا مجھے حق ادا کرنے کی توفیق دے۔ اِیَّاكَ نَعۡبُدُ وَ اِیَّاكَ نَسۡتَعِیۡنُ کو بار بار دُہراؤ۔ اس کا ایک تو یہ مطلب ہے کہ تیری عبادت کرتے ہیں ،تیری مدد سے۔ اورایک یہ ہے کہ ہم تیری عبادت کرنا چاہتے ہیں، اس کے لیے ہماری مدد کر۔ تو اگر انسان جائزہ لے تو سمجھتا ہے کہ ہم چاہتے ہیں، لیکن ابھی تک ہم نے وہ حاصل تو کیا نہیںجو اللہ تعالیٰ چاہتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کیا چاہتا ہے، ہمیں تو نہیں پتا، اس لیے مسلسل کوشش ہے۔

بعدازاں حضورِ انور نے ایک بزرگ کے ایمان افروز واقعہ کی روشنی میں اللہ تعالیٰ سے مسلسل دعا کرتے رہنے، اس پر کامل توکّل رکھنے اور اس کے سوا کسی دوسرے دَر پر نہ جانے کی اہمیت کو اُجاگر فرمایا کہ اضطراب پیدا ہونے کی کیا ضرورت ہے؟ ایک بزرگ کسی چیز کو منوانے کے لیے تیس سال تک دعائیں کرتے رہے۔ اللہ تعالیٰ ان سے بات کرلیتا تھا، ان کو کہہ دیتا تھا کہ منظور نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود وہ مانگتے رہتے تھے۔ آخر ایک مُرید نے بھی ایک دن اللہ تعالیٰ کی آواز سُن لی۔ وہ اس وقت پاس بیٹھا تھا۔ اس نے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ نہیں ماننا تو پھر دعا کیوں کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ مَیں کہاں جاؤں۔ کوئی اور دَر ہے ہی نہیں! پھر اسی وقت آواز آئی کہ تمہاری جتنی دعائیں تھیں جو تم نے تیس سال سے کی تھیں اور مَیں منظور نہیں کر رہا تھا، وہ سب مَیں نے منظور کرلیں۔
اسی طرح حضورِ انور نے حضرت خلیفۃ المسیح الرّابع رحمہ اللہ تعالیٰ کا ایک روح پرور مصرعہ پیش فرمایا
مَیں تجھ سے نہ مانگوں تو نہ مانگوں گا کسی سے
نیز اس مصرعے کی روشنی میں حضورِ انور نے معیارِ عبادت بہتر بنانے اور روحانی حالت میں ترقی کے لیے تاکیدی نصیحت فرمائی کہ یہی ہم نے کرنا ہے، اگر اللہ سے نہیں مانگنا ، تو کس سے مانگیں گے؟ اس لیے اپنی عبادت کے معیار کے لیے بھی اللہ سے مانگیں۔ پھر قرآنِ شریف میں سے حکم تلاش کریں۔ پھر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتابیں پڑھیں۔ لٹریچر پڑھیں کہ جو آپ کی روحانی حالت کو بہتر کرنے والا ہو۔اور پھر اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔
اسی ضمن میں حضورِ انور نے مغربی معاشرے کی رنگینیوں اور ہر طرف پھیلے فتنوں سے بچنے کے لیے اِستغفار کرنے اور خدا تعالیٰ کو پانے کی حقیقی کوشش کرنے کی طرف توجہ دلائی کہ اٹلی میں رہتے ہو، یہاں سوقسم کی رنگینیاں ہیں۔ اِدھر سڑک پر جاؤ تو گند نظر آتا ہے۔ اُدھر سڑک پر جاؤ تو گند نظر آتا ہے۔ انٹرنیٹ پر نظر آتا ہے۔ سوشل میڈیا پر نظر آتا ہے۔ اشتہارات نظر آتے ہیں۔ ٹیلی ویژن پر دیکھو وہاں بھی نظر آ جاتے ہیں۔ ان سب سے بچنے کے لیے اِستغفار کرو۔آنکھیں بند کرو۔ پھر پتا لگے گا کہ خدا کو پانے کی جو کوشش مَیں کرتا ہوں وہ حقیقت میں کوشش ہے کہ نہیں؟
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے خدا تعالیٰ کا قُرب حاصل کرنے کے لیے غیر معمولی محنت، حقیقی اضطرار اور عاجزی کے ساتھ دعا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ یہ چھوٹی چیز نہیں ہے۔ اللہ کو پانا بڑا محنت والا کام ہے۔
حضور انور نے استفہامیہ انداز میں پوچھا کہ میٹرک کے امتحان میں محنت کی تھی؟تو جب دنیاوی امتحانوں کے لیے محنت کر کے وہ حاصل نہیں ہوتاتو اللہ کا ساتھ ملنے کا امتحان تو بہت بڑا ہے۔ اس لیے بہت محنت کی ضرورت ہے۔ تو اس لیے انسان یہ دعویٰ کر ہی نہیں سکتا کہ مَیں نے بہت محنت کی اور مجھے اضطراری کیفیت پیدا ہو گئی۔ اضطراری کیفیت کہاں سے پیدا ہوگئی؟ جب اضطراری کیفیت پیدا ہو تو پھر دعا کرو، سجدے میں جاؤ اور اللہ تعالیٰ سے رو رو کے دعا کرو کہ مَیں تجھ سے تجھے مانگتا ہوں، تو پھر اللہ تعالیٰ مدد کرتا ہے۔
ایک شریکِ مجلس نے حضورِ انور کی خدمت میں ایک نہایت جذباتی سوال پیش کیا کہ جب کوئی عزیز دنیا سے رخصت ہو جاتا ہےتو بعض اوقات انسان کو اس کی وفات کے صدمے سے بڑھ کر اس بات کا افسوس اور ندامت رہ جاتی ہے کہ وہ اس کی زندگی میں اپنے دل کی بعض باتیں نہ کہہ سکا یا آخری وقت میں اس سے ملاقات نہ کر سکا۔ ایسے احساسِ ندامت کے ساتھ انسان کس طرح زندگی گزار سکتا ہے؟
اس پر حضورِ انور نے احساسِ ندامت کے مداوے اور مرحومین کے ایصالِ ثواب کی خاطر دعا، صدقہ و خیرات اور نوافل کی ادائیگی کی بابت تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ ان کے نام پر صدقہ دو، چندہ دو، غریبوں کو دو اور ان کے لیے دو نفل پڑھا کرو اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کیا کرو۔ تو جو تم نے ان کی زندگی میں ان سے اچھا سلوک نہیں کیا ، یا ان کی باتیں نہیں مانیں یا ان کو اہمیت نہیں دی تو اس کا کچھ نہ کچھ مداوا ہو جاتا ہے۔
مزید برآں حضورِ انور نے مرحومین کی بلندیٔ درجات اور قلبی تشفی کے لیے اس اَمر پر زور دیا کہ دعا، صدقہ و خیرات کرو۔ فوت شدہ کے لیے دعا، صدقہ و خیرات کرنی چاہیے، اس سے اس کے درجات بھی بلند ہوتے ہیں اور دل کو تسلی بھی ہوتی ہے۔
ایک خادم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ اس کے مرحوم دادا جان اور والد صاحب دونوں کو اسیرانِ راہِ مولیٰ بننے کی سعادت نصیب ہوئی لیکن وہ خود اس سعادت سے محروم رہا ہے۔ اس نے سوال کیا کہ وہ کون ساعمل بجا لائے کہ جس کے نتیجے میں اسے بھی اس مقام کے ثواب سے حصّہ مل سکے؟
اس پر حضورِ انور نے پاکستان سے ہجرت کے پسِ منظر میں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کا احساس دلاتے ہوئے شکرگزاری کی تلقین فرمائی کہ تم اس لیے وہاں پاکستان سے دَوڑ کے آئے ہو کہ اسیر راہِ مولیٰ نہ بن سکو یا شہید نہ ہو سکو اور علاوہ اس کے کہ مالی حالات بہتر ہو جائیں۔ جن کی قربانی اللہ تعالیٰ نے لینی تھی، وہ لے لی اور ان کی قربانیوں کا پھل تم کھا رہے ہو کہ تمہیں اللہ تعالیٰ نے یہاں بھیج دیا، یہاں تمہارے حالات پاکستان سے بہتر ہیں۔ تو اللہ کا شکر ادا کرو۔ اللہ تعالیٰ سے خواہش نہیں کرنی چاہیے کہ مَیں ضرور جنگ کروں یا لڑوں یا شہید ہو جاؤں۔ ہاں! اگر کوئی ایسا موقع آئے تو پھر وہاں بزدلی نہیں دکھانی چاہیے، یہی حدیث میں آیا ہے، آدمی پھر بزدل نہ بنے۔
پھر حضورِ انور نے معیارِ عبادت کو بلند کرنے، نوافل، تلاوتِ قرآنِ کریم اور جماعتی لٹریچر کے مطالعے کے ذریعے اپنی روحانی حالت بہتر بنانے اور تبلیغِ اسلام کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ یہاں آ کے اللہ تعالیٰ نے موقع دیا کہ یہاں تبلیغ کرو۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا حق ادا کرو۔ اس کی عبادت کا حق ادا کرو۔پانچ نمازیں اچھے طریقے سے پڑھو۔ سنوار کے پڑھو۔ یہ نہیں کہ پانچ نمازوں میں کُل وقت تمہارا پچیس منٹ یا آدھا گھنٹہ لگا، نہیں! بلکہ ایک ایک نماز میں آدھا آدھا گھنٹہ لگاؤ پھر پتا لگے گا کہ نمازیں صحیح پڑھی ہیں کہ نہیں۔پھر نفل پڑھو۔ پھر قرآنِ کریم پڑھو۔ جماعت کا لٹریچر پڑھو۔ اسلام کے متعلق معلومات پڑھو اور پھر اسلام کی تبلیغ کروتوتمہیں ان کی قربانیوں کا یہ درجہ مل جائے گا۔
اسی ضمن میں حضورِ انور نے ایک حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں ہر شخص کے اپنے دائرۂ عمل میں مفوّضہ فرائض کی کماحقہٗ بجا آوری کے ذریعے قربانیوں کے ثواب میں حصّہ پانے کی وضاحت فرمائی کہ جب ایک عورت نے سوال کیا تھا کہ مرد جہاد پر جاتے ہیں اور اسلام کی خاطر قربانیاں کرتے ہیں اور عورتیں گھر میں بیٹھی رہتی ہیں تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کو بھی فرمایا تھا کہ تم خاوند کے حق ادا کر رہی ہو، اس کے گھر کو سنبھال رہی ہو، اس کے بچوں کی پرورش کر رہی ہو اور نیک کام کر رہی ہو تو تمہیں بھی اتنا ہی ثواب مل جاتا ہے۔ تو اللہ تعالیٰ ہر ایک کو تو نہ شہید بناتا ہے، نہ سب اسیرِ راہِ مولیٰ ہو سکتے ہیں۔ وہ تو بعض لوگ ہوتے ہیں۔ اور ان کی قربانیاں جو ہیں وہ ہمیں بتانے کے لیے ایک نمونہ ہوتی ہیں کہ ہم ان کی قربانیوں کو honour کرتے ہوئے اپنا جو ہمارا فرض ہے، وہ ادا کریں۔
جواب کےآخر میں حضورِ انور نے شہادت کے حقیقی مفہوم کو واضح کرتے ہوئے مغربی ممالک میں اسلام اور احمدیت کا صحیح پیغام پہنچانے اور لوگوں کے دلوں سے اسلام کےخلاف پائی جانے والی نفرت اور اِنقباض دُور کرنے کو موجودہ دَور کی سب سے بڑی خدمت اور قربانی قرار دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ جہاں اب اللہ تعالیٰ نے تمہیں رکھا ہوا ہے، اس میں یہی ہے کہ دین سیکھو اور دین کی تبلیغ کرو۔ یہ اس طرح ہی ہے کہ جس طرح تم نے اسیری کے دن گزارے یا شہادت کے دن گزارے۔ شہادت صرف مرنا نہیں ہے بلکہ شہادت گواہی دینا بھی ہے کہ خدا تعالیٰ سچا ہے اور میری جماعت سچی ہے اور میں اس کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں اور اس قربانی کے لیے جومَیں قدم اُٹھاتا ہوں، وہ یہ ہے کہ مَیں اسلام کا پیغام ان ملکوں میں پہنچاؤں کہ جہاں عملاً اکثریت میں اسلام کے بارے باتیں سننے سے اِنقباض پایا جاتا ہے، بلکہ بعض لوگوں میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا ہو جاتی ہے تو اس کو مَیں نے دُور کرنا ہے۔ یہی تمہاری خدمت ہے کہ جو تم اسلام اور احمدیت کی خاطرکر سکتے ہو۔
ایک خادم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ بعض اوقات انسان تنہائی میں بیٹھے بیٹھے گہری سوچ اور خشوع کی کیفیت میں اللہ تعالیٰ سے دل ہی دل میں باتیں کرنے لگتا ہے یہاں تک کہ آنکھوں سے آنسو جاری ہو جاتے ہیںلیکن کچھ دیر بعد وہ کیفیت باقی نہیں رہتی۔ تو کیا اس طرح دل ہی دل میں اللہ تعالیٰ سے کی جانے والی باتیں بھی دعا کا درجہ رکھتی ہیں یا دعا کے لیے باقاعدہ نیّت کے ساتھ ہاتھ اُٹھانا یا سجدے میں جانا ضروری ہے؟
اس پر حضورِ انور نے فرمایا کہ اللہ میاں سے جو باتیں انسان کرتا ہے وہ بھی دعا ہی ہیں۔ نیک نیتی سے کی ہوئی باتیں دعائیں ہی ہیں اور دل میں تو جذبات پیدا ہوتے ہیں، اللہ تعالیٰ کا خوف دل میں پیدا ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ کی طاقتوں کا اِدراک دل میں پیدا ہوتا ہے کہ ہاں! اللہ تعالیٰ سب طاقتوں کا مالک ہے، میری باتیں سُن رہا ہے اور میرے کام سنوارنے والا ہے اور مَیں اس سے مانگ رہا ہوں تو وہ دعا ہی ہے۔
پھر حضورِ انور نے اس روحانی کیفیت کو قائم رکھنے اور اس کے تسلسل کے لیے دعا کرنے کی تلقین فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ تو اس طرح کی حالت جاری رکھنے کے لیے اللہ تعالیٰ سے بھی دعا کرو کہ میری یہ حالت قائم رہے اور مجھے اکثر موقع ملتا رہے کہ مَیں ایسی حالت میں اللہ سے دعا کروں۔
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے نمازوں کے دوران بالخصوص سجدوں میں گڑگڑا کر دعا کرنے اور خدا تعالیٰ کا خوف اور محبّت ہمیشہ دل میں بسانے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ پھر جس طرح کہ پہلے مَیں نے اس کو کہا تھا کہ نماز میں سجدوں میں رو کے دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ مجھے ایسی حالت میں ہر وقت رکھے کہ جہاں مَیں خدا تعالیٰ کا خوف دل میں رکھوں اور اس کی محبّت دل میں رکھوں اور اس سے ہمیشہ مانگتا رہوں۔
ایک خادم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ پیارے حضور! ۲۰۱۰ء میں اٹلی کو یہ سعادت نصیب ہوئی کہ حضورِ انور اس ملک میں رونق افروز ہوئے۔ آپ کو اٹلی کیسا لگا اور کیا آپ اٹلی کی جماعت سے خوش ہیں؟
اس پر حضورِ انور نے فرمایا کہ اٹلی کی اس وقت چھوٹی سی جماعت تھی۔ اب بڑی جماعت ہو گئی ہے۔اب تم لوگوں کو چاہیے کہ جو بڑی جماعت ہو گئی ہے تو اچھے نمونے قائم کرو اور اپنی جماعت کو ایک مثالی جماعت بناؤ۔ یہاں کے لوکل لوگوں کو تبلیغ کرو، مزید احمدی اور مسلمان بناؤتا کہ جماعت پھیلے۔ پھر جماعت کوestablishکرو، وہاں مسجدیں بناؤ اور نیک کام کرو، نیکیوں میں آگے بڑھنے کی کوشش کروجس سے اللہ تعالیٰ خوش ہوتا ہے۔
حضورِ انور نے اللہ تعالیٰ کی رضا کو حقیقی کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے تمام تر توجہ اسی کو راضی کرنے کی کوشش پر مرکوز رکھنے کی تلقین فرمائی کہ اللہ تعالیٰ خوش ہو گاتو ہم بھی خوش ہو جائیں گے۔ بات یہ ہے کہ اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کرو۔ جب اللہ خوش ہوگا تو باقی تمہیں سب کچھ مل جائے گا۔
ایک شریکِ مجلس نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں ایک سوال کیا کہ دنیا میں بعض اوقات معصوم بچے بھی ظلم و زیادتی کا شکار ہوتے ہیں اور ظالموں کو بعض دفعہ طویل عرصے تک مہلت دی جاتی ہے۔ ایسے واقعات کے پسِ منظر میں ہمیں اللہ تعالیٰ کی حکمت اور عدل کو کس طرح سمجھنا چاہیے؟
اس پر حضورِ انور نے اللہ تعالیٰ کی صفتِ مالکیت، دنیاوی زندگی کی عارضی حیثیت اور اُخروی زندگی کی دائمی حقیقت کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ تو مالک ہے۔ اللہ تعالیٰ کا عدل جو ہے وہ انسانوں والا عدل نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ مالک ہے اور انسان کو اللہ تعالیٰ نے جب پیدا کیا ہےتو اس کو کھلی اجازت دے دی کہ یہ اچھے کام ہیں اور یہ بُرے کام ہیں، تم نیک کام کرو گے تو تمہیں اللہ تعالیٰ اس دنیا میں بھی reward دے گا اور اگر یہاں نہیں تو جنّت میں reward دے گا۔ جو آخری زندگی انسان کی ہے، جو لمبی زندگی ہے، وہ تو مرنے کے بعد کی زندگی ہے۔یہ دنیا کی زندگی تو اسّی سال، نوّے سال ہے یا زیادہ سے زیادہ کسی کی سو سال ہو جائے گی، تو اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ اُخروی زندگی کی کوشش کرو۔ اور اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ بعضوں کو مَیں اس دنیا میں چھوٹی عمر میں وفات دے دیتا ہوں، بعضوں کو جوانی کی عمر میں اور بعضوں کو بڑی عمر میں۔ بعضوں کو اتنی لمبی عمر دیتا ہوں کہ ان میں پھر یادداشتیں بھی ختم ہو جاتی ہیں اور وہ بچوں والی باتیں دوبارہ بُوڑھے ہو کے بُڑھاپے میں کرنے لگ جاتے ہیں۔ ایسے بُوڑھے ہوتے ہیں کہ جن کی یادداشتیں ختم ہو جاتی ہیں۔
اسی ضمن میں حضورِ انور نے صحت مند اور فعّال زندگی کے لیے دعا کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ تو اللہ تعالیٰ سے ایک تو یہ دعا اپنے لیے بھی مانگنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ایسی عمر دے، کہ ہمارے ہوش و حواس قائم رہیں اور ساری صلاحیتیں جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں دی ہوئی ہیں، وہ قائم رہیں اور فعّال زندگی ہو۔
مزید برآں حضورِ انور نے دنیا میں ہونے والے مظالم، ظالموں کی جواب دہی اور مظلوم بچوں اور صابر والدین کے اَجر کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ دوسرا سوال یہ ہے کہ ظالم جو ہیں، بچوں کو مارتے ہیں، فلسطین میں جس طرح ظلم ہوا اَور ہزاروں بچے مارے گئے، معصوم عورتیں ماری گئیں، اسی طرح سوڈان میں مسلمان مسلمانوں کو مار رہے ہیں، ایتھوپیا میں مار رہے ہیں، وہاں بچے بھی مر رہے ہیں، پھر بھوک سے مر رہے ہیں، وہاں کھانا نہیں جانے دیتے، تو مسلمان ملکوں کا یہ حال ہے۔ تو جب یہ ظلم انسان کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ مَیں ان ظالموں کو سزا دوں گا، اس دنیا میں دے یا اگلے جہان میں دے۔ جہنّم اللہ تعالیٰ نے جو رکھی ہے، وہ اسی لیے رکھی ہے کہ یہ لوگ جو ان بچوں پر ظلم کرنے والے ہیں، ان کو سزا دے۔ اب ان بچوں کو تو اللہ تعالیٰ نے جنّت میں پہنچا دیا، وہ تو وہاں موج کر رہے ہیں اور ان کے والدین کو سکون مل جاتا ہے اور دیکھو! فلسطین کے بہت سارے لوگ ہیں کہ جن کے بچے بھی شہید ہوئے اور پھر عورتیں بھی شہید ہوئیں، وہ لوگ مرد یا عورتیں یہی کہتے ہیں کہ ہم اللہ کی رضا پر راضی ہیں۔ اور جب یہ صبر کا نمونہ دکھائیں تو اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ مَیں تمہیں جزا دیتا ہوں، reward دیتا ہوں۔ تو یہ ظالموں کی سزا اللہ تعالیٰ نے دو جگہ رکھی ہے، ایک اس دنیا میں، ایک اگلے جہان میں۔ اللہ تعالیٰ بڑے واضح طور پر یہ فرماتا ہے کہ مَیں بعضوں کو اس دنیا میں سزا دے دیتا ہوں اور اگر سزا یہاں نہ دوں ، تو اگلے جہان میں سزا ملے گی، ضرور ملے گی۔
اسی ضمن میں حضورِ انور نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے جنگوں کے دوران دیے گئے منصفانہ احکامات کی روشنی میں اسلام کی حقیقی تعلیم اور بعض مسلم ممالک کے موجودہ طرزِ عمل کے فرق کو واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ تو اس لیے اسلام کی تعلیم یہی ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جب جنگوں کے لیے بھیجتے تھے تو آپؐ بڑا واضح طور پر فرماتے تھے کہ کسی بچے کو قتل نہیں کرنا، کسی عورت کو نہیں مارنا، کسی ایسے شخص کو نہیں مارنا کہ جو جنگ میں تمہارے ساتھ حصّہ نہیں لے رہا، چرچ کے لوگوں کو نہیں مارنا، جو بڑے بڑے دینی عالِم ہیں، اگر وہ تمہارے سے جنگ نہیں کر رہے، تو ان کو نہیں مارنا۔ تو اسلام کی تعلیم تو یہ ہے۔ اب اسلام کی تعلیم کے خلاف مسلمان ملکوں میں بھی یہی کچھ ہو رہا ہے، تو جو یہودی ہمارے ساتھ کر رہے ہیں یا عیسائی کر رہے ہیں، تو اس کے اُوپر کیا شکوہ کرنا ہے؟ پہلے اپنے ان ملکوں کو تو سنبھالو کہ جو اسلام کا نام لے کے اس قسم کی حرکتیں کر رہے ہیں۔ تو بہرحال اگر بچوں پر ظلم ہوتا ہے، تو بچوں کو تو اللہ تعالیٰ جنّت میں لے جاتا ہے، وہ تو بخشے گئے۔ لیکن جو ظلم کرنے والے ہیں، ان کو اللہ تعالیٰ سزا دے گا اور جہنّم میں ڈالے گا۔ یہی اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے۔
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے قانونِ قدرت کے جاری ہونے اور اللہ تعالیٰ کی مطلق مالکیت کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ بھی فرما دیا کہ کوئی لمبی عمر پاتے ہیں، کوئی چھوٹی عمر پاتے ہیں، اس لیے یہ کہنا کہ جو چھوٹی عمر میں فوت ہو گئے تو وہ کوئی ظلم ہو گیا اور اللہ تعالیٰ کا عدل کام نہیں کر رہا؟ اللہ تعالیٰ مالک ہے اور وہ انسانوں کے عمل کے نتائج نکالتا ہے۔ اگر انسان ایک عمل کر رہا ہے، مثلاً اگر تم کسی کو دل میں گولی مارو اور وہ مر جاتا ہے، تو اس کا قدرتی طور پر یہی نتیجہ نکلے گا۔ گولی کا نتیجہ یہی نکلنا تھا۔ اب یہ کہنا کہ مَیں نے تو گولی مار دی لیکن وہ بندہ معصوم تھا اس لیے اللہ تعالیٰ کا عدل یہ ہے کہ اس کو بچا لے۔ اللہ تعالیٰ اس کو تو نہیں بچائے گا۔ وہ تو قانونِ قدرت کے تحت مر جائے گا لیکن اللہ میاں تمہیں جہنّم میں ڈال دے گا۔ تو یہ تو اللہ کے اپنے قانون چلتے ہیں، وہ مالک ہے۔ تو عدل کے مضمون کی بجائے اس کی مالکیت سامنے رکھنی چاہیے۔
ایک خادم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں یہ سوال کیا کہ بعض اوقات ایک احمدی جماعت کی خدمت میں اس قدر مصروف ہو جاتا ہے کہ اپنی روحانی نشوونما اور اللہ تعالیٰ سے اپنے ذاتی تعلق کو مضبوط بنانے کی طرف توجہ نہیں دے پاتا۔ ایسی صورتِ حال میں ان دونوں پہلوؤں کے درمیان کس طرح توازن قائم رکھا جا سکتا ہے، نیز کیا ایسی خدمت اللہ تعالیٰ کی نظر میں مقبول اور موجبِ اجر ہوتی ہے؟
اس پر حضورِ انور نے صحابہ کرامؓ کے اعلیٰ نمونوں کی روشنی میں جماعتی خدمت اور عبادتِ الٰہی کے درمیان توازن کی اہمیت واضح کرتے ہوئے ارشادفرمایا کہ سوال یہ ہے کہ وہ خدمت کیا ہوئی کہ جس میں اللہ بھول گیا؟ صحابہؓ کے ہم نمونے پیش کرتے ہیں تو صحابہؓ اپنی نمازوں میں کوتاہی کرتے تھے؟ صحابہؓ نے جہاد میں کوتاہی کی؟ وہ جماعتی کام بھی کرتے تھے، گھروں کے کام بھی کرتے تھے اور عبادت بھی کرتے تھے۔ جماعتی خدمت تو اس وقت یہی تھی کہ تبلیغ بھی کرتے تھے، جہاد پر جاتے تھے، تو وہاں بھی نمازیں پڑھتے تھے۔ اللہ سے تعلق تو نہیں کم کیا۔
اس کے بعد حضورِ انور نے جماعتی خدمات میں برکت کے حصول کے لیے فرض نمازوں کی پابندی، نوافل کی ادائیگی اور ذکرِ الٰہی و دعا کی طرف توجہ دلاتے ہوئے خصوصاً جلسہ جات کے دوران ڈیوٹیاں انجام دینے والوں کی بابت نصیحت فرمائی کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ جماعتی خدمت میں برکت اسی وقت پڑتی ہے کہ جب اللہ تعالیٰ کا فضل ہو۔اور اللہ تعالیٰ کا فضل مانگنے کے لیے ہمیشہ انسان کو جہاں پانچ وقت فرض نمازیں وقت پر پڑھنی چاہئیں وہاں جماعت کی خدمت کے لیے دو نفل بھی پڑھنے چاہئیں تاکہ اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالے۔ یہ کہہ دینا کہ مَیں جماعتی خدمت کر رہا ہوں اس لیے مَیں نے بڑا اعلیٰ کام کر لیا اور مجھے اب کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے، یہ غلط ہے۔ اس لیے مَیں بار بار جلسے کے دنوں میں بھی، جلسہ پر ڈیوٹی دینے والے ہوتے ہیں، انہیں یہی کہتا ہوں کہ تمہارا جلسے کی ڈیوٹیاں دینا بہت اچھا کام ہے جو تم کر رہے ہو لیکن اس کے ساتھ تمہیں نمازیں بھی وقت پر ادا کرنی چاہئیں اور اس کے علاوہ ذکرِ الٰہی کرتے رہنا چاہیے اور دعا کرتے رہنا چاہیے تاکہ اللہ تعالیٰ تمہارے کام میں برکت ڈالے۔
مزید برآں حضورِ انور نے دعا کو دینی زندگی اور خدمتِ دین کی بنیاد قرار دیتے ہوئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیمات کی روشنی میں اس کی اہمیت واضح فرمائی کہ دعا کے بغیر ہمارے کام نہیں ہو سکتے۔ تو اگر دعا نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے۔ پھر یہ کہنا کہ مَیں دین کی خدمت کر رہا ہوں تو وہ دین کی خدمت کیا ہوئی؟ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس دین میں دعا نہیں وہ دین نہیں۔ اس بارے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے کافی تشریح فرمائی ہے۔ اس لیے تمہاری دین کی خدمت اسی وقت مقبول ہے کہ جب اللہ تعالیٰ کا فضل شامل ِحال رکھنے کے لیے دعاؤں کی طرف بھی توجہ ہو، اپنی روحانیت کی طرف بھی توجہ ہو۔
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی بعثت کے دو بنیادی مقاصد کی روشنی میں خدمتِ دین کا حقیقی معیار واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ہم احمدی کہلاتے ہیں تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام دو مقصد لے کے آئے تھے۔ ایک بندے کو خدا سے ملانا۔ایک انسانیت کی خدمت کرنا۔ اور دین کی خدمت کیا ہے؟ اس میں انسانیت کی خدمت بھی ہے اور اس میں تبلیغ بھی ہے۔ اب اگر آپ کسی کو تبلیغ کر رہے ہیں کہ جی! مَیں دین کی خدمت کر رہا ہوں اور دعا نہیں کر رہے، نمازیں نہیں پڑھ رہے یا اس تبلیغ کے دوران دُرود شریف نہیں پڑھ رہے، ذکرِ الٰہی نہیں کر رہے، تو وہ دین کی خدمت ہی نہیں ہے۔ اس کو دل میں آپ سمجھتے ہیں کہ وہ دین کی خدمت ہے، اللہ کی نظر میں وہ دین کی خدمت نہیں ہے، اگر اس میں ذکرِ الٰہی نہیں اور دعائیں نہیں۔
ایک خادم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں راہنمائی کی عاجزانہ درخواست کی کہ بعض واقفینِ نَو کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ وہ مربی بن کر دین کی خدمت کریں، لیکن پاکستان سے باہر آنے کے بعد عمر یا دیگر قانونی و دستاویزی مسائل کے باعث جامعہ احمدیہ میں داخلہ نہیں لے پاتے، تو ایسی صورتِ حال میں وہ اپنی اس دیرینہ خواہش اور وقف کے جذبے کو زندہ رکھتے ہوئے عملی طور پر اپنے وقف سے کس طرح وفا کرسکتے ہیں؟
اس پر حضورِ انور نے جامعہ احمدیہ میں باقاعدہ تعلیم حاصل نہ کر سکنے کے باوجود بھی خدمتِ دین کے وسیع امکانات کے بارے میں از راہِ شفقت راہنمائی عطا فرمائی کہ جامعہ میں نہیں پڑھے، تو پھر کیا ہو گیا، ویسے خدمت کرو۔ مَیں کون سا جامعہ میں پڑھا ہوا ہوں۔وقف کر کے بھی آدمی خدمت کرسکتا ہے۔ دنیا میں رہتے ہوئے بھی دینی علم بڑھاؤ، اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا کرو، تبلیغ کرو، تبلیغ کے نئے نئے میدان تلاش کرو اور احمدیت اور اسلام کا حقیقی پیغام پہنچاؤ تو یہی ایک احمدی کا کام ہے۔
حضورِ انور نے جامعہ سے بغیر کسی روایتی تعلیم کے حصول کے بہترین مبلغ بننے والے بزرگانِ سلسلہ کی مثالیں پیش کرتے ہوئے بیان فرمایا کہ پہلے جوبہت سارے صحابہؓ یا ہمارے علماء تھے جوحضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانے میں گزرے ہیں، بعض علماء بعد میں تو مدرسوں وغیرہ سے پڑھتے ہوئے آئے تھے، بعض نہیں پڑھے تھے، لیکن انہوں نے دنیاوی تعلیم حاصل کی اور اس کے بعد مبلغ بن گئے اور تبلیغ کی۔ درد صاحبؓ تھے، چودھری فتح محمد سیال صاحبؓ تھے یا دوسرے بزرگ لوگ جو یہاں آئے ہیں، یورپ میں بھی آئے ہیں، وہ کون سے جامعہ پڑھ کے آئے تھے؟ وہ لوگ اچھے مبلغ تھے۔تو تم لوگ بھی تبلیغ کر سکتے ہو۔ دین کی خدمت کر سکتے ہو۔ تربیت کرسکتے ہو۔
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے ذاتی اصلاح اور اعلیٰ عملی نمونے قائم کرنے کے ذریعے نوجوان نسل، اطفال اور خدام کی تربیت کرنے کو وقف سے وفا کا اہم تقاضا قرار دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ اپنی اصلاح کرو، اپنے نمونے دکھاؤ، لوگ تمہارے نمونے دیکھ کر، تمہارے چھوٹے بہن بھائی جو ہیں یا جو چھوٹے اطفال ہیں یا تمہارے ہم عمر خدام ہیں وہ تمہارا نمونہ دیکھ کے تربیت حاصل کریں گے۔ یہی تم لوگوں کا وقف ہے۔
[قارئین کی معلومات کے لیے عرض ہے کہ حضرت مولانا عبدالرحیم درد صاحبؓ، حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے صحابی اور جماعتِ احمدیہ کے ممتاز عالِم و مبلغ تھے۔ آپ ۱۹۲۴ء میں برطانیہ کے مشن کے انچارج مقرر ہوئے اور آپ کی نگرانی میں مسجد فضل لندن کی تعمیر مکمل ہوئی۔ آپ اس کے پہلے امام بھی مقرر ہوئے۔ آپؓ کو یہ سعادت بھی نصیب ہوئی کہ ۱۹۳۳ء میں آپؓ نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی ہدایت پر محمد علی جناح صاحب کوجو ہندوستانی سیاست سے مایوس ہو کر لندن میں مقیم تھے، ہندوستان واپس جاکر مسلمانوں کی سیاسی راہنمائی کرنے پر آمادہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
حضرت چودھری فتح محمد سیال صاحبؓ بھی حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے صحابی اور ہندوستان سے لندن تبلیغ کے لیے بھجوائے جانے والے پہلے باقاعدہ احمدی مبلغ تھے۔ آپ نے ۱۹۱۳ء میں برطانیہ میں تبلیغی خدمات کا آغاز کیا اور لندن میں جماعتی مشن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ بعدازاں حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی ہدایت پر اگست۱۹۲۰ء میں لندن کے علاقے پٹنی ساؤتھ فیلڈز میں مسجد کی تعمیر کے لیے ایک قطعۂ زمین مع مکان خریدنے کی سعادت حاصل کی، جس پر بعد میں مسجد فضل لندن تعمیر ہوئی۔]
ایک نوجوان خادم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں یہ سوال پیش کیا کہ اگر جماعت احمدیہ مسلمہ کی فتح اللہ تعالیٰ نے ایک پیشگوئی کے طور پر مقدّر فرما رکھی ہے تو پھر ہماری روزمرہ کی کوششوں اور محنت کی کیا اہمیت اور ضرورت باقی رہ جاتی ہے؟
اس پر حضورِ انور نے فتح اور تائید و نصرت کے ازلی وعدے کے باوجود غزوۂ بدر کے موقع پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بے مثال گریہ و زاری اور غیر معمولی دعاؤں کا ذکر کرتے ہوئے عملی جدوجہد اور دعا کی اہمیت واضح فرمائی کہ جب اللہ تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو مبعوث فرمایا تو اللہ تعالیٰ نے انہیں بتایا کہ آپؐ انبیاء میں سے آخری نبی ہیں اور یہ کہ آپؐ کی کتاب آخری شرعی کتاب ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس وقت یہ بات مقدّر کر دی تھی کہ اسلام اس دنیا میں آخری مذہب ہے اور یہ کہ وہ اسلام کا پیغام پھیلانے میں کامیاب رہیں گے۔ اس کے باوجود جب جنگِ بدر لڑی جا رہی تھی تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم انتہائی گریہ و زاری اور گڑگڑا کر دعا کر رہے تھے یہاں تک کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ یا رسول اللہؐ! آپ اس قدر مضطرب کیوں ہیں؟ یہ اللہ تعالیٰ کی تقدیر ہے اور اللہ تعالیٰ نے یہ وعدہ کیا ہے کہ آپؐ ہی فتح یاب ہوں گے اور اسلام دنیا کے تمام ادیان پر غالب رہے گا اور یہ کہ آپؐ کا مذہب آخری مذہب ہے، تو پھر آپؐ اتنی بےقراری سے کیوں دعا کر رہے ہیں؟اس پر آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی باتوں میں مخفی اُمور ہوتے ہیں۔ لہٰذا اس لیے مَیں اس جنگ کے بہترین نتائج کے لیے دعا کر رہا ہوں۔ اسی وجہ سے مَیں رو کر دعائیں مانگ رہا ہوںکیونکہ کچھ مخفی باتیں ہیں، ان چیزوں کے ساتھ کچھ شرائط بھی ملحوظ ہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ اللہ تعالیٰ ہم سے کیا چاہتا ہے۔لہٰذا اگر ہم محنت نہیں کرتے، دعا نہیں کرتے تو ممکن ہے کہ وہ اس کے نتائج میں تاخیر کر دے، جیسا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ساتھ ہوا۔
حضورِ انور نے الٰہی نوشتوں کے باوجود شرائط و احکامات کی عدم تعمیل کے نتائج کی بابت حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم کی مثال پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ مقدّر فرما دیا تھا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ماننے والے کامیاب رہیں گے۔ اس وقت کہ جب انہوں نے اللہ تعالیٰ کی فرمودہ شرائط یا ہدایات یا احکامات کو نہیں مانا تو انہیں چالیس سال انتظار کرنا پڑا، وہ کامیاب نہیں ہوئے، وہ اپنا ہدف حاصل نہ کر سکے اور فتح یاب نہ ہو سکے۔
جواب کےآخر میں حضورِ انور نے جماعت کی کامیابی اور غلبے کے وعدے کے ساتھ عملی جدوجہد، پیغامِ حق کی اشاعت اور دعا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ اسی لیے ہمیں محنت کرنے کی ضرورت ہے نیز ہمیں اپنا پیغام پھیلانے اور دعا کرنے کی ضرورت ہےتب جا کر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہم ان شاء اللہ کامیاب ہوں گے۔
گھانا سے تعلق رکھنے والے اور اٹلی میں پیدا ہونے والے ایک ہائی سکول کے طالب ِعلم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں سوال پیش کیا کہ اللہ تعالیٰ نے بنی نوعِ انسان کے لیے راہِ راست پر چلنا اتنا مشکل کیوں بنایا ہے؟
اس پر حضورِ انور نے سب سے پہلے ازراہِ شفقت طالبِ علم سے اس کے تعلیمی پسِ منظر اور سکول میں کارکردگی کے بارے میں محبّت بھرے انداز میں گفتگو فرمائی۔
پھر حضورِانور نے دنیاوی تعلیم کی مثال دیتے ہوئے اس سوال کا حکیمانہ اور دل نشین جواب عطا فرمایا کہ اگر آپ اپنی پڑھائی اور اپنا ہدف حاصل کرنے کے لیے محنت کرتے ہیںتو پھر اللہ تعالیٰ سے یہ توقع کیوں نہیں رکھتے کہ وہ بھی آپ سے محنت کا تقاضا کرے تاکہ وہ آپ کو دین میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے؟ لہٰذا ہر چیز اور ہر اس ہدف کے حصول کے لیے جسے آپ حاصل کرنا چاہتے ہیں محنت درکار ہے۔
اسی طرح حضورِ انور نے دینی درجات کی بلندی، انسانی کوشش اور سکول کی پڑھائی کے مابین گہرا موازنہ پیش کرتے ہوئے بیان کیا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر تم محنت کرو گےتو مَیں تمہارے مرتبے، مقام اور دینی درجات کو بلند کروں گا، اور اگر تم ایسا نہیں کرو گے تو تم درمیانے درجے سے بھی نیچے رہو گے اور تمہارے ساتھ ایک درمیانے درجے کے مسلمان جیسا ہی سلوک کیا جائے گا۔
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کے لیے محنت کو بنیادی شرط قرار دیتے ہوئے نصیحت فرمائی کہ اگر آپ ایک اچھا مقام حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اپنا معیار بلند کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو محنت کرنی ہوگی، بالکل اسی طرح جیسے آپ سکول میں اپنی پڑھائی کے لیے محنت کرتے ہیں۔
اس بابرکت ملاقات کا اختتام حضورِ انور کے دعائیہ کلمات ’’چلو، پھر اللہ حافظ ہو، السلام علیکم ورحمة اللہ!‘‘پر ہوا۔
٭…٭…٭




