یورپ (رپورٹس)

’بیکن آف پیس سکاٹ لینڈ‘ کے زیرِ اہتمام چیریٹی چیکس کی تقسیم اور تقریب افطار

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ سکاٹ لینڈ کے زیراہتمام سالانہ ’بیکن آف پیس‘ چیک کی تقسیم کا پروگرام مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو میں ۲۱؍فروری ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ منعقد ہوا۔ اس تقریب میں سیاستدانوں، مذہبی راہنماؤں، سول سرونٹس اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ۱۰۰؍سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جن میں ۴۵؍غیرازجماعت معززین بھی شامل تھے۔ تقریب کے دوران سوشل میڈیا پر ایک مہم بھی چلائی گئی جس کے ذریعے پروگرام کی براہ راست اپڈیٹس اور جماعت کے فلاحی کاموں کے اثرات کو وسیع پیمانے پر اجاگر کیا گیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شام چار بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم احمد کوناڈو صاحب چیئرمین بیکن آف پیس سکاٹ لینڈ نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد مکرم لطف الرحمٰن صاحب چیئرمین بیکن آف پیس برطانیہ جو خاص طور پر لندن سے اس تقریب کے لیے تشریف لائے تھے، نے اپنے استقبالیہ کلمات میں تنظیم کی عالمی سطح پر انسانی ہمدردی کی خدمات اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے شرکاء کو جماعت احمدیہ کے تعارف اور ’بیکن آف پیس ۲۰۲۵ء سکول پراجیکٹ‘ کے حوالے سے ڈاکومنٹریز بھی دکھائی گئیں۔

اس شام کی سب سے اہم کڑی ۲۰۲۵ء میں گلاسگو میں منعقدہ چیریٹی واک کے ذریعے جمع شدہ ۲۷؍ہزار ۴۰۰؍پاؤنڈز کی رقم کی تقسیم تھی۔

چیکس کی تقسیم کے بعد ان اداروں کے نمائندگان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ یہ عطیات ان کے اہم کاموں میں کس طرح مددگار ثابت ہوں گے۔ ڈپٹی لارڈ پروووسٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گلاسگو شہر اور عالمی سطح پر ضرورت مندوں کے لیے جماعت احمدیہ کی خدمات کو بے حد سراہا۔

تقریب کے دوران مسرور آئی انسٹیٹیوٹ اور ہیومینٹی فرسٹ کی سرگرمیوں پر مبنی ویڈیو دکھائی گئی جس کے بعد ڈاکٹر عبدالحئی صاحب ریجنل امیر سکاٹ لینڈ نے باقاعدہ طور پر ’بیکن آف پیس ۲۰۲۶ء‘ مہم کا افتتاح کیا۔

پروگرام کے اختتام پر مکرم وسیم گورایہ صاحب ناظم اعلیٰ مجلس انصاراللہ سکاٹ لینڈنے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مکرم فخر آفتاب صاحب مبلغ سلسلہ گلاسگو نے دعا کروائی۔ غروبِ آفتاب پر اذانِ مغرب دی گئی اور تمام حاضرین کی خدمت میں افطار ڈنر پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: ارشد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button