متفرق مضامین

غارِحرا میں نزولِ وحی(قسط اوّل)

(ابو نائل)

(غامدی صاحب کے نظریات کے بارے میں چند گذارشات)

ممکن ہی نہیں کہ آنحضرتﷺ نے اپنی زندگی کے اس اہم ترین واقعہ کا ذکر حضرت عائشہؓ سے کبھی نہ فرمایا ہو یا یہ کہ آپؓ نے کبھی اس بارے میں آپﷺ سے دریافت نہ فرمایا ہو۔حضرت عائشہؓ  کو وحی کی ابتدا کے بارے میں کسی اَور سے دریافت کرنے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ ہم یہی نتیجہ نکال سکتے ہیں کہ اگر ایک حدیث حضرت عائشہؓ کی طرف صحیح طور پر منسوب ہے تو لازمی طور پر انہوں نے یہ واقعات رسول اللہﷺ سے ہی سنے ہوں گے۔اس پس منظر میں اس حدیث کے بارے میں مرسل یا مرفوع کی بحث نا قابل فہم ہے

اِقۡرَاۡ بِاسۡمِ رَبِّکَ الَّذِیۡ خَلَقَ۔ خَلَقَ الۡاِنۡسَانَ مِنۡ عَلَقٍ۔ اِقۡرَاۡ وَرَبُّکَ الۡاَکۡرَمُ۔ الَّذِیۡ عَلَّمَ بِالۡقَلَمِ۔ عَلَّمَ الۡاِنۡسَانَ مَا لَمۡ یَعۡلَمۡ۔ (العلق: ۲تا ۶) ترجمہ:پڑھ اپنے ربّ کے ساتھ جس نے پیدا کیا۔اس نے انسان کو ایک چمٹ جانے والے لوتھڑے سے پیدا کیا۔پڑھ اور تیرا ربّ سب سے زیادہ معزز ہے۔جس نے قلم کے ذریعہ سکھایا۔ انسان کو وہ کچھ سکھایا جو وہ نہیں جانتا تھا۔

اکثر احادیثِ نبویہﷺ کے مطابق یہ وہ آیات ہیں جن کے نزول کے ساتھ آنحضرتﷺ پر قرآن کریم کا نزول شروع ہوا۔اور نسل انسانی کے لیے آخری آسمانی کتاب نازل ہونی شروع ہوئی۔ ظاہر ہے کہ یہ مرحلہ تاریخ کے اہم ترین مراحل میں سے ایک تھا۔

پہلی وحی کے بارے میں احادیث

اسی لیے امام بخاریؒ نے اپنی تالیف صحیح بخاری کی پہلی کتاب یعنی کتاب الوحی میں اس بارے میں یہ حدیث درج کی: ’’ ام المومنین حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ پہلے پہل جو وحی رسول اللہﷺ کو شروع ہوئی وہ نیند میں سچے خوابوں کا دیکھنا تھا۔آپؐ جو خواب بھی دیکھتے وہ صبح صادق کی طرح نمودار ہوجاتا۔ اس کے بعد آپؐ کو تنہائی کی طرف رغبت ہوئی اور آپﷺ غار حرا میں تنہا رہتے اور اس میں عبادت کرتے۔ یہ عبادت گنتی کی چند راتوں کی تھی جسے آپؐ پیشتر اس کے کہ آپؐ کو اپنے گھر والوں سے ملنے کی خواہش ہوتی پورا کرلیتے اور اس کے لیے آپؐ توشہ لے لیتے۔ پھر کچھ مدت بعد حضرت خدیجہ کے پاس واپس آتے اور اتنی ہی راتوں کے لیے اَور زاد لے لیتے۔ آخر آپؐ کے پاس حق آگیا اور آپؐ غار حرا میں تھے۔ آپؐ کے پاس ایک فرشتہ آیا اور اس نے کہا: پڑھو۔ آپؐ نے فرمایامیں تو ہر گز نہیں پڑھوں گا۔ رسول اللہﷺ فرماتے تھے : اس پر اس نے مجھے پکڑا اور مجھے اس قدر بھینچا کہ میری طاقت اپنی انتہا کو پہنچ گئی۔ پھر اس نے مجھ کو چھوڑ دیا اور کہنے لگا کہ پڑھو۔ میں نے کہا : میں نہیں پڑھوں گا۔ پھر اس نے مجھے پکڑا اور دوبارہ اس زور سے بھینچا (کہ میں بےہوش ہو گیا )۔پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا : پڑھو۔ میں نے کہا کہ میں نہیں پڑھوں گا۔پھر اس نے مجھے سہ بارہ پکڑا اور زور سے بھینچا۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: اِقۡرَاۡ بِاسۡمِ رَبِّکَ الَّذِیۡ خَلَقَ… یعنی پڑھو اپنے ربّ کا نام لے کر کہ جس نے پیدا کیا۔ انسان کو پیدا کیا ایک لوتھڑے سے۔ پڑھو اور تمہارا ربّ بہت ہی کریمانہ صفات والا ہے۔ان آیات کو لے کر رسول اللہﷺ واپس لَوٹے۔ آپؐ کا دل دھڑک رہا تھا۔ آپؐ حضرت خدیجہ بنت خویلدؓ کے پاس آئے اور کہا: مجھے کپڑا اوڑھا دو۔ مجھے کپڑا اوڑھا دو۔چنانچہ انہوں نے آپؐ کو کپڑا اوڑھا دیا یہاں تک کہ آپﷺ سے وہ گھبراہٹ جاتی رہی تب آپؐ نے حضرت خدیجہؓ سے سارا واقعہ بیان کیا اور کہا: مجھے تو اپنی جان کا اندیشہ ہو گیا ہے۔اس پر حضرت خدیجہؓ نے کہا: ہر گز نہیں۔بخدا اللہ آپؐ کو ہر گز رسوا نہیں کرے گا۔آپؐ صلہ رحمی کرتے ہیں۔عاجز کا بوجھ اٹھاتے ہیں اور وہ نیکیاں کرتے ہیں جو معدوم ہو چکی ہیں۔مہمان نوازی کرتے ہیں اور حق کی مشکلات میں مدد دیتے ہیں۔اس پر حضرت خدیجہ ؓآپؐ کو لے گئیں اور اپنے چچا زاد بھائی ورقہ بن نوفل کے پاس لائیں۔ ورقہ وہ شخص تھے جو زمانہ جاہلیت میں عیسائی ہو گئے تھے اور عبرانی لکھنا پڑھنا جانتے تھے۔ اور انجیل سے جو اللہ چاہتا عبرانی میں لکھا کرتے تھے۔ اور وہ بہت بوڑھے تھے۔نابینا بھی ہو چکے تھے۔خدیجہؓ نے ان سے کہا: اے میرے چچا کے بیٹے ! اپنے بھتیجے کی بات سنو۔ ورقہ نے آپؐ سے پوچھا کہ اے میرے بھتیجے! تم کیا دیکھتے ہو؟اس پر رسول اللہﷺ نے جو دیکھا تھا ان کو بتایا۔ ورقہ نے آپؐ سے کہا: یہ وہ شریعت لانے والا فرشتہ ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰؑ پر اتار ا تھا۔اے کاش!میں اس زمانہ میں جوان ہوتا۔اے کاش! میں اس وقت زندہ رہوں جب تیری قوم تجھے نکالے گی۔اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا: کیا وہ مجھے نکالیں گے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ جو پیغام تو لایا ہے جب کبھی بھی کوئی شخص ایسا پیغام لے کر آیا تو ضرور ہی اس کی دشمنی کی گئی۔اور اگر میں نے تیرا وہ زمانہ پا لیا تو میں کمر باندھ کر تیری مدد کروں گا۔اس کے بعد ورقہ جلد ہی فوت ہو گئے اور وحی میں وقفہ پڑ گیا۔ (صحیح بخاری۔ کتاب بدء الوحی۔ باب ۳)

کم و بیش اسی مضمون کی حدیث مسند احمد بن حنبل کی مسند حضرت عائشہؓ میں، صحیح بخاری کتاب التعبیر کے باب أَوَّلُ مَا بُدِءَ بِهٖ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنَ الْوَحْيِ الرُّؤْيَا الصَّالِحَۃُ میں، صحیح مسلم کی کتاب الایمان کے باب بدء الوحی الی رسول اللّٰہﷺ میں بھی بیان ہوئی ہے۔ اور یہ روایت دنیا بھر کے مسلمانوں میں معروف ہے۔

غامدی صاحب کے نظریات کا خلاصہ

کچھ عرصہ سے جاوید احمد غامدی صاحب نے اس جیسی روایتوں کو موضوع بحث بنایا ہے۔اس بحث کے معین حوالے بعد میں پیش کیے جائیں گے لیکن شروع میں ہی غامدی صاحب کے بنیادی نکات درج کر دیے جاتے ہیں۔

۱۔ غامدی صاحب کے بقول یہ احادیث جن میں یہ ذکر ہے کہ رسول اللہﷺ غار حرا میں خلوت نشین ہوئے اور وہاں پر اللہ تعالیٰ کی عبادت کی اور وہیں پر آپؐ پر پہلی وحی نازل ہوئی درست نہیں ہیں۔

۲۔ نہ صرف غار حرا میں بلکہ نبوت پر سرفراز ہونے سے قبل آپؐ کسی جگہ پر بھی خلوت نشین نہیں ہوئے کیونکہ نبوت کا مقام صرف موہبت الٰہی سے حاصل ہوتا ہے۔ اس مرحلہ سے قبل مجاہدات سے تو یہ تاثر پڑتا ہے کہ کسی روحانی منصب کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔اس قسم کی روایات صوفیانہ خیالات کے زیر اثر بنائی گئی تھیں۔

۳۔سورۃ العلق کی ابتدائی آیات وہ پہلی وحی نہیں جو کہ رسول اللہﷺ پر نازل ہوئی تھی۔اس کا انداز ہی یہ بتا رہا ہے کہ اسے پہلی وحی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

اب ہم غامدی صاحب کے ان نکات کے حق میں دیے گئے دلائل کا ترتیب وار جائزہ لیں گے۔جیسا کہ اس سلسلہ میں ریکارڈ کیے گئے ایک تفصیلی انٹرویو کی پہلی قسط میں غامدی صاحب نے بجا طور پر فرمایا ہے کہ علمی بحث میں طعن و تشنیع سے کام لینے کی بجائے دلائل کے ساتھ بھی گفتگو کی جا سکتی ہے۔ نیچے ویڈیو کا لنک دیا گیا ہے۔وہ کہتے ہیں: ’’ پہلے اس کو بھی دیکھ لیجیے یا تو یہ ہوگا کہ وہ بات علم و عقل کے مسلّمات کے خلاف نظر آتی ہے۔ جن چیزوں کو ہم علمی لحاظ سے پہلے سے مانے ہوئے ہوتے ہیں۔ ان کی بنیاد پر کوئی سوال پیدا ہوجاتا ہے اور یا یہ ہوتا ہے کہ اللہ کی کتاب قرآن مجید، رسالت مآبﷺ کی تعلیمات، اس سے پہلے جو پیغمبروں کی روایات ہمارے پاس رہی ہیں اس کی بنیاد پر ہمارے پاس جو تصویر بنی ہوتی ہے اس میں کوئی خلل واقعہ ہو جاتا ہےتو سوالات پیدا ہوتے ہیں۔تو وہی سوالات ایک طالب علم کی حیثیت سے میرے ذہن میں بھی پیدا ہوئے۔‘‘ (https://www.youtube.com/watch?v=7c14_V8fTD4&t=297s. accessed on 30 October 2026)

لیکن اس تجزیہ کو شروع کرنے سے پہلے ایک اَور معیار بیان کرنا ضروری ہے اور وہ یہ کہ ہم قرآنی آیات اور رسول اللہﷺ کی سنت اور ان کے بعد احادیث کو اپنے خیالات پر نہیں پرکھ سکتے کہ جس حصہ کو اپنے خیالات کے مخالف پائیں اسے نعوذُباللہ ردّ کر دیں۔ بلکہ ہمارے خیالات اور نظریات کو قرآنی آیات، رسول اللہﷺ کی سنت اور ان کے بعد احادیث کے معیار کی کسوٹی پر پرکھا جائے گا۔ جو ان کے مطابق صحیح نکلا اسے قبول کیا جائے گا اور جو نظریہ غلط نکلا وہ ردّ کیا جائے گا۔اس بنیادی معیار کا ذکر کرنے کے بعد ہم ان باتوں کے بارے میں محترم غامدی صاحب کے افکار کا جائزہ لیتے ہیں۔

صحیح بخاری کی روایت کا تجزیہ

اس سلسلے میں غامدی صاحب نے سب سے پہلے آنحضرتﷺ کی غار حرا میں خلوت نشینی، عبادت اور اس مقام پر نزول وحی کی روایات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا: ’’یہ روایت امام بخاری نے نقل کی ہے۔ اب ظاہر ہے ایک روایت اگر بخاری میں نقل ہوئی ہے تو بخاری کی جو حیثیت ہے ہمارے ہاں ،علم حدیث میں کم ہی کوئی سوال پیدا ہوتا ہے، ہم مان لیتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ عام طور پر قبول کیا جاتا ہے کہ امام بخاری نے بہت تحقیق کے بعد اپنی روایات نقل کی ہیں، ان کا معیار بھی بہت سخت تھا۔ وہ اس معاملہ میں بہت حد تک تحقیق و جستجو کا حق ادا کر دیتے تھے۔ یہ سب باتیں چونکہ مانی ہوئی ہیں اور امام بخاری کی اس فن میں ایک خاص حیثیت ہے تو جب کوئی روایت ان کے ہاں مل جاتی ہے تو ہم پورے اعتماد سے اس کو نقل کرنا شروع کر دیتے ہیں۔‘‘ (https://www.youtube.com/watch?v=7c14_V8fTD4&t=297s. accessed on 30 October 2026)

اس مرحلہ پر غامدی صاحب کی یہ گفتگو سنتے ہوئے یہ تاثر ملتا ہے کہ شاید اس مضمون کی حدیث صرف صحیح بخاری میں درج ہے۔ لیکن یہ تاثر غلط ہے۔ اس مضمون کے آغاز پر جو حدیث درج کی گئی ہے اسی مضمون کی حدیث صحیح مسلم کی کتاب الایمان کے باب بدء الوحی الی رسول اللہﷺ میں بھی درج ہے۔ اور کسی قدر فرق کے ساتھ مسند امام احمد بن حنبل کی مسند عائشہؓ میں درج ہے۔ اور تفسیر کبیر میں سورۃ العلق کی تفسیر کرتے ہوئے حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نے سب سے پہلے مسند احمد بن حنبل کی روایت درج فرمائی ہے۔(تفسیر کبیر جلد۱۳ صفحہ ۳۲۳و ۳۲۴) اس سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ احادیث کی تین معتبر ترین کتب اس روایت کو درج کرتی ہیں اور ایسا نہیں تھا کہ چونکہ صرف صحیح بخاری میں یہ روایت درج تھی اس لیے امت مسلمہ میں یہ روایت نقل در نقل ہونی شروع ہو گئی۔

حدیث کی سند پر تنقید

اس کے بعد غامدی صاحب علم حدیث کی اصطلاحات کو بنیاد بنا کر اس حدیث پریہ سوال اٹھاتے ہیں: ’’اس سے واضح ہو گیا کہ یہ ایک مرسل روایت ہے۔…مطلب ہے کہ وہ مرفوع نہیں ہوئی۔یعنی اس طرح نہیں بیان کی گئی کہ رسول اللہﷺ نے یہ بتایا۔ رسول اللہﷺ سے مَیں نے یہ سنا۔ یا رسول اللہﷺ نے فلاں موقع پر یہ بات کہی اور میں وہاں موجود تھا۔ اس طرح کی کوئی صراحت اس میں نہیں ہوتی۔‘‘

غامدی صاحب کے اٹھائے گئے سوال ہی سے اس اصطلاح کا مطلب واضح ہے۔لیکن اگر علم حدیث کی اصطلاحات کو بنیاد بنایا جائے تو یہ واضح ہے کہ یہ عام مرسل روایت نہیں بلکہ’ مراسیل صحابہ ‘ میں سے ہے۔ یعنی یہ حدیث ایک صحابیہ اور وہ بھی امّ المومنین حضرت عائشہؓ سے روایت کی جا رہی ہے۔ گو حضرت عائشہؓ نے یہ وضاحت نہیں فرمائی کہ میں نے اس روایت کو خود رسول اللہﷺ سے سنا تھا۔ اگرپرانی لکھی گئی کتب کا ذکر نہ بھی کریں تو اس دور میں لکھی گئی ایک کتاب کا حوالہ پیش ہے۔ پاکستان سے ہی شائع ہونے والی کتاب ’معجم اصطلاحات حدیث ‘ میں ایسی احادیث کے بارے میں لکھا ہے: ’’جمہور علماء محدثین کا صحیح اور مشہور قول ہے کہ صحابی کی مرسل روایت صحیح اور قابل حجت ہوتی ہے۔‘‘(معجم اصطلاحات حدیث۔ مصنفہ ڈاکٹر سہیل حسین(۲۰۰۳)۔ناشر ادارہ تحقیقات اسلامی اسلام آبادصفحہ۳۲۹)

لیکن ان علمی اصطلاحات کو ایک طرف رکھ کر یہ سوچنا چاہیے کہ حضرت عائشہؓ  آنحضرتﷺ کی زوجہ محترمہ تھیں۔ شادی کے بعد آپؐ کے روز و شب آپﷺ کی پاک صحبت میں بسر ہوئے۔ اور کتنی ہی مرتبہ آپؓ کے سامنے اور آپؓ کے حجرہ میں نبی اکرمﷺ پر وحی نازل ہوئی اور آپؓ نے کیفیتِ وحی کا مشاہدہ کیا۔ اور اس کے بارے میں آپؓ سے کئی روایات معروف ہیں۔اور احادیث میں بیان کیا گیا ہے کہ حضرت عائشہؓ کے حجرہ میں جبرائیل علیہ السلام آنحضرتﷺ کے پاس آئے اور آپﷺ نے حضرت عائشہؓ سےفرمایا کہ جبرائیل تمہیں سلام کہتے ہیں ۔ اس کے جواب میں حضرت عائشہؓ نے کہا کہ ان پر بھی سلامتی اور رحمت ہو۔(سنن ابن ماجہ۔ کتاب الادب۔ باب ردالسلام ) یہ ممکن ہی نہیں کہ آنحضرتﷺ نے اپنی زندگی کے اس اہم ترین واقعہ کا ذکر آپؓ سے کبھی نہ فرمایا ہو یا یہ کہ آپؓ نے کبھی اس بارے میں آپﷺ سے دریافت نہ فرمایا ہو۔حضرت عائشہؓ  کو وحی کی ابتدا کے بارے میں کسی اَور سے دریافت کرنے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ ہم یہی نتیجہ نکال سکتے ہیں کہ اگر ایک حدیث حضرت عائشہؓ  کی طرف صحیح طور پر منسوب ہے تو لازمی طور پر انہوں نے یہ واقعات رسول اللہﷺ سے ہی سنے ہوں گے۔اس پس منظر میں اس حدیث کے بارے میں مرسل یا مرفوع کی بحث نا قابل فہم ہے۔

اس کے علاوہ صحیح بخاری کی کتاب الوحی اور صحیح مسلم کتاب الایمان باب بدء الوحی الیٰ رسول اللہﷺ میں ایک صحابی جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ فترۃِ وحی کے زمانے میں آپؐ چلے جا رہے تھے کہ آسمان سے آواز آئی تو آپؐ نے دیکھا کہ وہی فرشتہ جو کہ غار حرا میں آپؐ کے پاس آیا تھا، آسمان اور زمین کے درمیان ایک کرسی پر بیٹھا ہوا ہے۔اس روایت سے ظاہر ہے کہ صحابہؓ نے یہ بھی بیان کیا ہے کہ انہوں نے خود رسول اللہﷺ کی زبان مبارک سے سنا تھا کہ غار حرا میں آپؐ کے پاس فرشتہ آیا تھا۔ اس طرح اس بارے میں مرسل اور مرفوع کی بحث ویسے ہی ختم ہو جاتی ہے۔

اس کے علاوہ غامدی صاحب بخاری میں درج اس روایت کے ایک راوی ابن شہاب زہری پر مبہم سی تنقید کرتے ہیں کہ اس روایت کی بنا ابن شہاب زہری کی ایک روایت پر ہے۔ ابن شہاب زہری نے عروہ بن زبیر سے روایت کی اور انہوں نے حضرت عائشہؓ سے یہ روایت سنی۔غامدی صاحب صرف یہ کہتے ہیں کہ ان کے متعلق ایک صاحب نے مقالہ لکھا ہے۔ کوئی عالم کسی راوی کے بارے میں کوئی بھی رائے رکھ سکتا ہے۔ اس بارے میں کسی طویل تجزیہ کی ضرورت نہیں۔ لیکن یہاں صرف یہ لکھنا کافی ہے کہ راویوں کے حالات کے بارے میں ایک معتبر کتاب تقریب التہذیب میں ابن شہاب زہری کے بارے میں لکھا ہے کہ ان کی جلالت قدر اور اتقان پر سب کو اتفاق ہے۔

کیا یہ عربی کا لفظ ہے؟

اس حدیث کے راویوں پر بحث کرنے کے بعد غامدی صاحب اس تبصرے کو ایک عجیب رخ دیتے ہیں۔ مضمون کے شروع میں جو حدیث درج کی گئی ہے اس میں غار حرا میں رسول اللہﷺ کی عبادت کا ذکر کرتے ہوئے یہ لکھا ہے کہ ثُمَّ حُبِّبَ إِلَيْهِ الْخَلَاءُ وَكَانَ يَخْلُو بِغَارِ حِرَاءٍ، فَيَتَحَنَّثُ فِيْهِ وَهُوَ التَّعَبُّدُ اللَّيَالِيَ ذَوَاتِ الْعَدَدِ قَبْلَ أَنْ يَنْزِعَ إِلٰى أَهْلِهٖ۔یعنی اس کے بعد آپؐ کو تنہائی کی طرف رغبت ہوئی اور آپﷺ غار حرا میں تنہا رہتے اور اس میں عبادت کرتے۔ یہ عبادت گنتی کی چند راتوں کی تھی جسے آپؐ پیشتر اس کے کہ آپؐ کو اپنے گھر والوں سے ملنے کی خواہش ہوتی پورا کر لیتے۔

اس عبارت میں یَتَحَنَّثُ کے لفظ کے متعلق غامدی صاحب کا یہ کہنا ہے کہ عربی زبان اس لفظ سے واقف نہیں۔ ویسے تو کئی الفاظ جو کہ قرآن کریم یا احادیث میں بیان ہوئے ہیں ان کے معانی کے متعلق علماء نے بہت بحثیں کی ہیں لیکن غامدی صاحب کا یہ کہنا کہ عربی زبان اس لفظ سے واقف ہی نہیں، درست نہیں ہے۔لغوی بحث کوچھوڑتے ہوئے کوئی بھی عربی لغت منجد میں دیکھ سکتا ہے کہ اس لفظ کا مطلب یہ بیان ہوا ہے کہ ’’ گناہ سے نفرت کرنا۔ گناہ چھوڑنا۔ عبادت کرنا۔ بتوں سے الگ ہونا۔ ‘‘ اور اسی حدیث میں یہ الفاظ ہیں فَيَتَحَنَّثُ فِيهِ وَهُوَ التَّعَبُّدُ یعنی اس سے مراد عبادت کرنا۔ اسی طرح عربی سے انگریزی کی مشہور لغت Lane میں اس کا مطلب لکھا ہے: He put away, or cast away, from himself sin or crime۔ اس پس منظر میں یہ کہنا درست نہیں کہ عربی زبان اس لفظ سے ناآشنا ہے۔

غامدی صاحب کے دل میں کیا خلش ہے؟

اب تک کی بحث کے بعد پڑھنے والوں پر یہ عقدہ نہیں کھل رہا ہو گا کہ آخر اس پیچیدہ بحث سے غامدی صاحب کیا نتیجہ حاصل کرنا چاہ رہے ہیں یا کیا سوال اٹھانا چاہتے ہیں؟ لیکن جلد ہی یہ مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔ غامدی صاحب نے اس مرحلہ پر کہا: ’’عبادت کی نوعیت کیا تھی یعنی کیا عبادت تھی؟ اس سے جو تاثر پیدا ہوتا ہے جب روایت کو آپ پڑھتے ہیں۔ میں طالب علمانہ سوال آپ کے سامنے رکھتا ہوں۔وہ تاثر یہ ہے کہ جیسے صوفیاء حضرات بالعموم مراقبے کرتے ہیں، چلّےکرتے ہیں، غاروں میں چلے جاتے ہیں، بیابان میں چلے جاتے ہیں۔ہم بدھا کے بارے میں پڑھتے ہیں کہ وہ جنگل میں چلے گئے وہاں ان کو نروان حاصل ہو گیا۔ یہ تصویر سی سامنے آتی ہے۔‘‘ (https://www.youtube.com/watch?v=7c14_V8fTD4&t=297s. accessed on 30 October 2026)

یہاں پر غامدی صاحب کا نکتہ نظر کچھ واضح ہوتا نظر آتا ہے۔ ان کو سننے اور پڑھنے والے اس بات سے واقف ہیں کہ وہ کم از کم اکثر صوفیاء مزاج کے لوگوں کے وظائف اور چلّوں کے طریقوں کے مخالف ہیں۔ اگر تو بات یہاں تک محدود ہوتی کہ وہ بدعات کے خلاف ہیں تو یہ اَور بات ہوتی لیکن جیسا کہ پہلے عرض کیا جا چکا ہے کہ آنحضرتﷺ کی مبارک زندگی تمام دنیا کے لیے حجت ہے۔ اور اپنی حقیر بساط کے مطابق ان کی پیروی کرنا تمام انسانوں کا فرض ہے لیکن ہماری ناقص عقلوں کی کسوٹی پر پرکھ کر ان واقعات کے صحیح اور غلط کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔ جب آنحضرتﷺ نے خود یہ تفصیل بیان نہیں فرمائی کہ اس عبادت کی نوعیت کیا تھی تو اس کے متعلق زیادہ قیاس بھی نہیں کیا جا سکتا۔لیکن ایک بات یقینی ہے کہ آپؐ کی قبل از نبوت کی زندگی بھی اللہ تعالیٰ کی خاص حکمتوں کے سائے میں بسر ہوئی تھی۔ غامدی صاحب اپنی اس الجھن کو ان الفاظ میں پیش کرتے ہیں : ’’پہلی بنیادی بات یہ سمجھ لیجیے کہ قرآن مجید یہ بتاتا ہے کہ رسالت مآبﷺ اس کتاب کے نازل ہونے سے پہلے، قرآن کے نزول سے پہلے وحی کے نزول سے پہلے، کسی چیز کے متوقع نہیں تھے۔وَ مَا كُنْتَ تَرْجُوْۤا اَنْ یُّلْقٰۤى اِلَیْكَ الْكِتٰبُ (القصص :۸۷) یہ خیال میں بھی کبھی نہیں آیا تھا۔ اس کی کبھی توقع ہی نہیں کی تھی کہ آپؐ پر یہ کتاب نازل ہو جائے گی۔آپؐ کو پیغمبر بنا دیا جائے گا۔ اس طرح کی کوئی چیز آپؐ کے سامنے نہیں تھی۔اس کو قرآن مجید بیان کرتا ہے۔‘‘

پھر وہ امین اصلاحی صاحب کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں: ’’نبوت اور رسالت ایک موہبت الٰہی ہے۔ نبوت اور رسالت کا معاملہ یہ نہیں ہے کہ کسی شخص کے اندر کچھ ملکات موجود تھے جیسے ایک شاعر پیدا ہوا، کوئی ادیب پیدا ہوا اور کوئی بڑا سائنسدان پیدا ہوا۔اور اس کے ان ملکات کا ظہور ہونا شروع ہو گیا۔ہم عام انسانوں کو جب دیکھتے ہیں تو عام انسان اکتساب کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کوئی صلاحیت دیتا ہے، کوئی ملکہ عطا فرماتا ہے، پھر کیا ہوتا ہے۔وہ اس ملکہ کو نشو نما دیتے ہیں۔‘‘ (https://www.youtube.com/watch?v=7c14_V8fTD4&t=297s. accessed on 30 October 2026)

یہاں پر دو امور میں فرق کرنا ضروری ہے۔یہ بات تو یقینی ہے کہ نہ صرف نبی اکرمﷺ بلکہ کوئی بھی نبی اس بات کی تمنا نہیں رکھتا کہ اس کے سپرد دنیا کی اصلاح کا کام کیا جائے۔ یہ درست ہے کہ نبوت اور رسالت موہبت الٰہی ہے اور اس میں انسانی کاوشوں کا کچھ بھی دخل نہیں۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : اَللّٰہُ اَعۡلَمُ حَیۡثُ یَجۡعَلُ رِسَالَتَہٗ (الانعام:۱۲۵)ترجمہ: اللہ سب سے زیادہ جانتا ہے کہ اپنی رسالت کا انتخاب کہاں سے کرے۔

لیکن اس سے یہ کس طرح ثابت ہوتا ہے جو بھی خلوت نشین ہو کر اللہ تعالیٰ کی عبادت کرے وہ نبوت یا رسالت کی خواہش رکھتا ہے۔تاریخ مذاہب میں ایسی بزرگ ہستیوں کی سینکڑوں نہیں ہزاروں مثالیں مل جائیں گی جنہوں نے دنیا سے علیحدہ ہو کر اللہ تعالیٰ کی عبادت کی لیکن ان کے دل میں کسی منصب پر فائز ہونے کی کوئی تمنا نہیں تھی۔ کجا یہ کہ دنیا کی مقدس ترین ہستی کے بارے میں یہ گمان کیا جائے۔

کیا اعتکاف خلوت نشینی میں عبادت نہیں؟

ہم سب جانتے ہیں کہ رسول اللہﷺ ہر سال رمضان کی آخری دس تاریخوں میں اعتکاف کرتے تھے اور آپؐ کی حیات مبارکہ کا جو آخری رمضان تھا اس میں آپؐ نے بیس روز کا اعتکاف مکمل فرمایا۔ اور آپؐ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے ہر سال لاکھوں مسلمان اعتکاف میں بیٹھتے ہیں۔ آخر اعتکاف میں بھی تو گھر والوں سے علیحدہ ہو کر مسجد میں خلوت نشین ہو کر عبادت کی جاتی ہے۔ کیا ہر سال جو لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھتے ہیں وہ کسی مقام یا منصب کی تمنا رکھتے ہیں۔ یقینی طور پر غامدی صاحب اس بات سے اتفاق کریں گے کہ ایسا نہیں ہے۔وہ صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر دس روز یہ قربانی دیتے ہیں۔

پھر غامدی صاحب کہتے ہیں: ’’اس کے لیے غار حرا میں جانے کی ہی ضرورت کیوں پیش آ گئی۔حرم تو گھر کے پاس موجود ہے؟ حرم سے بڑی عبادت گاہ کون سی ہو سکتی ہے۔تو یہ آخر کیوں ہوا۔یہ حرا میں کیا جانا تھا اس کی حقیقت واضح ہونی چاہیے۔یہ کیا نروان حاصل کرنے ،کیا کوئی مراقبہ کرنے، کیا کسی خاص صورت حال کا مشاہدہ کرنے کے لیے کیا جارہا تھا۔‘‘

ایک بار پھر یہ عرض کریں کہ آنحضرتﷺ کی ذات ہمارے لیے اسوہ ہے نہ کہ ہم جیسے حقیر لوگ دنیا کی مقدس ترین ہستی کی زندگی کے بارے میں منصف بن کر فیصلے کرنا شروع کردیں۔ لیکن وجہ صاف ظاہر ہے۔ اس وقت بھی خانہ کعبہ ایک پبلک مقام تھا جہاں لوگ جمع ہوتے تھے۔ اور مشرکین نے اپنے بت بھی وہاں رکھے ہوئے تھے جن کی پرستش کی جاتی تھی۔ اگر اس پس منظر میں خلوت میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے کے لیے آنحضرتﷺ غار حرا میں تشریف لے گئے تو اس میں حیرت کی کیا بات ہے؟

قرآن کریم سے چند گذشتہ انبیاء کی مثالیں

چونکہ غامدی صاحب نے خود آنحضرتﷺ سے قبل کے انبیاء کے واقعات کا ذکر فرمایا ہے کہ وہ ان کے حالات کی بنا پر بھی یہ نتائج نکال رہے ہیں۔ اس لیے مناسب ہو گا اگر ان انبیاء کی بھی کچھ مثالیں پیش کی جائیں۔قرآن مجید میں درج واقعات سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی حکمت کا تقاضہ یہی تھا کہ خاص وحی اور آسمانی انعامات سے پہلے کئی انبیاء لوگوں سے علیحدہ ہو کر تنہائی میں اللہ تعالیٰ سے ہم کلام ہوتے رہے ہیں یا خاص انعامات پاتے رہے ہیں۔جیسا کہ قرآن مجید حضرت موسیٰؑ کے بارے میں بیان فرماتا ہے: وَوٰعَدۡنَا مُوۡسٰی ثَلٰثِیۡنَ لَیۡلَۃً وَّاَتۡمَمۡنٰہَا بِعَشۡرٍ فَتَمَّ مِیۡقَاتُ رَبِّہٖۤ اَرۡبَعِیۡنَ لَیۡلَۃً ۚ وَقَالَ مُوۡسٰی لِاَخِیۡہِ ہٰرُوۡنَ اخۡلُفۡنِیۡ فِیۡ قَوۡمِیۡ وَاَصۡلِحۡ وَلَا تَتَّبِعۡ سَبِیۡلَ الۡمُفۡسِدِیۡنَ۔ وَلَمَّا جَآءَ مُوۡسٰی لِمِیۡقَاتِنَا وَکَلَّمَہٗ رَبُّہٗ ۙ قَالَ رَبِّ اَرِنِیۡۤ اَنۡظُرۡ اِلَیۡکَ ؕ قَالَ لَنۡ تَرٰٮنِیۡ وَلٰکِنِ انۡظُرۡ اِلَی الۡجَبَلِ فَاِنِ اسۡتَقَرَّ مَکَانَہٗ فَسَوۡفَ تَرٰٮنِیۡ ۚ فَلَمَّا تَجَلّٰی رَبُّہٗ لِلۡجَبَلِ جَعَلَہٗ دَکًّا وَّخَرَّ مُوۡسٰی صَعِقًا ۚ فَلَمَّاۤ اَفَاقَ قَالَ سُبۡحٰنَکَ تُبۡتُ اِلَیۡکَ وَاَنَا اَوَّلُ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ ۔ (الاعراف:۱۴۳ و ۱۴۴)ترجمہ: اور ہم نے موسیٰ ؑ کے ساتھ تیس راتوں کا وعدہ کیا اور انہیں دس( مزید راتوں ) کے ساتھ مکمل کیا۔پس اس کے ربّ کی مقرر کردہ مدت چالیس راتوں میں تکمیل کو پہنچی۔ اور موسیٰ ؑنے اپنے بھائی ہارون سے کہا میری قوم میں میری قائم مقامی کر اور اصلاح کر اور مفسدوں کی پیروی نہ کر۔اور جب موسیٰ ہمارے مقرر کردہ وقت پر حاضر ہوا اور اس کے ربّ نے اس سے کلام کیا تو اس نے کہا کہ اے میرے ربّ! مجھے دکھلا دے کہ میں تیری طرف نظر بھر کر دیکھوں۔ اس نے کہا تُو ہر گز مجھے نہ دیکھ سکے گا لیکن تُو پہاڑ کی طرف دیکھ پس اگر یہ اپنی جگہ پر قائم رہا تو تو بھی مجھے دیکھ سے گا۔پس جب اس کے ربّ نے پہاڑ پر تجلی کی تو اسے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا اور موسیٰ بیہوش ہو کر جا پڑا پس جب اسے افاقہ ہوا تو اس نے کہا پاک ہے تُو۔ مَیں تیری طرف توبہ کرتے ہوئے آتا ہوں۔اور مَیں مومنوں میں اوّل نمبر پر ہوں۔

اس واقعہ سے ظاہر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے چالیس راتوں کے لیےباقی دنیا سے مکمل طور پر علیحدہ کر کے ایک پہاڑ پر انہیں طلب فرمایا۔ حالانکہ اس وقت ان کی قوم ویرانے میں تھی اور انہیں آپؑ کے پیچھے سے سامری کا ابتلا بھی پیش آیا۔

اسی طرح جب حضرت زکریا ؑ کو حضرت یحییٰ علیہ السلام کی پیدائش کی خوش خبری دی گئی تو انہوں نے اس ضمن میں اللہ تعالیٰ سے ایک نشان کی درخواست کی تو انہیں یہ حکم دیا گیا: قَالَ رَبِّ اجۡعَلۡ لِّیۡۤ اٰیَۃً ؕ قَالَ اٰیَتُکَ اَلَّا تُکَلِّمَ النَّاسَ ثَلٰثَۃَ اَیَّامٍ اِلَّا رَمۡزًا ؕ وَاذۡکُرۡ رَّبَّکَ کَثِیۡرًا وَّسَبِّحۡ بِالۡعَشِیِّ وَالۡاِبۡکَارِ۔ (آل عمراٰن:۴۲) ترجمہ: اس نے کہا کہ اے میرے ربّ! میرے لیے کوئی نشان مقرر کردے۔ اس نے کہا تیرا نشان یہ ہے کہ اشاروں کے سوا تُو تین دن لوگوں سے بات نہ کر۔ اور اپنے ربّ کو بہت کثرت سے یاد کراور تسبیح کر شام کو بھی اور صبح کو بھی۔

ظاہر ہے کہ یہ بھی ایک خلوت کی قسم تھی جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے ایک نبی کو تین روز تک لوگوں سے کلام کرنے سے بھی منع فرمایا۔

اسی طرح انبیاء کے علاوہ بھی ایک مثال پیش کی جاتی ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے حضرت مریمؑ کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی معجزانہ ولادت کی بشارت دی گئی تو اس واقعہ کو قرآن مجید اس طرح بیان کرتا ہے: وَاذۡکُرۡ فِی الۡکِتٰبِ مَرۡیَمَ ۘ اِذِ انۡتَبَذَتۡ مِنۡ اَہۡلِہَا مَکَانًا شَرۡقِیًّا۔ فَاتَّخَذَتۡ مِنۡ دُوۡنِہِمۡ حِجَابًا ۪۟ فَاَرۡسَلۡنَاۤ اِلَیۡہَا رُوۡحَنَا فَتَمَثَّلَ لَہَا بَشَرًا سَوِیًّا۔قَالَتۡ اِنِّیۡۤ اَعُوۡذُ بِالرَّحۡمٰنِ مِنۡکَ اِنۡ کُنۡتَ تَقِیًّا۔قَالَ اِنَّمَاۤ اَنَا رَسُوۡلُ رَبِّکِ ٭ۖ لِاَہَبَ لَکِ غُلٰمًا زَکِیًّا۔(مریم : ۱۷ تا ۲۰) ترجمہ:اور (اس) کتاب میں مریم کا ذکر کرجب وہ اپنے گھر والوں سے جدا ہو کر جانب مشرق ایک جگہ چلی گئی۔ پس اس نے اپنے اور ان کے درمیان ایک حجاب حائل کر دیا۔ تب ہم نے اس کی طرف ایک فرشتہ بھیجا۔ اور اس نے اس کے لیے ایک متناسب بشر کا تمثل اختیار کیااس نے کہا میں تجھ سے رحمٰن کی پناہ میں آتی ہوں اگر تو تقویٰ شعار ہے۔اس نے کہا کہ مَیں تو تیرے ربّ کا محض ایک ایلچی ہوں کہ تجھے ایک پاک خو لڑکا عطا کروں۔

اس موقع پر بھی حضرت مریمؑ نے اپنے آپ کو علیحدہ کرکے خلوت اختیار کی تھی اور اپنے آپ کو گھر والوں سے علیحدہ کر لیا تھا۔

قرآن مجید میں ان تمام بیان کردہ واقعات میں بہت سے اہم روحانی واقعات کے وقت اللہ تعالیٰ کے حکم سے یا اللہ تعالیٰ کی حکمت کے تحت ان مقدس ہستیوں نے کسی نہ کسی رنگ میں خلوت نشینی اختیار کی تھی۔ اس پس منظر میں غار حرا میں آنحضرتﷺ کی تنہائی میں عبادت پر تعجب حیران کُن ہے۔

چند اَور پہلو

جو حوالہ درج کیا گیا ہے اس کے آخر میں غامدی صاحب نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ غارِ حرا کی خلوت کی نوعیت کیا تھی؟ اور اس سلسلے میں وہ صوفیاء کے حوالے دیتے ہیں کہ وہ مراقبے کرتے ہیں اور غاروں میں چلے جاتے ہیں اور اس کے بعد وہ مہاتما بدھ کا حوالہ دیتے ہیں کہ وہ جنگلوں میں چلے گئے تھے اور وہاں انہیں نروان حاصل ہوا۔ سب سے پہلے تو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس حوالے سے غامدی صاحب کے ذہن میں کیا خلش ہے کہ مہاتما بدھ کا حوالہ دے رہے ہیں۔اس ویڈیو میں وہ یہ آیت کریمہ پڑھتے ہیں: قُلۡ لَّوۡ شَآءَ اللّٰہُ مَا تَلَوۡتُہٗ عَلَیۡکُمۡ وَلَاۤ اَدۡرٰٮکُمۡ بِہٖ ۫ۖ فَقَدۡ لَبِثۡتُ فِیۡکُمۡ عُمُرًا مِّنۡ قَبۡلِہٖ ؕ اَفَلَا تَعۡقِلُوۡنَ۔ (یونس : ۱۷)ترجمہ: تُو کہہ دے اگر اللہ چاہتا تو میں تم پر اس کی تلاوت نہ کرتا اور نہ وہ (اللہ) اس پر تمہیں مطلع کرتا۔ پس میں (اس) رسالت سے پہلے بھی تمہارے درمیان ایک لمبی عمر گذار چکا ہوں، تو تم کیا عقل نہیں کرتے؟

اس آیت کا مفہوم سمجھنے کے لیے اس سے اگلی آیت کریمہ پڑھنا ضروری ہے: فَمَنۡ اَظۡلَمُ مِمَّنِ افۡتَرٰی عَلَی اللّٰہِ کَذِبًا اَوۡ کَذَّبَ بِاٰیٰتِہٖ ؕ اِنَّہٗ لَا یُفۡلِحُ الۡمُجۡرِمُوۡنَ۔ (یونس:۱۸)ترجمہ: پس اس سے زیادہ ظالم کون ہوگا جس نے اللہ پر جھوٹ گھڑا یا اس کی آیات کو جھٹلایا۔ حقیقت یہی ہے کہ مجرم کبھی کامیاب نہیں ہوا کرتے۔

جماعت احمدیہ کے علم کلام میں اس آیت کریمہ کی سینکڑوں جگہ پر یہ تشریح بیان کی گئی ہے جو حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے ترجمہ قرآن کے حاشیہ سے درج کی جاتی ہے: ’’وہ رسول جس کو تم صدوق اور امین کہا کرتے تھے دعویٰ سے پہلے چالیس سال کی عمر تک تو اس نے کبھی کسی انسان پر بھی جھوٹ نہیں بولا، اب اچانک خدا پر کیسے جھوٹ بولنے لگ گیا۔‘‘

غامدی صاحب اس آیت سے جو استدلال کر رہے ہیں وہ ان کے الفاظ میں درج کیا جاتا ہے: ’’یہ نہیں تھا میں اس کے لیے ریاضت کر رہا تھا۔ یہ ریاضت ذہنی فکری ریاضت نفسی کسی بھی نوعیت کی ہو یہ میں نہیں کر رہا تھا۔فرماتے ہیں ان سے کہو کہ میں تو اس سے پہلے ایک عمر تمہارے درمیان گذار چکا ہوں۔

بال جبریل، جاوید نامہ، ملٹن کی پراڈائز لوسٹ، دیوان غالب پہلے دن نہیں ہاتھ میں پکڑا دی گئی تھی۔ اس کے لیے فکری سفر کرنا پڑتا تھا۔تم نے کب دیکھا ہے کہ میں ان مباحث میں دلچسپی لے رہا ہوں۔ یہ علم ہے تو کیا میں نے اس کا کبھی اکتساب کیا ہے؟ حقائق اور قانون کے بارے میں حکمت اور فلسفہ کے بارے میں جو حقائق دیکھ رہے ہو۔ ان کی کوئی تیاری میری زندگی میں پہلے نظر آئی ہے۔کوئی استاد ہو میں سیکھ رہا ہوں یا سکھا رہا ہوں۔ کوئی جدوجہد کر رہا ہوں کوئی رابطے کر رہا ہوں۔‘‘

غامدی صاحب کے موقف کو سمجھنے سے پہلے یہ عرض کرنا ضروری ہے کہ بال جبریل، ملٹن کی جنت گم گشتہ یا دیوان غالب کی مثال قرآن مجید یا کسی بھی شرعی کتاب پر چسپاں ہو ہی نہیں سکتی۔ ان کو لکھنے والوں نے کبھی یہ دعویٰ ہی نہیں کیا کہ یہ کتاب دنیا کی ہدایت کے لیے لکھی گئی اور اس پر عمل کرنے اور اس کی پیروی کرنے سے فلاح حاصل ہو گی یا یہ کہ ان کو خدا کی طرف سے نازل کیا گیا ہے۔ یہ تو صرف اردو یا انگریزی کے ادب کا شاہکار ہیں جن کو پڑھ کر کچھ دیر لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔

اور جس کتاب میں دنیا بھر کی تحریف شدہ مذہبی کتب کی غلطیوں کی نشاندہی اور درستگی کی گئی ہو، جس کتاب میں دنیا کو اخلاقیات کے بارے میں اصول بتائے گئے ہوں، ریاست، اقتصادیات اور جنگوں کے بارے میں قوانین بیان کیے گئے ہوں، تاریخی واقعات کو درج کرکے ان سے سبق حاصل کیے گئے ہوں، جس کتاب میں مستقبل قریب اور مستقبل بعید کے بارے میں اتنی پیشگوئیاں بیان کی گئی ہوں۔ اگر نعوذُباللہ کوئی شخص ایسی کتاب اپنی طرف سے بنانا چاہے تو کیا وہ کسی غار کی خلوت میں دن رات گذار کر ایسی کتاب لکھے گا۔ اس کے لیے تو اسے دنیا بھر کے مذاہب کا مطالعہ کرنا ہوگا اور ان کے اہل علم سے علم حاصل کرنا ہوگا۔ دنیا میں پھر کر اس کی سیاسیات اور اقتصادیات کا تجزیہ کرنا ہوگا۔ تاریخی علم کو حاصل کرنا ہوگا۔ تصنیف کے ماہرین سے بہت کچھ سیکھنا ہو گا۔ اگر کوئی شخص یہ الزام لگانا چاہے کہ کسی غار کی خلوت میں بیٹھ کر ایسی کتاب کی تیاری کی جا رہی تھی تو کوئی بھی صاحبِ شعور اس الزام پر صرف ہنس ہی سکتا ہے۔ غامدی صاحب جس ممکنہ اعتراض کو پیش کررہے ہیں وہ تو اٹھ ہی نہیں سکتا کجا یہ کہ کسی لمبے چوڑے جواب کی ضرورت ہو۔

بائیبل سے بنی اسرائیل کے انبیاء کی مثالیں

اب اس بحث کا ایک اَور پہلو سے جائزہ لیتے ہیں۔ جاوید احمد غامدی صاحب نے اپنے انٹرویو میں اس بات کا ذکر کیا ہے کہ سابقہ انبیاء کے حالات کے مطالعہ سے ان کے ذہن میں یہ سوالات پیدا ہوتے ہیں اور اس کے بعد انہوں نے مہاتما بدھ کا جنگل میں جا کر ریاضت کرنے کا بھی ذکر کیا ہے۔ پہلے قرآن شریف سے سابقہ انبیاء کی چند مثالیں پیش کی گئی تھیں کہ اللہ تعالیٰ کی مصلحت کے تحت انہوں نے تنہائی میں جا کر اللہ تعالیٰ کی عبادت کی۔ مناسب ہو گا کہ باقی مذہبی کتب سے کچھ اور انبیاء اور مامورین کی زندگی کے ان مراحل کا ذکر کیا جائے جب انہوں نے کچھ دیر دنیا سے علیحدہ ہو کر اللہ تعالیٰ کی راہ میں مجاہدہ کیا۔ یہ درست ہے کہ ان کتب میں بہت سا تحریف شدہ مواد شامل ہو گیا ہے اور بعض مبالغہ آمیز باتیں بھی ان میں شامل ہو گئی ہیں لیکن اس کے باوجود ان میں درج واقعات کے مطالعہ سے ایک مجموعی تصویر ابھرتی ہے ۔ اس کے مطالعہ کے بعد یہ پڑھنے والے کے ذوق پر منحصر ہے کہ وہ ان کو صحیح سمجھے یا غلط خیال کرے۔

۱۔بائیبل کے مطابق جب بنی اسرائیل کے بادشاہ اخی اب نے ارض مقدس میں بت پرستی کو رواج دیا تو ایلیاہ نبی نے بادشاہ کو انذار کیا کہ اب کئی سال بارش نہیں ہو گی اور قحط پڑے گا اور اس انذار کے بعد ایلیاہ نبی خدا حکم کے تحت سب سے علیحدہ ہو کر ویرانے میں کریت کے نالے کے پاس چلے گئے اور وہاں طویل عرصہ رہے۔خدا تعالیٰ انہیں ان کا رزق پہنچاتا رہا۔(۱۔سلاطین باب ۱۷)

اسی طرح لوقا کی انجیل میں حضرت یحییٰؑ کے بارے میں لکھا ہے: ’’اور وہ لڑکا بڑھتا اور روح میں قوت پاتا گیا اور اسرائیل پر ظاہر ہونے تک جنگلوں میں رہا۔‘‘ (لوقا باب ۱ آیت۸۰)

اور اسی طرح متی کی انجیل میں حضرت یحییٰ ؑ کے بارے میں لکھا ہے:’’ان دنوں میں یوحنا بپتِسمہ دینے والا آیا اور یہودیہ کے بیابان میں منادی کرنے لگا کہ توبہ کرو کیونکہ آسمانی بادشاہت نزدیک آگئی ہے۔ اور یہ وہی ہے جس کا ذکر یسعیاہ نبی کی معرفت یوں ہوا کہ بیابان میں پکارنے والے کی آواز آتی ہے کہ خداوند کی راہ تیار کرو، اس کے راستے سیدھے بنائو۔‘‘(متی باب ۳آیت ۱ تا ۳)

اسی طرح حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں متی کی انجیل میں لکھا ہے کہ اپنی بعثت کے اعلان سے قبل جب انہوں نے حضرت یحییٰ ؑسے بپتِسمہ لے لیا اور روح القدس کبوتر کی شکل میں ان پر ظاہر ہوا تو: ’’اس وقت روح یسوع کو جنگل میں لے گیا تا کہ ابلیس سے آزمایا جائے۔ اور چالیس دن اور چالیس رات فاقہ کر کے آخر کو اسے بھوک لگی۔‘‘ (متی باب ۴ آیت ۱و۲)

مرقس کی انجیل میں اس واقعہ کے بارے میں لکھا ہے: ’’اور فی الفور روح نے اسے بیابان میں بھیج دیا۔ اور وہ بیابان میں چالیس دن تک شیطان سے آزمایا گیا۔اور جنگلی جانوروں کے ساتھ رہا اور فرشتے اس کی خدمت کرتے تھے۔‘‘ (مرقس باب ۱آیت ۱۲ و ۱۳)

ان حوالوں سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ بائیبل کی رو سے بھی خدا تعالیٰ کی مصلحت نے یہی چاہا کہ اس کے یہ انبیاء اپنا مذکورہ وقت تنہائی اور خلوت میں گذاریں۔

(جاری ہے)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button