ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل(عمومی علامات کے متعلق نمبر ۳۸)(قسط ۱۶۲)
(ڈاکٹر لئیق احمد)
(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)
نیٹرم سلفیوریکم
Natrum sulphuricum
نیٹرم سلف کی علامتیں آدھی رات سے پہلے ظاہر ہوتی ہیں۔ بھیگے ہوئے موسم میں اس کی تکلیفیں بڑھتی ہیں۔ اس کے مریض ذہنی اور جسمانی لحاظ سے بہت حساس ہوتے ہیں۔ درد کو بہت شدت سے محسوس کرتے ہیں لیکن حرکت سے درد میں افاقہ ہوتا ہے۔ تمام جسم میں دکھن کا احساس رہتا ہے۔(صفحہ۶۳۳)
نیٹرم سلف میں دائیں طرف کی تکلیفیں بائیں کی نسبت زیادہ ہوتی ہیں۔ (صفحہ۶۳۴)
حیض کے ایام سے پہلے یا بعد میں نکسیر پھوٹنے کا رجحان ہو تو اس میں بھی نیٹرم سلف کو آزمانا چاہيے۔ (صفحہ۶۳۴)
نیٹرم سلف میننجا ئٹس یعنی گردن توڑ بخار یا دماغ کی سوزش میں بہت اونچا مقام رکھتی ہے۔ اگر کسی بچے کو میننجائٹس ہو جائے تو سب سے پہلے فیرم فاس، سلیشیا، کالی میور، میگ فاس اور کالی فاس ۶ X میں دیں۔ ساتھ ہی نیٹرم سلف ۲۰۰ طاقت میں دو تین بار دیں۔ یہ میننجائٹس کا بہت موثر نسخہ ثابت ہوا ہے۔ اگر فوری طور پر جھلیوں کے اس ورم کا علاج نہ کیا جائے تو بعض اوقات مستقل مرگی کے دورے پڑنے لگتے ہیں۔ خاص طور پر اگر اینٹی بائیو ٹک دواؤں سے بخار دبا دیا جائے تو خطرہ ہو تا ہے کہ دماغ پر دائمی اثر رہ جائے گا۔ اس ليے مذکورہ بالا نسخہ اور نیٹرم سلف پر ہی اکتفا کرنا چاہيے۔ چنددن کے اندر اندر میننجائٹس سے مکمل شفا ہو سکتی ہے۔(صفحہ۶۳۵۔۶۳۶)
مرطوب موسم میں اعضا کے درد بڑھ جاتے ہیں۔ نیٹرم سلف سردیوں میں جوڑوں کے درد اور بخار میں اعضا شکنی کے ليے بھی مفید ہے۔ (صفحہ۶۳۶)
نکس وامیکا
Nux vomica
(Poison Nut)
نکس وامیکا کا سلفر سے گہرا تعلق ہے۔ سلفر زندگی کو تقویت دے کر جو ردعمل پیدا کرتی ہے وہ اکثر جلدی بیماریوں کی صورت میں ظاہر ہو تا ہے اور بہت تکلیف دہ ثابت ہو تا ہے۔ نکس وامیکا ان جلدی علامتوں میں جھاڑو کا سا کام دیتی ہے لیکن عوارض کو واپس اندر کی طرف نہیں دھکیلتی۔ اس لحاظ سے یہ سلفر کی بہترین مددگار ثابت ہوتی ہے کیونکہ اس کے اچھے اندرونی اثر کو زائل کيے بغیر جلدی تکلیفوں کو نرم کرتی ہے۔ سلفر سے اگر بواسیر کے مسوں کا علاج کیا جائے تو ساتھ نکس وامیکا ضرور دینی چاہيے۔ یہ ان مسوں میں نرمی پیدا کرنے کے ليے بہترین معاون ثابت ہوتی ہے۔ (صفحہ۶۳۷)
نظام ہضم کے علاوہ نکس وامیکا کا اندرونی مرکزی اعضا سے بہت گہرا تعلق نہیں ہے لیکن بیرونی عضلات اندرونی جھلیوں اور جلد سے اس کا تعلق ہے۔ اگر بہت زیادہ بیٹھنے کی وجہ سے کمر کے عضلات میں درد ہو تو اکثر نکس وامیکا سے یہ مرض دور ہو جاتا ہے۔ نکس وامیکا کا کمر درد ایک ہی جگہ ٹھہرا رہتا ہے۔ اگر اس کی دیگر علامات ملتی ہوں اور معدے میں تیزابیت بھی ہو تو ایسے مریضوں کی اچانک پیدا ہونے والی کمزوری میں جس کے نتیجہ میں بعض دفعہ ہاتھ ہلانے کی طاقت بھی نہیں رہتی یہ فوری فائدہ دیتی ہےاور مریض میں فی الفور جان پڑنے لگتی ہے۔ ۳۰؍طاقت میں چند منٹوں کے وقفہ سے دیں تو اللہ کے فضل سے غیر معمولی شفا ہو گی۔ (صفحہ۶۳۸۔۶۳۹)
نکس وامیکا پنڈلیوں کے تشنج میں بھی مفید ہے۔ آغاز ہی میں دے دی جائے تو بہت جلد اثر دکھاتی ہے۔ اگر تشنج میں بیلاڈونا کی علامتیں پائی جائیں تو بھی نکس وامیکا ہی شافی ثابت ہو جاتی ہے۔ تشنج کے معاملہ میں نکس وامیکا میں کچھ تضاد بھی پایا جاتا ہے مثلاً کمردرد کو ٹھنڈ سے تکلیف مگر پیٹ درد کو گرمی سے تکلیف ہوگی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نکس وامیکا میں متعدد کیمیائی عناصر شامل ہیں جو مختلف اوقات میں اپنے الگ الگ اثرات ظاہر کرتے ہیں۔ نکس وامیکا میں بیلاڈونا اور کیوپرم کے اجزا شامل ہونے کی وجہ سے بعض تکلیفوں میں گرمی نقصان پہنچاتی ہے۔ روز مرہ کے تشنج کے ازالے کےليے نکس وامیکا بہترین عمومی دوا ثابت ہوئی ہے۔(صفحہ۶۳۹۔۶۴۰)
نکس وامیکا کی ایک علامت یہ ہے کہ اس میں خواتین کا ماہانہ نظام بے قاعدہ ہو جاتا ہے۔ جب ماہواری وقت سے پہلے شروع ہو جائے تو لمبا چلتی ہے اور اگر وقت کے بعد شروع ہو تو معمول سے کم مدت میں ختم ہو جاتی ہے۔ یہی علامت برائیونیا کی بھی ہے۔ برائیونیا میں حرکت سے تکلیف کا بڑھنا اسے نکس وامیکا سے ممتاز کرتا ہے کیونکہ نکس وامیکا کی حیض کی تکلیف حرکت سے نہیں بڑھتی۔ (صفحہ۶۴۱)
نکس وامیکا میں سر درد زیادہ تر آنکھوں کے اوپر سے شروع ہوتا ہے جو ڈیلوں کی حرکت سے بہت شدید ہو جاتا ہے اور نشتر کی طرح چبھن محسوس ہوتی ہے۔ دھوپ میں جانے سے یا روشنی میں آنکھیں کھولنے سے درد میں اضافہ ہو جا تا ہے۔ صبح کے وقت اور کھانے کے بعد تکلیف بڑھ جاتی ہے۔ بعض اوقات سردرد کے ساتھ نکسیر بھی شروع ہو جاتی ہے، سخت قبض ہوتی ہے۔ سر درد کا بواسیری مسوں سے بھی تعلق ہے۔ مریض شور بالکل برداشت نہیں کر سکتا اور چھونے کے احساس کو بھی پسند نہیں کرتا۔ منہ کا مزہ خراب ہو جاتا ہے، صبح کے وقت متلی ہوتی ہے لیکن الٹی نہیں آتی۔ کھانے کے بعد یا کھانے کے دوران معدہ میں بوجھ اور درد کا احساس ہو تا ہے۔ معدہ کی جگہ پر ذرا سا دباؤ بھی برداشت نہیں ہو تا۔ معدے کا نچلا حصہ پھولا ہوا اور پتھر کی طرح بو جھل ہو تا ہے۔ دمہ کے آغاز میں بد ہضمی کے دورہ سے ایک دن پہلے کھانسی شروع ہوتی ہے اور سینے میں بلغم کھڑ کھڑانے کا احساس ہوتا ہے۔ خشک، تنگی پیدا کرنے والی کھانسی جس کے ساتھ کبھی خون کی آمیزش بھی ہوتی ہے اور کھانسنے پر سر اور کمر میں بھی درد ہو تا ہے۔ ریڑھ کی ہڈی میں جلن کا احساس جو صبح تین چار بجے بڑھ جاتا ہے، دو پہر کو آرام کرنے سے تکلیفوں میں کمی ہو جاتی ہے اور اگر پسینہ بھی آ جائے تو طبیعت بحال ہو جاتی ہے۔ (صفحہ۶۴۲)
نکس وامیکا کا مریض رات کےپچھلے پہر اٹھ جاتا ہے اور دوبارہ سو نہیں سکتا۔ صبح کے وقت غنودگی محسوس کرتا ہے۔ اچانک بازوؤں اور ٹانگوں میں ضعف محسوس ہوتا ہے۔ کھانا کھانے کےبعد مرض میں زیادتی ہوجاتی ہے۔ دماغی محنت، ثقیل اور مصالحہ دار اشیاء کے استعمال اور خشک سرد موسم سے تکلیف میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ شام کے وقت، آرام کرنے اور دبوانے سے اور مرطوب موسم میں طبیعت بہتر محسو س ہوتی ہے۔ (صفحہ۶۴۳)
اوپیم
Opium
(Dried Latex of the Poppy)
اوپیم کی ابتدائی علامت کے بارے میں یہ کہا جا تا ہے کہ یہ درد کے احساس کو مٹا دیتی ہے لیکن کچھ عرصہ بعد وہی مریض جس کے درد کے احساس کو مٹا دیا گیا تھا سخت زود حس ہو جا تا ہے اور بہت تکلیف محسوس کرتا ہے۔ اوپیم میں آرنیکا کی کچھ علامتیں بھی پائی جاتی ہیں۔ مزاج میں خشکی اور خون گاڑھا ہوکر جمنے کا رجحان پیدا ہو جاتا ہے۔ ہومیو پیتھک او پیم آرنیکا کی طرح خون جمنے کے رجحان کو روک دیتی ہے بلکہ خون کے لوتھڑوں کو پگھلا دیتی ہے۔ خصوصاً دماغ میں خون جمنے کی صورت میں اوپیم ایک لازمی دوا ثابت ہوتی ہے۔ اگر اچانک دماغ کی رگ پھٹ جائے اور بے ہوشی طاری ہو جائےتو فوراً بہت اونچی طاقت میں آرنیکا کے ساتھ اوپیم ملا کر دینے سے حیرت انگیز فائدہ پہنچتا ہے۔ آرنیکا اکیلی اتنی مفید نہیں ہے لیکن اگر اس کے ساتھ اوپیم ملا کر دی جائے تو سارے خون میں طراوت سی آ جاتی ہے، چستی پیدا ہوتی ہے۔ ٹھنڈا جسم گرم ہونے لگتا ہے اور منجمد خون خود بخود ہی پتلا ہو کر معمول کے مطابق گردش کرنے لگتا ہے۔ (صفحہ۶۴۵۔ ۶۴۶ )
اوپیم کی سلفر سے بھی مشابہت ہے۔ سلفر مریض کے طبعی احساسات کو جگا دیتی ہے۔ وہ دوائیں جن کی تشخیص درست ہوتی ہے لیکن وہ کام نہیں کرتیں، سلفر کی ایک دو خوراکوں کے بعد کام کرنے لگتی ہیں۔ اوپیم بھی مریضوں کے خوابیدہ دفاعی احساسات کو جگانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس پہلو سے یہ سلفر سے مشابہ ہے۔ سلفر کا مثالی مریض بھی بہت سست ہو تا ہے اور فلسفیانہ مزاج رکھتا ہے۔(صفحہ۶۴۵۔ ۶۴۷ )
اوپیم کی بے حسی ایسی ہے کہ مریض کو اپنے مرض کی شدت کا احساس نہیں ہو تا اور یہ بے حسی اسے اپنے اندر موجود خطرات سے پوری طرح متنبہ نہیں ہونے دیتی اور اس کا زبردستی علاج کرنا پڑتا ہے۔ اوپیم جسم میں خشکی پیدا کرتی ہے لیکن بخار میں اوپیم کے ہم مزاج مریض کو بہت پسینہ آتا ہے جس سے درجہ حرارت کم نہیں ہو تا۔ یہ اوپیم کی خاص علامت ہے۔ باربار پسینہ آتا ہے جو گرم ہو تا ہے جیسے گرمیوں کی برسات کا پسینہ جو جسم کو ٹھنڈا نہیں کرتا بلکہ گرمی کے احساس کو اور بھی بڑھا دیتا ہے۔ یہی حال اوپیم کا ہے۔ اوپیم کا مریض کھانے کا بہت شوقین ہوتا ہے۔ کھانا کھانے کے باوجود بھوک اور کمزوری کا احساس باقی رہتا ہے۔ اس کے اکثر مریض زیادہ کھانے کے باوجود دبلے پتلے ہوتے ہیں۔ (صفحہ۶۴۷)
اوپیم میں سر، بازوؤں اور ہاتھوں میں تشنج ہونے کا رجحان ہو تا ہے۔ ہاتھ کانپتے ہیں اور سن ہو جاتے ہیں۔ اعضا میں تشنجی جھٹکے لگتے ہیں اور کانپتے ہیں۔ آنکھوں کی پتلیاں پھیل جاتی ہیں جن پر روشنی اثر نہیں کرتی۔ او پیم کے مریض میں سردرد سر کے پچھلے حصہ یعنی گدی سے شروع ہو کر گردن میں دونوں طرف پھیل جاتا ہے۔ سارا سر سن ہو جاتا ہے اور بہت بو جھل محسوس ہو تا ہے۔ ذرا سی حرکت حتٰی کہ آنکھ جھپکنے کی حرکت بھی ناقابل برداشت ہوتی ہے۔ اس ليے مریض آنکھیں بند کر کے بےحس و حرکت پڑا رہتا ہے۔ عضلات کے کھچاؤ ہاتھ پاؤں کے مڑنے اور ہر قسم کے تشنجات میں جبکہ دوسری تائیدی علامات بھی موجود ہوں او پیم مفید ہے۔ (صفحہ۶۴۸)
اگر خوف کے نتیجہ میں عضلات میں اکڑاؤ پیدا ہو، ہاتھ پاؤں مڑنےلگیں اور ہسٹیریا یا مرگی کے دورے شروع ہوجائیں تو اونچی طاقت میں اوپیم استعمال کرنا چاہيے۔ اگر خوف کےنتیجہ میں مرگی کے دورے مستقل صورت اختیار کرلیں تو بعض دفعہ اوپیم کی اونچی طاقت میں ایک ہی خوراک مرض کا قلع قمع کردیتی ہے۔ لیکن صرف اس صورت میں جب خوف کی وجہ سےمرگی کا حملہ ہو ا ہو۔ اوپیم کے مرگی کے دورے عموماً نیندکی حالت میں ہوتےہیں اور دورہ چیخ سے شروع ہوتا ہے۔ مریض کو کالی چیزیں، شیطان، آگ اور قتل و غارت کے نظارے نظر آتے ہیں۔ دل میں خاص قسم کے خوف بیٹھ جاتےہیں اور محسوس ہوتا ہے کہ کوئی اسے اٹھا کر لے جارہا ہے۔ خوف کے علاوہ اچانک غیر معمولی خوشی پہنچنے سے اگر دماغ پر اثر ہوجائے اور اس کے بداثرات باقی رہ جائیں تو اوپیم کے علاوہ کافیا بھی مفید ہے۔ (صفحہ۶۴۸۔ ۶۴۹ )
اوپیم کا مریض ہر وقت اونگھتا رہتا ہے۔ کسی قسم کی ضرورت کا اظہار نہیں کرتا۔ نبض بھی سست ہوتی ہے۔ (صفحہ۶۴۹)
عورتوں میں کسی خوف کے نتیجہ میں حیض کا خون بند ہو جاتا ہے۔ وضع حمل کے وقت دردیں رک جاتی ہیں، مریضہ پر غشی طاری ہو جاتی ہے اور جھٹکے لگتے ہیں۔ اچانک بے ہوشی اور غنودگی کا دورہ پڑتا ہے۔ بعض اوقات خوف کی وجہ سے حمل ضائع ہونےکا بھی اندیشہ ہو تا ہے۔ مریض کو سانس لینے میں دقت پیش آتی ہے۔ سینے میں جلن محسوس ہوتی ہے۔ کھانسی کے ساتھ چہرہ نیلا ہو جاتا ہے جس میں سرخ دھبے نظر آتے ہیں۔ اوپیم میں درد کے احساس کا فقدان پایا جاتا ہے۔ ماؤف عضو میں اعصاب کے کنارے مردہ ہو جاتے ہیں اور صحیح پیغام نہیں پہنچا سکتے اس ليے ایسے زخم مندمل نہیں ہوتے اور ان میں درد بھی محسوس نہیں ہو تا۔ اوپیم تکلیف کے احساس کو جگا دیتی ہے اور جسم کی دفاعی طاقت زخم مندمل کرنے کا عمل شروع کر دیتی ہے۔ (صفحہ۶۴۹۔ ۶۵۰)
(نوٹ ان مضامین میں ہو میو پیتھی کے حوالے سے عمومی معلومات دی جاتی ہیں۔قارئین اپنے مخصوص حالات کے پیش نظر کوئی دوائی لینے سے قبل اپنے معالج سے ضرورمشورہ کرلیں۔)
مزید پڑھیں: ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل(عمومی علامات کے متعلق نمبر ۳۷)(قسط ۱۶۱)



