اداریہ: جو ہوں دل سے قربانِ ربِّ جلیل نہ نقصاں اٹھاویں نہ ہوویں ذلیل
انسان نے اپنی عقل و دانش، علم و تحقیق اور سائنسی ترقی کے بل بوتے پر ایک ایسی دنیا آباد کر لی ہے جس کا ہر شعبہ جدید ٹیکنالوجی کے سہارے چل رہا ہے۔ کاروبارِ زندگی ہو یا نظامِ حکومت، مالیاتی ادارے ہوں یا مواصلاتی رابطے، علاج معالجے کی سہولتیں ہوں یا فضائی سفر، سب ہی ایک ایسے غیرمرئی نظام سے وابستہ ہو چکے ہیں جس کی موجودگی کا احساس تو شاید ہمیں کم ہی ہوتا ہے، لیکن اس میں معمولی سا خلل بھی زندگی کو درہم برہم کر سکتا ہے۔ مائیکروسافٹ کی سروسز میں پیدا ہونے والے حالیہ رخنےاور امریکہ کی فضائی ٹریفک کے نظام میں آنے والی تکنیکی خرابیوں اور ان سے ملتے جلتے دیگر واقعات نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو اس حقیقت کی طرف متوجہ کیا ہے کہ انسانی ترقی کے یہ حیرت انگیز مظاہر اپنی تمام تر مضبوطی اور حفاظتی انتظامات کے باوجود خامیوں سے مکمل طور پر پاک نہیں۔ بعض اوقات کسی نظام میں پیدا ہونے والی خرابی کے باعث ہزاروں افراد اور اداروں کے معمولات متاثر ہو جاتے ہیں اور بعض اوقات ایک چھوٹی سی تکنیکی خامی سنگین نتائج کا سبب بن جاتی ہے۔ ان واقعات کو ہیکنگ یا سائبر حملہ قرار دینا شاید درست نہیں، تاہم ان سب واقعات سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ جس نظام پر انسان غیر معمولی اعتماد کرنے لگتا ہے، اس کی حفاظت، نگرانی اور بروقت بحالی سے غفلت نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے ماہرین کسی نظام کو محض محفوظ بنا دینے پر اکتفا نہیں کرتے بلکہ اس میں پیدا ہونے والی خامیوں کو تلاش کرنے، ان کی اصلاح کرنے اور کسی ممکنہ خرابی کے بعد اس کی بحالی کو بھی یقینی بناتے ہیں۔
ان واقعات میں ایک نہایت اہم اور فکر انگیز پہلو پوشیدہ ہے۔ ہم اپنے گرد قائم نظاموں کی حفاظت، نگرانی اور بحالی کے لیے تو بے شمار وسائل صرف کرتے ہیں لیکن کیا کبھی ہم نے اس نظام کے تحفظ پر بھی اسی سنجیدگی سے غور کیا ہے جو ہمارے اپنے وجود کے اندر قائم ہے اور جسے ہم دین، ایمان، روحانیت اور اخلاقیات کے نام سے جانتے ہیں؟ وہ ایمان جو ہمیں اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول سے ملا، وہ دینی تعلیمات جو ہمارے مذہب، ہمارے بزرگوں، اساتذہ اور معاشرے نے ہمارے دل و دماغ میں راسخ کیں، وہ اخلاقی اصول جنہیں ہم بچپن سے اپنی زندگی کا حصہ بناتے چلے آئے اور وہ پاکیزہ روایات جنہیں ہم اپنی شناخت کا لازمی جزو سمجھتے ہیں، کیا ان سب کی حفاظت کا بھی کوئی انتظام ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ انسان کے اندر ودیعت کی جانے والی یہ قیمتی نعمتیں بھی زندگی کے مختلف مراحل میں آزمائشوں سے دوچار ہوتی رہتی ہیں۔ کبھی دنیا کی محبت، کبھی مال و دولت کی حرص، کبھی شہرت و اقتدار کی خواہش، کبھی بری صحبت، کبھی تکبر و خودپسندی اور کبھی نفس کی کمزوریاں انسان کی روحانی زندگی میں ایسی دراڑیں پیدا کر دیتی ہیں جن سے غفلت اور گناہ کو داخل ہونے کا موقع مل جاتا ہے۔ بسا اوقات انسان کو اس کا احساس بھی نہیں ہوتا اور وہ رفتہ رفتہ ان اقدار سے دُور ہوتا چلا جاتا ہے جنہیں کبھی اپنی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ سمجھتا تھا۔ گویا جس طرح جدید دنیا کے محفوظ ترین نظام بھی اندرونی خرابیوں اور بیرونی حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں، اُسی طرح انسان کا ایمان بھی غفلت، نفسانی خواہشات اور شیطانی وساوس سے متاثر ہو سکتا ہے۔ لیکن دونوں میں ایک بنیادی فرق ہے۔ مادی نظام کی خرابی کو درست کرنے کے لیے انسانی علم اور وسائل درکار ہوتے ہیں جبکہ ایمان کی کمزوری کے علاج کے لیے اپنے خالق سے زندہ تعلق، محاسبۂ نفس، توبہ اور اصلاحِ عمل کی ضرورت ہوتی ہے۔
معصیت و گناہ سے دل مرا داغ دار تھا
پھر بھی کسی کے وصل کے شوق میں بیقرار تھا
قرآنِ کریم نے انسانی ایمان کی اسی حقیقت کو نہایت خوب صورتی سے بیان فرمایا ہے: وَإِذَا تُلِيَتْ عَلَيْهِمْ آيَاتُهُ زَادَتْهُمْ إِيمَانًا(الانفال: ۳) یعنی جب ان کے سامنے اللہ تعالیٰ کی آیات پڑھی جاتی ہیں تو ان کے ایمان میں اضافہ ہوتا ہے۔ گویا ایمان کوئی ایسی مادی شے نہیں جس کی کیفیت ہمیشہ یکساں رہے، بلکہ اس میں ترقی اور تنزل دونوں کے امکانات موجود ہیں۔ اسی حقیقت کو اسلامی علمی روایت میں اَلْإِيْمَانُ يَزِيْدُ وَيَنْقُصُ کے الفاظ سے بیان کیا جاتا ہے، یعنی ایمان بڑھتا بھی ہے اور گھٹتا بھی ہے۔ صوفیا اسے قبض و بسط سے موسوم کرتے ہیں۔ امام بخاریؒ نے اپنی صحیح میں ایمان کی زیادتی اور کمی کے عنوان سے مستقل باب قائم کیا ہے۔ یہ محض ایک نظریاتی بحث نہیں بلکہ انسانی زندگی کی ایسی حقیقت ہے جس کا تجربہ ہر شخص کسی نہ کسی طرح کرتا ہے۔ کبھی دل عبادت کی طرف اس قدر مائل ہوتا ہے کہ دنیا کی ہر کشش ماند پڑ جاتی ہے اور کبھی معمولی سی دنیاوی مصروفیت بھی انسان کو اپنے اصل مقصد سے غافل کر دیتی ہے۔ صحیح مسلم میں حضرت حنظلہؓ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ انہوں نے حضرت ابوبکر صدیقؓ سے بے ساختہ کہا: نَافَقَ حَنْظَلَةُ یعنی حنظلہ منافق ہو گیا۔ حضرت ابوبکرؓ کے دریافت کرنے پر انہوں نے عرض کیا کہ جب ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس میں ہوتے ہیں اور آپؐ ہمیں جنت و دوزخ کی یاد دلاتے ہیں تو ہماری کیفیت ایسی ہوتی ہے گویا یہ سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں لیکن جب آپؐ کی مجلس سے اٹھ کر اہل و عیال اور دنیاوی معاملات میں مشغول ہو جاتے ہیں تو یہ کیفیت جاتی رہتی ہے۔ حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا کہ یہی کیفیت تو میری بھی ہے۔ چنانچہ دونوں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور اپنا حال بیان کیا تو آپؐ نے انہیں انسانی زندگی کی مختلف ذمہ داریوں اور روحانی کیفیات کا توازن سمجھاتے ہوئے فرمایا: يَا حَنْظَلَةُ سَاعَةً وَسَاعَةً۔یعنی اے حنظلہ! ایک گھڑی اِس کی ہے اور ایک گھڑی اُس کی۔ (صحیح مسلم، کتاب التوبہ، حدیث ۲۷۵۰) اس واقعہ میں انسانی فطرت کی کتنی خوب صورت اور حقیقت پسندانہ تصویر پیش کی گئی ہے کہ وہ پاکیزہ نفوس جنہوں نے براہِ راست رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت پائی، اپنی روحانی کیفیت میں معمولی کمی پر بھی بےچین ہو جاتے تھے، لیکن انہیں دنیاوی ذمہ داریوں سے فرار کی نہیں بلکہ ان کی ادائیگی کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے تعلق برقرار رکھنے کی تلقین کی گئی۔
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے انسانی فطرت کی اسی کمزوری اور خدا تعالیٰ کی وسیع رحمت کو نہایت لطیف انداز میں بیان فرمایا ہے کہ انسان اپنی فطرت میں کمزور ہے اور کبھی نفسِ امّارہ کی خواہشات اس پر غالب آ جاتی ہیں، لیکن اگر وہ لغزش کے وقت توبہ و استغفار اختیار کرے تو خدا تعالیٰ کی رحمت اسے ہلاکت سے بچا سکتی ہے۔ (ماخوذ از چشمۂ معرفت، روحانی خزائن جلد ۲۳، صفحات ۱۸۹ تا ۱۹۰)آپؑ کی یہ تعلیم انسانی کمزوریوں کو گناہ کا جواز فراہم نہیں کرتی بلکہ اس حقیقت کی طرف متوجہ کرتی ہے کہ خدا تعالیٰ نے انسان کے لیے اصلاح اور واپسی کا دروازہ کھلا رکھا ہے۔ آپؑ نے استغفار کی حقیقت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اس میں گذشتہ گناہوں کی پردہ پوشی طلب کرنا بھی شامل ہے اور آئندہ گناہوں سے بچنے کے لیے خدا تعالیٰ سے توفیق مانگنا بھی، لیکن یہ استغفار محض زبان سے ادا ہونے والے الفاظ سے مکمل نہیں ہوتا بلکہ اس کے لیے دل کی سچی کیفیت ضروری ہے۔ (ماخوذ از ملفوظات، جلد دوم، صفحہ ۲۱۵) یہ تعلیم ہمارے زیرِبحث مضمون کے ایک اہم پہلو پر روشنی ڈالتی ہے، کیونکہ جس طرح کسی نظام کی خرابی دور کرنے کے بعد اس کی کمزوریوں کا سدّباب بھی کیا جاتا ہے، اسی طرح حقیقی استغفار صرف گذشتہ خطاؤں کی معافی کا نام نہیں بلکہ آئندہ ان خطاؤں سے محفوظ رہنے کے لیے خدا تعالیٰ کی مدد طلب کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔
حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ توبہ محض زبان سے قصور کا اعتراف کرنے کا نام نہیں بلکہ اس میں اپنی غلطی پر قلبی ندامت اور اس کا عملی ازالہ بھی شامل ہے یہاں تک کہ انسان اپنے اندر ایسی تبدیلی پیدا کرے جو اسے گناہ سے دُور اور نیکی کی طرف مائل کر دے۔ آپؓ کے نزدیک حقیقی توبہ انسانی روح میں ایک بڑے انقلاب کا نام ہے۔ (ماخوذ از تفسیر کبیر، جلد سوم، صفحہ ۷۹) حقیقت تو یہ ہے کہ دین انسان کو صرف اپنی غلطیوں پر افسوس کرنا نہیں سکھاتا بلکہ ان کی وجوہات کو پہچاننے، ان کی تلافی کرنے اور اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی تعلیم دیتا ہے۔ گویا توبہ محض ماضی کی اصلاح نہیں بلکہ مستقبل کی حفاظت کا سامان بھی ہے۔ یہی وہ نکتہ ہے جسے آج کے انسان کو سمجھنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے کیونکہ اگر کسی غلطی کے بعد انسان اپنی عادات، صحبت، ماحول اور طرزِ عمل میں کوئی تبدیلی پیدا نہیں کرتا تو محض وقتی ندامت اسے دوبارہ اسی لغزش میں مبتلا ہونے سے محفوظ نہیں رکھ سکتی۔
درحقیقت دین انسان کو اپنی بشری کمزوریوں پر مایوس ہونے کے بجائے اسے مسلسل خدا تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لیے جدوجہد کرنا سکھاتا ہے۔ جب تک زندگی کی سانسیں باقی ہیں، امتحان بھی جاری ہے اور جب تک امتحان جاری ہے، لغزشوں اور آزمائشوں کے امکانات بھی موجود رہیں گے۔ کبھی انسان نیکی کی بلندیوں کو چھوتا ہے اور کبھی اپنی کمزوریوں کے ہاتھوں مغلوب ہو جاتا ہے، کبھی اس کا دل خدا تعالیٰ کی محبت سے معمور ہوتا ہے اور کبھی دنیا کی رنگینیاں اسے اپنی طرف مائل کر لیتی ہیں، لیکن اس ساری کشمکش میں اصل اہمیت اس امر کی ہے کہ انسان اپنی لغزش کے بعد کون سا راستہ اختیار کرتا ہے۔ کیا وہ اپنی غلطی پر اصرار کرتا ہے، کیا وہ مایوسی کے اندھیروں میں گم ہو جاتا ہے، یا پھر اپنے نفس کی کمزوری کو پہچان کر دوبارہ اپنے ربّ کی طرف لوٹ آتا ہے؟ قرآنِ کریم نے اِس سوال کا جواب نہایت امید افزا انداز میں دیا ہے جس سے بڑھ کر گناہ گار انسان کے لیے شاید ہی کوئی تسلی ہو۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: قُلۡ یٰعِبَادِیَ الَّذِیۡنَ اَسۡرَفُوۡا عَلٰۤی اَنۡفُسِہِمۡ لَا تَقۡنَطُوۡا مِنۡ رَّحۡمَۃِ اللّٰہِ ؕ اِنَّ اللّٰہَ یَغۡفِرُ الذُّنُوۡبَ جَمِیۡعًا ؕ اِنَّہٗ ہُوَ الۡغَفُوۡرُ الرَّحِیۡمُ۔(الزمر: ۵۴) یعنی اے میرے بندو جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے! اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو۔ یقیناً اللہ تمام گناہ بخشنے والا ہے۔ وہ بہت بخشنے والا اور بار بار رحم کرنے والا ہے۔ امام ابن کثیرؒ نے اس آیت کی تفسیر میں اسے تمام گناہ گاروں کے لیے توبہ اور رجوع الی اللہ کی دعوت قرار دیا ہے۔ یہ آیت دراصل انسانی زندگی میں امید کا وہ چراغ روشن کرتی ہے جو گناہوں کی تاریک ترین رات میں بھی بجھنے نہیں پاتا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بھی خدا تعالیٰ کی اسی بے پایاں رحمت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا: ’’تم خدا سے صلح کر لو وہ نہایت درجہ کریم ہے۔‘‘ (لیکچر لاہور، روحانی خزائن جلد ۲۰، صفحہ ۱۷۴)یہ چند الفاظ اپنے اندر ایک جہانِ معانی رکھتے ہیں کہ انسان خواہ اپنی کمزوریوں کے باعث اپنے ربّ سے کتنا ہی دُور کیوں نہ چلا گیا ہو، اس کے لیے واپسی کا راستہ بند نہیں ہوتا، بشرطیکہ وہ سچے دل سے رجوع کرے، اپنے گناہوں پر نادم ہو اور آئندہ کے لیے اصلاحِ عمل کا پختہ عہد کرے۔
بابِ رحمت خود بخود پھر تم پہ وا ہو جائے گا
جب تمہارا قادرِ مطلق خدا ہوجائےگا
اسی مضمون کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے متعدد خطبات میں نہایت وضاحت سے بیان فرمایا ہے۔ آپ نے ۱۸؍ جولائی ۲۰۱۴ء کے خطبہ جمعہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں توجہ دلائی کہ برائیوں سے بچنے کے لیے صرف دعا کر لینا کافی نہیں بلکہ انسان کو خود بھی عملی اقدامات کرنے پڑتے ہیں، اپنی کمزوریوں کو پہچاننا پڑتا ہے اور ان وجوہات کو دور کرنا پڑتا ہے جن کے باعث وہ بار بار گناہ کی طرف لوٹتا ہے۔ اسی طرح ۲۵؍ اگست ۲۰۲۳ء کے خطبہ جمعہ میں حضورِانور نے توجہ دلائی کہ انسان سے غلطیاں ہوتی ہیں اور جب وہ انہیں بار بار دہراتا ہے تو ایک گناہ دوسرے گناہ کا راستہ کھول دیتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انسان مسلسل استغفار اور رجوع الی اللہ کے ذریعے اپنے دل کو پاک رکھنے کی کوشش کرے اور اس امر کی نگرانی کرتا رہے کہ اس سے نہ حقوق اللہ ضائع ہوں اور نہ حقوق العباد۔ ان ارشادات میں ہمارے لیے ایک نہایت واضح پیغام موجود ہے کہ ایمان کی حفاظت محض ایک وقتی جذبے یا رسمی عبادت کا نام نہیں بلکہ یہ زندگی بھر جاری رہنے والا ایک شعوری عمل ہے، جس میں انسان کو اپنی کمزوریوں پر نگاہ بھی رکھنی پڑتی ہے اور ان کی اصلاح کے لیے مستقل جدوجہد بھی کرنی ہوتی ہے۔
آج جب دنیا اپنے نظاموں میں پیدا ہونے والی کمزوریوں کو تلاش کر کے انہیں دُور کرنے اور آئندہ کے لیے مؤثر حفاظتی انتظامات قائم کرنے میں مصروف ہے تو ہمیں بھی اپنے باطن کی طرف نگاہ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ کیا ہم نے کبھی یہ جاننے کی کوشش کی کہ ہمارے ایمان کے حصار میں دراڑیں کہاں سے پیدا ہو رہی ہیں؟ وہ کون سی عادات ہیں جو ہمیں اپنے ربّ سے دور کرنے کا باعث بن رہی ہیں، وہ کون سی صحبتیں ہیں جو ہمارے اخلاق کو متاثر کرتی ہیں اور وہ کون سی خواہشات ہیں جو ہمارے اندر نیکی اور بدی کے فرق کو دھندلا دیتی ہیں؟ کیا ہم اپنی اولاد کو دینی اقدار محض ورثے میں منتقل کر دینے پر مطمئن ہو جاتے ہیں یا انہیں ان اقدار کی حفاظت، تجدید اور عملی زندگی میں ان کے استعمال کا سلیقہ بھی سکھاتے ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ ایمان کوئی ایسی مادی چیز نہیں جسے ایک مرتبہ حاصل کر لینے کے بعد ہمیشہ کے لیے بے فکر ہو جایا جائے، بلکہ یہ خدا تعالیٰ سے ایک زندہ تعلق ہے جسے دعا، عبادت، عملِ صالح، حسنِ اخلاق اور مسلسل احتیاط و اصلاح کے ذریعے طراوت بخشی جاتی ہے۔ یہاں یہ حقیقت بھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ ایمان کی حفاظت کا مطلب صرف اپنے آپ کو گناہوں سے بچانا نہیں بلکہ اُن اخلاقی اقدار کو زندہ رکھنا بھی ہے جن کی بنیاد پر ایک صحت مند معاشرہ وجود میں آتا ہے کیونکہ جب سچائی، دیانت، عدل، رحم اور خداخوفی معاشرے سے غائب ہونے لگیں تو اس کا نقصان صرف ایک فرد تک محدود نہیں رہتا بلکہ پورا معاشرہ اس کی زد میں آ جاتا ہے۔
پس زندگی کا اصل سبق یہی ہے کہ انسان اپنی کمزوریوں سے بے خبر نہ رہے، اپنی لغزشوں کو معمولی نہ سمجھے اور اپنی خطاؤں پر ہمت نہ ہار بیٹھے۔ یہ بات اہم ہے کہ ایمان کی حفاظت ایک مسلسل عمل ہے اور اس کی تجدید عمر بھر جاری رہنے والی ذمہ داری۔ دنیا کے بڑے بڑے نظام ایک خرابی سے مفلوج ہو سکتے ہیں، لیکن ان کی بحالی کے لیے کوشش ترک نہیں کی جاتی، پھر انسان اپنے ایمان میں پیدا ہونے والی کسی کمزوری کے باعث اپنے ربّ کی رحمت سے کیوں مایوس ہو؟ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگی میں توبہ و استغفار، دعا و عبادت، حسنِ عمل اور اصلاحِ نفس کے ایسے مضبوط بند باندھیں جو ہمیں آئندہ کی آزمائشوں میں ثابت قدم رہنے کی توفیق بخشیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیم کے مطابق گذشتہ گناہوں کی معافی کے ساتھ آئندہ گناہوں سے حفاظت کی دعا، حضرت مصلح موعودؓ کی بیان کردہ حقیقی توبہ کے مطابق اپنی زندگی میں عملی انقلاب اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح کی روشنی میں مسلسل محاسبۂ نفس اور اصلاحِ عمل ہی وہ ذرائع ہیں جن سے ایمان کے حصار کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ اصل کامیابی یہ نہیں کہ انسان سے کبھی خطا سرزد نہ ہو، بلکہ یہ ہے کہ خطا کے بعد وہ اصلاحِ نفس کی نیت کرتے ہوئے اپنے ربّ کی طرف رجوع کرنے سے نہ گھبرائے کیونکہ ایمان کے حصار میں دراڑ پڑ جانا ایک آزمائش ہے، لیکن اس دراڑ کو بند کرنے کے لیے اپنے ربّ کی مددونصرت کا طلب گار ہونا، اُس سے تعلق کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنانا اور اس کی رحمت سے کبھی مایوس نہ ہونا ہی بندگی کی حقیقی روح ؎
شکرِخدا گزر گئی ناز و نیاز میں ہی عمر
مجھ کو بھی اُن سے عشق تھا ان کو بھی مجھ سے پیار تھا
مزید پڑھیں: اداریہ: مِرا نام پوچھو تو مَیں احمدی ہوں




