حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ: آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ۲۰۲۶ء کے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو ۶۱؍رنز سے شکست دے دی۔اس طرح بھارتی ٹیم نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں آٹھویں بار پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کی۔کولمبو کے پریماداسااسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تو بھارتی اوپنر Ishan Kishan نے اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔انہوں نے ۴۰؍گیندوں پر ۷۷؍رنزبنائے ۔بھارت نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹیں کھوکر۱۷۵؍رنزبنائے۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلےباز بری طرح ناکام ہوئے اور پوری ٹیم صرف ۱۱۴؍رنز پرڈھیر ہوگئی۔اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا لی جبکہ پاکستان کو اگلے راؤنڈ میں جانے کے لیےنمیبیا کے خلاف اپنا آخری میچ جیتناہوگا۔

دوسری طرف زمبابوے اور سری لنکا سے شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم کا ورلڈکپ میں سفر اختتام کے قریب پہنچ گیا۔ زمبابوے نےسابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو ۲۳؍رنز سے ہرایا جبکہ میزبان سری لنکا نے آسٹریلیا کے خلاف آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں سری لنکن اوپنر پاتھم نسانکا نے ۵۲؍گیندوں پر۱۰۰؍رنزکی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔گروپ ڈی کے ایک اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کوسات وکٹوں سے ہرادیا۔اس فتح کے بعد جنوبی افریقہ نے بھی سپرایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔اسی طرح گروپ سی میں سے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں تین تین میچ جیت کراگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔

ٹینس:قطر اوپن کے ویمنز سنگلزایونٹ میں جمہوریہ چیک کی Karolina Muchova نے کامیابی حاصل کرلی۔ فائنل میچ میں انہوں نے کینیڈا کی Victoria Mbokoکو۶۔۴؍اور۷۔۵؍سے شکست دے کر اپنا پہلا WTA ٹائیٹل جیتا۔

فٹ بال:انگلش پریمیئر لیگ میں گذشتہ ہفتہ ہونے والے میچز میں مانچسٹرسٹی نے فلہم کوتین صفر سے ہرادیا،اس میچ میں Erling Haalandنے سیزن میں اپنا ۲۲ واں گول اسکورکیا۔دیگرمقابلوں میں لیورپول نے سنڈرلینڈکو ۱۔صفر سے،برنلی نے کرسٹل پیلس کو ۳۔۲؍سے،آسٹن ولا نے برائٹن کو۱۔صفراورنیوکاسل نے ٹوٹنہیم کو۲۔۱؍سے ہرایا۔ آرسنل، مانچسٹریونائیٹڈ، چیلسی اور ناٹنگھم فاریسٹ کے میچز برابر رہے۔

سپینش لالیگا میں جیرونا نے بارسلونا کو ایک کے مقابلہ میں دو گول سے ہرادیا۔بارسلونا کے معروف کھلاڑی لامین یمال نے پنلٹی شوٹ ضائع کی اور یوں بارسلونا کو ایک بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ریال میڈرڈ نے ریال سوسیاداد کو ۴۔۱ سے ہراکر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کرلی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے Vinicius Juniorنے دوگول کیے۔ دیگرمقابلوں میں ویلنشیا،ایتھلیٹک کلب، ریال بیٹِس، Getafe اور Rayo Vallecanoکی ٹیمیں کامیاب رہیں۔

رگبی: چھ ممالک کے درمیان ہونے والی نیشنز چیمپئن شپ ۲۰۲۶ء کے دوسرے راؤنڈ میں فرانس نے ویلز کو ۱۲؍ کے مقابلے میں ۵۴؍پوائنٹس سے ہراکرمسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ سکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کو۳۱۔۲۰؍سے شکست دی جبکہ آئرلینڈ نے اٹلی کو۲۰۔۱۳؍سے شکست دی۔

ونٹر اولمپکس ۲۰۲۶ء : محمد کریم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ الپائن اسکیئنگ سلالوم ایونٹ میں محمد کریم کا پہلا رن نامکمل رہا۔ایونٹ کے پہلے رن میں ڈی این ایف کے بعد محمد کریم میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔پہلے چیک پوسٹ پر کریم ۲۱؍اعشاریہ۴۲؍منٹ میں پہنچے، تاہم دوسرے چیک پوسٹ تک رسائی نہ حاصل کرسکے۔اٹلی میں ہونے والے ونٹر اولمپکس میں محمد کریم پاکستان کے واحد کھلاڑی ہیں۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button