ہمبرگ، جرمنی میں منعقدہ ایک امن پروگرام میں جماعت احمدیہ کی شرکت
مکرم داؤد عطاء صاحب لوکل سیکرٹری تبلیغ ہمبرگ، جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۴؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو شام سات بجے بیت الرشید، ہمبرگ کے قریبی پروٹیسٹنٹ لوتھرن چرچ میں ایک مشترکہ تقریب منعقد ہوئی جس کا موضوع ’’موجودہ بحران سے نبردآزما ہونے کے ليے عیسائی اور اسلامی طرز فکرکیاہے‘‘ رکھا گیا۔

کچھ عرصہ قبل حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ارشاد فرمایا تھا کہ تبلیغ کا ایک ذریعہ یہ بھی ہے کہ ہم غیروں کے پروگراموں میں بھی شامل ہوا کریں تاکہ اُن لوگوں تک بھی رسائی ممکن ہو جو ہمارے پروگراموں میں شامل نہیں ہوتے۔لہٰذا اس ارشاد کی تعمیل میں تقریباً دو ماہ قبل مذکورہ چرچ کے ارباب حل و عقد سے رابطہ کیا گیا۔ پادری صاحب نےنہ صرف ہماری تجویز کو منظور کیا بلکہ کہا کہ یہ پروگرام چرچ میں ہوگا۔ ہم تو پہلے ہی یہ چاہتے تھے۔ اس طرح اللہ تعالیٰ نے اپنا خاص فضل فرمایا اور جماعت احمدیہ ہمبرگ کو اس میں شامل ہونے کی توفیق عطافرمائی۔ الحمدللہ
اس پروگرام کی تشہیر جہاں چرچ نے اپنے ذمہ لی وہاں دوسری طرف جماعت ہمبرگ نے بھی اس پروگرام کے دس ہزار اشتہار چھپواکر جس پر چرچ کے پادری جناب ساشا کریوگر (Sascha Krüger)اور مکرم حسیب احمد گھمن صاحب مبلغ سلسلہ کی تصاویر بھی لگی ہوئی تھیں بیت الرشید اور چرچ کے گرد و نواح میں تقسیم کيے۔
وقت مقرر پر پروگرام چرچ کے ایک ہال میں شروع ہوا جس میں۶۰؍سے زائد خواتین و حضرات موجود تھے۔ اس پروگرام کو چرچ کی انتظامیہ نے یوٹیوب پر براہِ راست نشر کیا جسے سینکڑوں افراد نے دیکھا اور اب تک اس کی ریکارڈنگ دیکھی جا رہی ہے۔ اسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی سینکڑوں افراد نے استفادہ کیا۔
پادری صاحب نے اپنی تقریر میں دیگر باتوں کے علاوہ یہ بھی کہا کہ چرچ کا نقطۂ نظر ہے کہ اب ہمیں جنگ کرنی چاہيے۔ اس پر مکرم مربی صاحب نے جنگ کے حوالے سے اسلامی تعلیمات اور امیرالمومنین حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں جب وضاحت کی اور اس فعل کی یکسر نفی کی تو لوگ حیران رہ گئے اور لوگوں نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھا۔
پروگرام کے بعد اس میں شامل ہونے والے عیسائی احباب و خواتین نے ہمیں بتایاکہ ہمیں اس دین کے متعلق تو علم ہی نہیں تھا جو آج آپ نے یہاں بیان کیا ہے۔ اسلام کے یہ محاسن تو آج ہم پر عیاں ہوئے ہیں۔ اسلامی تعلیمات تو بہت پُرامن ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کناروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




