مجلس خدام الاحمدیہ ناروے کے زیر اہتمام ’ایک مسلمان کے ساتھ افطار‘ پروگرام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ناروے نے لجنہ اماء اللہ ناروے کے تعاون سے ۲۶؍فروری ۲۰۲۶ء کو مسجد بیت النصر، اوسلو میں ایک پُروقار بین المذاہب افطار ڈنر کا انعقاد کیا جس میں مختلف مذاہب، کمیونٹی راہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں اوسلو کی میئر آنّے لندبوئے (Anne Lindboe) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مہمانوں میں نارویجیئن غیر مسلم اور غیر از جماعت مسلمان شامل تھے۔

تقریب مسجد کے مسرور ہال میں منعقد ہوئی جہاں مقررین نے ماہ رمضان کی روح، امن، رواداری، خدمت انسانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اذان مغرب کے ساتھ روزہ افطار کیا گیا۔
نماز مغرب کے بعد تلاوت قرآن کریم سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ ناروے سرور صاحب نے افتتاحی تقریر میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ ایسے پروگرامز معاشرے میں باہمی احترام، ہم آہنگی اور مثبت تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بعد ازاں رمضان المبارک کے حوالے سے ایک معلوماتی پریزنٹیشن پیش کی گئی جس میں روزے کی روحانی اہمیت اور اس کے مقاصد بیان کیے گئے۔ بچوں کے نقطۂ نظر سے رمضان پر مشتمل ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی جسے شرکا نے بے حد پسند کیا۔ پروگرام میں ایک معلوماتی کوئز کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے شرکاء کو معلومات کے ساتھ ساتھ خوشگوار ماحول میں شرکت کا موقع ملا۔
اس کے بعد شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر مکرم چودھری ظہور احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ ناروے نے اپنے مختصر تقریر میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
مسرور ہال میں تقریباً ۲۲۰؍افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا جو مکمل طور پر بھر گیا جس میں ۱۲۰؍مہمان اور ایک سو جماعت ممبران شامل تھے۔ مہمانوں کو مسجد کا دورہ بھی کروایا گیا جبکہ گیلری میں رمضان المبارک کے موضوع پر معلوماتی نمائش بھی لگائی گئی تھی۔ ہال کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور اسلامی خطاطی کے خوبصورت نمونے بھی آویزاں کیے گئےتھے۔ الحمدللہ
(رپورٹ:میر عبدالسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کے زیر اہتمام Tri-Nation فٹ بال ٹورنامنٹ



