افریقہ (رپورٹس)

آئیوری کوسٹ کی جماعت Kouadiobakro(کوادیوباکرو) میں مسجد بیت المجیب کا افتتاح

مکرم بناؤ عبدالرزاق صاحب مبلغ سلسلہ ریجن آگبوویل، آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو ریجن Agboville کی ایک جماعت Kouadiobakro (کوادیوباکرو)میں ۳۰؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز جمعۃالمبارک نئی تعمیر کردہ مسجد بیت المجیب کے افتتاح کی توفیق ملی۔

اس گاؤں میں احمدیت کا نفوذ ۲۰۱۸ء میں مکرم کولیبالی سینا صاحب اور مکرم یحییٰ جیارا صاحب معلمین سلسلہ کے ذریعہ ہوا تھا۔ جہاں مختلف مواقع پر تبلیغی نشستوں کا اہتمام کیا گیا جس کے نتیجہ میں گاؤں کے لوگوں نے احمدیت قبول کی۔ ان اوّلین احمدیوں میں مکرم الحاج مالک بادولو صاحب بھی شامل تھے جن کا ۲۰۲۲ء میں انتقال ہوگیا۔ بیعتوں کے بعد اس گاؤں میں وقتاً فوقتاً تربیت کا سلسلہ جاری رہا۔ نتیجۃً احباب جماعت نے مختلف تحریکات میں مالی قربانی کا بھی آغاز کردیا اور ساتھ ہی جلسہ سالانہ میں بھی شمولیت بھی شروع کر دی۔ الحمدللہ گاؤں کے مسلمانوں کی اکثریت احمدیت کے جھنڈے تلے آچکی ہے۔ اس گاؤں کا راستہ کافی خراب تھا جہاں سے مبلغین و معلمین کرام گزر کر احباب تک تبلیغ و تربیت کے ليے پہنچاکرتے تھے جن نشستوں کا سلسلہ اکثر رات گئے تک جاری رہتا تھا۔ ستمبر ۲۰۲۰ء میں خاکسار(ریجنل مبلغ سلسلہ) کا تقرر اس ریجن میں ہوا۔ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج بھی اس سے قبل دو مرتبہ یہاں تشریف لا کر نماز جمعہ پڑھا چکے تھے جس دوران یہاں ایک لوکل عیسائی دوست نےجذبہ اخوت کے تحت مکرم امیر صاحب کو تحفہ بھی پیش کیا۔

سنگ بنیاد کی بابرکت تقریب کے ليے مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب مورخہ ۳۰؍جنوری کو صبح گاؤں تشریف لائے اور تقریب سے قبل تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی جس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مکرم گونسوگو مومینے معلم سلسلہ نے تلاوت قرآن کی اور فرانسیسی ترجمہ پیش کیا اور اس کے بعد عربی قصیدہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد مقامی روایات کے مطابق مقامی جماعت کے صدر صاحب نے شاملین کو خوش آمدید کہا جس کے بعد خاکسار نے ’’امت مسلمہ کی موجودہ حالت زار اور احمدیت‘‘ کے عنوان سے تقریر کی۔ بعدازاں بعض معلمین کرام نے تقاریر کیں اور شاملین کو مسجد کی اہمیت کے متعلق بتایا۔ مکرم امیر صاحب نے تقریب کی اختتامی تقریر کی جس میں مسجد کو آباد رکھنے اور معاشرہ کا مثالی وجود بننے کی تلقین کی۔ تقریب کے اختتام کے بعد شاملین نے نماز جمعہ کی تیاری کی۔ امیر صاحب نے جمعہ پڑھایا جس کے بعد شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں کُل ۳۵۰؍افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں گاؤں کے چیف کے علاوہ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔ مسجد بیت المجیب کا افتتاح جماعت احمدیہ کوادیوباکرو اور اگبوویل ریجن میں احمدی مشن کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

اللہ تعالیٰ اس مسجد کو احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی مزید اشاعت کا باعث بنائے اور ایمانی جذبہ کے ساتھ اسے آباد رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:عبد النور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button