خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے مطابق امریکہ نے کرسمس سے قبل امریکہ، روس اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی امن مذاکرات کا اگلا دور منعقد کرنے کی تجویز دی ہے۔ زیلنسکی نے امکان ظاہر کیا کہ یہ مذاکرات جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر ٹرمپ کے میامی میں واقع گالف ریزورٹ میں ہوسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ تینوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ۱۰ اور ۱۱؍نومبر کو متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں منعقد ہوا تھا۔
٭… روس کے یوکرین کے وسطی صنعتی شہر پر میزائل اور ڈرون حملے میں سات سالہ بچے اور ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک جبکہ ساٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ حملے کے دوران روسی میزائل اور مشتبہ جیٹ انجن والا ڈرون پولینڈ کی فضائی حدود میں بھی جاگرے۔ پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے اسے ممکنہ دانستہ اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے اتحادی ممالک کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کو روس کا دانستہ حملہ قرار دینے کی بجائے اسے غلطی قرار دیا۔
٭…انڈونیشیا میں کینڈی بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ فیکٹری میں کام کرنے والے ۳۹؍ملازمین لاپتہ ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ حکام نے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
٭…ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل موسوی نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ دونوں جنگوں کے بعد ایران کی جنگی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق انہوں نے ایرو اسپیس کمانڈر کے ہمراہ نئے میزائل سٹی کا دورہ کیا جہاں بیک وقت دو میزائل فائر کرنے والے لانچر کی نمائش بھی کی گئی۔ جنرل موسوی کا کہنا تھا کہ ایران جدید اور مؤثر ہتھیار تیار کرچکا ہے جو دشمن کو روکنے اور فیصلہ کن شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران خطرات کا مقابلہ کرنے اور طاقت کے استعمال میں ہچکچاہٹ نہیں دکھائے گا۔
٭…اردن نے بحرین میں ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بحرین کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب قرار دیا ہے۔ اردنی وزارت خارجہ نے شہری تنصیب کو نشانہ بنانے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خلیجی ریاستوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے خلیج فارس کے اوپر امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو نشانہ بنایا جس سے طیارے کو نقصان پہنچا اور پائلٹ کو قریبی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
٭…امریکہ میں بھارتی شہریوں سے متعلق جرائم اور سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں ایک آن لائن سروے میں ۸۱.۹ فیصد شرکاء نے غیر قانونی میکسیکن شہریوں کو قانونی بھارتی شہریوں پر ترجیح دی جبکہ ۱۸.۱؍فیصد نے بھارتی شہریوں کی حمایت کی۔ سروے میں ۴۸؍ہزار ۳۱۸؍افراد نے حصہ لیا۔ دوسری جانب سکھ راہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کو امریکی عدالت نے ۲۰؍نومبر کو ۲۳۵؍ماہ یعنی انیس سال سات ماہ قید کی سزا سنائی۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق گپتا نے قتل کی سازش کا اعتراف کیا تھا۔




