جماعت احمدیہ سولومن آئی لینڈز (Solomon Islands) میں جلسہ یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد
مکرم امتیاز احمد نوید صاحب مبلغ سلسلہ سولومون آئی لینڈز تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ سولومون آئی لینڈز کو ۲۲؍فروری ۲۰۲۶ء کو جلسہ یوم مصلح موعود ہونیارا (Honiara) میں جماعت کے مشن ہاؤس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر میں خاکسار (مبلغ سلسلہ)نے پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر بیان کیا اور حضرت مصلح موعودؓ کی فقیدالمثال اور تاریخی کارناموں پر روشنی ڈالی۔ مکرم ارسلان عارف صاحب مبلغ سلسلہ نے حضرت مصلح موعودؓ کے دور خلافت میں ہونے والی عظیم الشان کامیابیوں اور حضرت مصلح موعودؓ کی شخصیت کے بارے میں تقریر کی۔ اس جلسہ کی آخری تقریر مکرم عبدالغفور صاحب صدر جماعت سولومون آئی لینڈز نے ’’حضرت مصلح موعودؓ کے علمی کارنامے اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس کے بعد سوال وجواب کا سلسلہ شروع ہوا اور دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔
افطاری اور نماز مغرب کے بعد احباب جماعت کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔
الحمدللہ، ۳۷؍افراد جماعت بشمول خواتین اور بچے اس اجلاس میں شامل ہوئے اور حضرت مصلح موعودؓ کی پاکیزہ زندگی کے مختلف پہلوؤں سے روشناس ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:ثاقب محمود عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




