یورپ (رپورٹس)

فضل ریجن، مجلس انصاراللہ یوکے کے نئے ریجنل دفتر کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ فضل ریجن، مجلس انصاراللہ یوکے کے ریجنل دفتر کا افتتاح مورخہ ۷؍فروری ۲۰۲۶ء کو عمل میں آیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

مجلس انصاراللہ فضل ریجن کے پاس کچھ عرصے سے اپنا کوئی دفتر نہ تھا اور یہ ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ دفتری کام میں بہتری لانے کے ليے ایک باقاعدہ دفتر کی جگہ کا ہونا ضروری ہے۔ اس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے سابقہ دفتر ٹرانسمیشن کی جگہ مجلس انصاراللہ فضل ریجن کے دفتر کے ليے مرحمت فرمائی۔

وقار عمل کا آغاز:دسمبر ۲۰۲۵ء کے آخری دنوں میں وقار عمل کا آغاز کیا گیا اور جنوری ۲۰۲۶ء کے پہلے ہفتے سے باقاعدہ تزئین و آرائش کا کام شروع کیا گیا۔ اس سلسلے میں اراکین مجلس عاملہ و زعمائے کرام فضل ریجن نے سال۲۰۲۶ء کی پہلی میٹنگ منعقدہ ۷؍جنوری میں فیصلہ کیا کہ مجلس عاملہ اس دفتر کی تزئین و آرائش کے ليےسب سے پہلے اپنی طرف سے مالی قربانی میں حصہ ڈالے گی۔ اس روز اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ تین ہزار پاؤنڈ کے وعدہ جات اراکین کی طرف سے موصول ہوئے۔ اس میٹنگ کے فوری بعد کام کا آغاز کیا گیا۔اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ ایک ماہ سے بھی کم عرصہ میں افتتاح سے قبل ہی تمام کام پایۂ تکمیل کو پہنچ گئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اس جگہ کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ اس میں داخلی دروازہ کے ساتھ ایک چھوٹا کچن بنایا گیا ہے۔ داخلی دروازے کے دائیں سمت ناظم اعلیٰ صاحب کا دفتر ہے اور بائیں جانب ایک کمرہ بطور لائبریری تیار کیا گیا ہے تاکہ انصار اس سے استفادہ کرسکیں۔ داخلی دروازہ سے آگے بائیں جانب ایک کمرہ جو کبھی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کا مرکزی ٹرانسمیشن روم تھا اب وہ میٹنگ روم کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔

دفتر کا افتتاح:مورخہ ۷؍فروری ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ یوکے نے تشریف لاکر تختی کی نقاب کشائی اور دعا سے افتتاح کیا۔ دعا کے بعد آپ نے دفتر ملاحظہ کیا۔

اس موقع پر ایک مختصر اجلاس محمود ہال، مسجد فضل لندن میں منعقد کیا گیا جس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد خاکسار (ناظم اعلیٰ مجلس انصاراللہ فضل ریجن) نے مختصر رپورٹ پیش کی۔ مکرم صدر صاحب مجلس نے اراکین نیشنل عاملہ، مالی معاونت کرنے والے احباب اور مہمانان کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دفتر کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کے ساتھ وابستہ خلفائے کرام کی یادوں کو باعث برکت قرار دیا۔ آپ نے توجہ دلائی کہ اس سے بھی بڑھ کر برکت کا مقام قریب واقع مسجد فضل ہے جہاں چار خلفائے احمدیت نے نمازیں ادا کیں لہٰذا مقامی انصار کا فرض ہے کہ اس کی آبادی کا خصوصی اہتمام کریں۔ دعا کے بعد تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

اللہ تعالیٰ اس دفتر کو مجلس انصاراللہ فضل ریجن کے ليے بہت برکت اور ترقی کی جگہ بنائے، تمام خدمت کرنے والوں کو بہترین جزا سے نوازے، مسجد فضل کے ارد گرد رہنے والے انصار بھائیوں کو مسجد کا حق ادا کرنے کی ہمیشہ توفیق بخشے اور مجلس انصاراللہ فضل ریجن اور اس کی جملہ مجالس کے اراکین کوصحیح معنوں میں خلیفۂ وقت کے انصار بننے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین

(رپورٹ:احمد محمد احسن۔ ناظم اعلیٰ مجلس انصاراللہ فضل ریجن)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button