پرسیکیوشن رپورٹس

اسلامی جمہوریہ پاکستان میں احمدیوں پر ہونے والے دردناک مظالم کی الَم انگیز داستان

(مہر محمد داؤد)

۲۰۲۵ء میں سامنےآنے والے تکلیف دہ واقعات سے انتخاب

ضلع شیخوپورہ: ۸ فروری کو چک جید ۱۶؍ضلع شیخوپورہ کے احمدیوں کو شریف احمد کا جنازہ پڑھنے سے روک دیا گیا۔ شریف احمد ایک معمر شخص تھے اور چند روز قبل ہی ان کی وفات ہوئی تھی۔ گاؤں کی مقامی مسجد میں شریف احمد کے جنازے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اعلان سننے کے بعد تحریک لبیک سے تعلق رکھنے والے شدت پسند جنازے کے مقام پر جمع ہو گئے۔ اور ساتھ ہی انہوں نے قریبی دیہات سے مزید لوگ بھی بلالیے۔ اس موقع پر پولیس بھی پہنچ گئی لیکن پولیس کی جانب سے ان لوگوں کو منتشرکرنے کے لیے کوئی بھی کارروائی نہ کی گئی۔ جنازے پر موجود لوگوں نے بھی اس بات کی گواہی دی کہ جنازہ روکنے والوں کے خلاف پولیس نے کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی۔ ستم بالائے ستم یہ کہ پولیس نے احمدیوں سے کہا کہ وہ گاؤں میں نماز جنازہ ادا نہ کریں بلکہ وہ ربوہ جا کر نماز جنازہ ادا کر لیں۔ کیونکہ متوفی کی تدفین کی تیاری ربوہ میں کی جا چکی ہے۔ نتیجۃً شریف احمد کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں میں ادا نہ کی جا سکی۔

کوٹلی آزاد جموں و کشمیر: ۲۱؍مارچ کو پو پھٹنے سے قبل نامعلوم افراد نے مقامی احمدیہ قبرستان پر حملہ کیا اور وہاں پر موجود تمام ۷۶؍قبروں کو بری طرح نقصان پہنچایا۔ مقامی احمدیوں کے مطابق یہ حملہ اندھیرا چھٹنے سے کچھ ہی دیر قبل کیا گیا۔ اور ٹھیک اس وقت گاؤں کی بجلی بھی منقطع کر دی گئی۔ پولیس نے قبرستانوں کی بے حرمتی کی دفعہ ۲۹۷ کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف ایک مقدمہ درج کر لیا لیکن نہ تو اس مقدمے میں کسی کو نامزد کیا گیا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ یہ مذموم حملہ مقامی احمدیوں اور ڈپٹی کمشنر کوٹلی کے درمیان ہونے والی ایک میٹنگ کے کچھ ہی دن بعد کیا گیا۔ اس میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مقامی احمدیوں کو تاکید کی تھی کہ وہ اپنی مسجد اور قبرستان کے باہر بورڈ نصب کریں اور جمعہ اور عید کی نماز باقی مسلمانوں سے ۲ گھنٹہ کے وقفہ سے ادا کریں۔ یہ تاکید امن عامہ کے قیام کے نام پر جاری کی گئی تھی۔ احمدیوں نے اس پراپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نصب کرنے سے احمدیوں کے قبرستان اور مسجد کی شناخت میں آسانی ہو جائے گی اور اس طرح ان پر حملے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ قبرستان پر حملہ کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کارروائی صرف نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے تک ہی محدود رہی۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے احمدیوں کے قبرستان اور مسجد کے متعلق کسی بھی حفاظتی انتظام کی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔ اور نہ ہی احمدیوں کی جانب سے پیش کیے گئے تحفظات کو دور کرنے کی کوئی بات کی گئی۔

شکر گڑھ ضلع نارووال: مئی کے اواخر میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو نشر کی گئی جس میں احمدیت مخالف انتہاپسندوں کو ایک کولڈ سٹوریج(سرد خانے ) کو نذر آتش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس سارے عمل کے دوران وہ لوگ ختم نبوت سے متعلق اور احمدیت مخالف نعرے بازی بھی کرتے رہے۔ اس واقعے کا پس منظر یہ ہےکہ ایک قریبی گاؤں میں ایک احمدی خاتون کی وفات ہو گئی تھی اور ان کے عزیزوں کے انتظار کی وجہ سے ان کے جسد خاکی کو کولڈ سٹوریج میں رکھنا پڑا۔ اس بات کا علم مخالفین احمدیت کو ہو گیا۔ تو انہوں نے کولڈسٹوریج کے مرکز پر حملہ کر دیا اور ایک کولڈ سٹوریج کو آگ لگا دی جو ان کے خیال میں اس احمدی خاتون کے لیے استعمال کیا گیا تھا اور اس لیے وہ ناپاک ہو چکا تھا۔ اس ساری کارروائی کو دن دیہاڑے عمل میں لایا گیا اور اس کی ویڈیو بھی نشر کی گئی۔

ہیڈ چناواں ضلع گوجرانوالہ: مئی کے مہینے میں ہیڈ چناواں ضلع گوجرانوالہ میں تحریک لبیک کے شدت پسندوں اور مقامی انتظامیہ کی مداخلت کی وجہ سے مقامی اجتماعی قبرستان میں ایک احمدی کی تدفین کو روک دیا گیا۔ متوفی عابد فاروق کی وفات ۲۵؍مئی کو لاہور میں دوران علاج ہوئی تھی۔ کچھ ہفتے قبل سڑک پر حادثے کی وجہ سے ان کے سر پر شدید چوٹ آئی تھی جس کے باعث وہ زیر علاج تھے۔ ان کی وفات کے بعد ان کے اہل خانہ ان کے جسد خاکی کو تدفین کے لیے گاؤں واپس لے آئے اور مقامی اجتماعی قبرستان میں ان کی تدفین کے لیے تیاری کرنے لگے۔ جس وقت قبر کی تیاری کی جا رہی تھی اس وقت قریبی گاؤں جامکے چٹھہ سے تحریک لبیک کے شدت پسند موقع پر پہنچ گئے اور اس بات پر اصرار کرنے لگے کہ اس قبرستان میں ایک احمدی کی تدفین نہیں ہو سکتی۔ پولیس کو جب اس معاملے سے آگاہ کیا گیا تو پولیس نے ضلعی انتظامیہ کو بھی اس معاملے کی اطلاع دے دی۔ جس پر اسسٹنٹ کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ پولیس وزیرآباد پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ وہاں پہنچ گئے۔ متوفی کے اہل خانہ کو کوئی تسلی دینے کی بجائے انتظامیہ نے نقض امن کا بہانہ بنا کر انہیں اس قبرستان میں تدفین کرنے سے روک دیا اور انہیں کسی متبادل جگہ پر تدفین کرنے کی تاکید کی۔ مجبوراً ان کے اہل خانہ کو ان کی تدفین کے انتظامات سعداللہ پور ضلع منڈی بہاؤالدین میں کرنے پڑے۔

روڈہ ضلع خوشاب: ۱۰؍مئی کو روڈہ ضلع خوشاب کے احمدیہ قبرستان میں موجود تمام ۹۰؍قبروں کے کتبے مسمار کردیے گئے۔ اس سے قبل پولیس کی جانب سے مقامی احمدیوں پر شدید دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ وہ خود ہی قبروں کے کتبوں کو مسمار کر دیں۔ مقامی احمدیوں نے پولیس سے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمدی خود کوئی بھی ایسا عمل نہ کریں گے کیونکہ قبروں کے کتبے ہٹانے سے وفات شدگان کی بے حرمتی ہوگی اور ساتھ ہی ایسا کرنے سے احمدیوں کے تدفین کے عمل میں امتیازی سلوک کو ایک قانونی جواز مہیا ہو جائے گا۔ احمدیوں کی جانب سے انکار کے کچھ ہی عرصے بعد نامعلوم افراد نے قبرستان میں داخل ہوکر یہ مذموم حرکت سرانجام دے دی۔ ایسے حملے کے خطرے کے باوجود پولیس نے قبرستان کی حفاظت کے لیے کوئی بھی حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے۔ اور تا حال پولیس کی جانب سے نہ تو کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور نہ ہی مزید تفتیش کے لیے کوئی پیشرفت۔

پیروچک ضلع سیالکوٹ: ۲۱سے ۲۴؍ستمبر کے درمیان پیروچک ضلع سیالکوٹ میں ۲ سال سے جاری مقامی قبرستان کے استعمال پر ہونے والا جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے احمدیوں کو مقامی قبرستان میں تدفین کے حقوق سے متعلق معاملہ حل کرنےکی یقین دہانی کے باوجود گذشتہ ۲؍سال سے احمدیوں کو مقامی قبرستان کے استعمال سے روکا جا رہاتھا۔ انتظامیہ نے قبرستان کو تقسیم کرکے کچھ حصہ احمدیوں کے لیے مختص کرنے کی تجویز پیش کی لیکن اس پر عمل درآمد پر مکمل ناکام رہی۔ دریں اثنا چھ احمدی خاندانوں کو اپنے متوفی اہل خانہ کی تدفین کسی اور جگہ پر کرنا پڑی۔ قدسیہ تبسم اہلیہ مظفراحمد بعمر ۵۵؍سال کی تدفین کے موقع پر یہ معاملہ اس وقت سنگین صورتحال اختیار کر گیا جب مقامی احمدیہ جماعت نے انتظامیہ سے قبرستان میں تدفین کی اجازت چاہی تو انتظامیہ نے احمدیوں کو عارضی طور پر کسی اَور جگہ تدفین کا مشورہ دیا۔ ان کے اہل خانہ نے ان کے جسد خاکی کو سرد خانے میں رکھا اور ڈپٹی کمشنرسے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر نےسارے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا اور وعدہ کیا کہ وہ قبرستان کے معاملے کو خود دیکھیں گے اور احمدیوں کو وہی عارضی طور پر کسی اور جگہ تدفین کا مشورہ دیا۔ احمدی اس کی بات مان کر جب پیروچک میں نماز جنازہ ادا کرکے تدفین کی غرض سے احمدیہ قبرستان بھادل کی طرف جا رہےتھے اس وقت سڑک کے کناروں پر تحریک لبیک سے تعلق رکھنے والے شدّت پسند جمع ہو گئے اور احمدیت مخالف نعرے بازی کرنے لگے اور احمدیوں کو جھگڑے پر اُکسانے لگے جس کے باعث جھگڑا شروع ہوا اور کئی افراد زخمی ہوگئے۔ موقع پر موجود پولیس ان شدت پسندوں کو سڑک بند کرنے، گھروں پر پتھراؤ کرنے، اور املاک بشمول ایک موٹر سائیکل جلانے سے روکنے سے قاصر رہی۔ بعد ازاں ان شدت پسند مظاہرین نے پولیس پر دباؤ ڈالا کہ احمدیوں کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی جائے جو تا حال درج نہیں کی گئی۔ ۲۴؍ستمبر کو پولیس کی موجودگی میں تدفین کا عمل مکمل ہوا۔ لیکن انتظامیہ تا حا ل اس بات پر غور کر رہی ہے کہ احمدیوں کو مقامی قبرستان میں حصہ دیا جائے گا یا قبرستان کے لیے متبادل جگہ دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: پریس ریلیز: محب وطن پاکستانی احمدیوں کو عبادات سے روکنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button