مدرسہ احمدیہ کولیکورو، مالی میں تین ماہ کی تعلیمی و تربیتی کلاس کا انعقاد
مکرم احمد بلال مغل صاحب مبلغ سلسلہ ریجن کولیکورو، مالی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ مالی کے شہر کولیکورو میں حدیقۃ المہدی جلسہ گاہ میں قائم مدرسہ احمدیہ کے زیر اہتمام تین ماہ کی تعلیمی و تربیتی کلاس کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔ اس سلسلہ میں اختتامی تقریب مورخہ ۱۷؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو مسجد نور، کولیکورو میں منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر جماعت احمدیہ مالی نے کی۔

مدرسہ احمدیہ کولیکورو ۲۰۲۱ء سے قائم ہے جہاں ہر سال موسم گرما کی تعطیلات کے دوران طلبہ کے لیے تین ماہ جبکہ دیگر خواہش مند احباب کے لیے چھ ماہ کی تعلیمی و تربیتی کلاسز منعقد کی جاتی ہیں۔ امسال اس تین ماہ کی کلاس میں مالی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کُل ۵۶؍طلبہ نے شرکت کی جن میں ۲۵؍خدام اور ۳۱؍اطفال شامل تھے۔
تعلیمی و تربیتی سرگرمیاں: کلاس کے دوران طلبہ کو دینی، اخلاقی اور عملی تربیت فراہم کی گئی۔ نصاب میں قرآن کریم ناظرہ و منتخب حصوں کا حفظ، نماز، حدیث، فقہ، علم الکلام، تاریخ اسلام، نظام جماعت اور اسلامی عقائد سمیت مختلف دینی مضامین شامل تھے۔ طلبہ کی اخلاقی، روحانی اور جسمانی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ روزانہ کھیلوں کا اہتمام کیا جاتا رہا جبکہ ہر جمعہ کو طلبہ وقار عمل میں حصہ لیتے رہے جس کے دوران جلسہ گاہ کی صفائی، دیکھ بھال اور دیگر مفید امور انجام دیے جاتے رہے۔
طلبہ کو خلافت احمدیہ سے مضبوط تعلق قائم کرنے کی طرف خصوصی توجہ دلائی گئی۔ انہوں نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات جمعہ براہ راست مقامی زبان بمبارہ میں سماعت کیے۔ نیز انہیں جلسہ سالانہ برطانیہ اور جرمنی کے پروگرام دیکھنے کا موقع بھی ملا۔ طلبہ کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں باقاعدگی سے خطوط لکھنے کی ترغیب دی گئی تاکہ خلافت سے محبت اور جماعتی خدمت کا جذبہ مزید مضبوط ہو۔

اختتامی تقریب: تقریب کے دوران کامیابی کے ساتھ تربیتی کورس مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ علاوہ ازیں نمایاں کارکردگی، عمدہ حاضری، نظم و ضبط اور اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ اختتام پر مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ مالی نے طلبہ کو نصائح کرتے ہوئے تلقین کی کہ وہ مدرسہ میں حاصل ہونے والے علم اور تربیت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، نمازوں کی پابندی کریں، خلافت سے مضبوط تعلق قائم رکھیں، والدین اور بڑوں کا احترام کریں، اعلیٰ اخلاق اختیار کریں اور جماعت و انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ بعد ازاں آپ نے دعا کروائی جس کے بعد طلبہ تین ماہ کی تربیت مکمل کرکے اپنے گھروں کو واپس روانہ ہو گئے۔
اللہ تعالیٰ طلبہ کو حاصل کردہ علم و تربیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے، اسلام و احمدیت کی تعلیمات پر حقیقی رنگ میں عمل کرنے اور خلافت احمدیہ سے اپنا تعلق مزید مضبوط بنانے کی توفیق عطا فرمائے اور انہیں جماعت، معاشرے اور ملک کے لیے مفید وجود بنائے۔ نیز مدرسہ احمدیہ کولیکورو کی آئندہ تعلیمی و تربیتی کوششوں میں بھی برکت عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: لجنہ اماءاللہ برکینافاسو کے ملک بھر میں ریجنل اجتماعات کا کامیاب انعقاد



