جماعت احمدیہ سٹراس برگ، فرانس میں رمضان المبارک میں تبلیغی افطار ڈنرز
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سٹراس برگ، فرانس کو امسال بھی رمضان المبارک کے ایام میں مسجد مہدی میں افطار ڈنرز کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
پہلا افطار ڈنر ۲۷؍فروری بروز جمعۃالمبارک منعقد ہوا جس میں مسجد مہدی کے گرد و نواح کی کونسلز کے معززین نے بطیب خاطر شرکت کی۔ گذشتہ تجربہ کی روشنی میں امسال افطار ڈنرز کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا، چنانچہ ایک افطار مقامی فرنچ معززین کے لیے اور دوسرا تبلیغی نوعیت کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس افطار ڈنر میں دس سے زائد کونسلز کے میئرز، ڈپٹی میئرز، کونسلرز، مختلف ایسوسی ایشنز کے نمائندگان، پادری صاحبان اور دیگر معززین شریک ہوئے جبکہ متعدد مہمان اپنی اپنی اہلیہ کے ہمراہ تشریف لائے۔

مہمانوں کی آمد، افطار سے قبل شروع ہوئی اور انہوں نے اذان کے ساتھ اجتماعی افطار میں شرکت کی۔ نماز مغرب کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کا موضوع ’’باہمی تعاون‘‘ تھا۔ پروگرام کی نظامت مکرم کامل افضل صاحب لوکل سیکرٹری امور خارجہ نے کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و فرنچ ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے ’’باہمی تعاون‘‘ سے متعلق اسلامی تعلیمات اور آنحضور ﷺ کے عملی نمونہ پر مشتمل تقریر کی۔ مزید برآں پراٹسٹنٹ چرچز کی انجمن کی صدر محترمہ Isabelle Gerber اور دیگر معزز مہمانان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے باہمی رواداری، مذہبی آزادی اور معاشرتی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
مکرم فیصل جمائی صاحب صدر جماعت نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا، جبکہ مکرم اطہر کاہلوں صاحب نے ریٹائر ہونے والے میئر M. Jean-Jacques Ruch کا جماعت کے ساتھ مخلصانہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ میئر موصوف اور دیگر معززین نے اپنی تقاریر میں جماعت احمدیہ کے کردار، بین المذاہب ہم آہنگی اور ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘ کے پیغام کو نہایت سراہا۔
اسی طرح Alsace کی یورپین برادری کے نائب صدر Mr. Philippe Maurer اور کورس برگ کمیونٹی کے صدر Mr. Justin Vogel نے بھی اپنے تاثرات میں جماعت احمدیہ کی سماجی خدمات، اخوت اور خدمتِ انسانیت کے جذبہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ ریجنل کونسل کی ممبر Madame Gabrielle Rosner-Bloch نے مسجد مہدی کو علاقہ میں مذہبی ہم آہنگی کی ایک خوبصورت علامت قرار دیا۔
افطار کے بعد مہمانوں کو مسجد، لائبریری اور تصویری نمائش کا دورہ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا جہاں جماعت احمدیہ، نظام خلافت اور اسلامی تعلیمات کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں اور سوالات کے جواب دیے گئے۔ بفضل اللہ اس پروگرام میں ۶۸؍مہمانوں نے شرکت کی۔
مورخہ ۱۳؍مارچ بروز جمعۃ المبارک ایک علیحدہ تبلیغی افطار ڈنر منعقد کیا گیا جس میں زیادہ تر غیر احمدی مسلمان احباب نے شرکت کی۔ افطار اور نماز مغرب کے بعد باہمی گفتگو کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بعد ازاں نماز عشاء و تراویح ادا کی گئیں۔ اس موقع پر موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں قرآن کریم اور پیشگوئیوں کی روشنی میں امن کی اہمیت اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی عالمی سطح پر مساعی کا ذکر کیا گیا۔ اس پروگرام میں ۳۲؍مہمان شامل ہوئے۔
یوں اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سٹراس برگ کو رمضان المبارک میں مجموعی طور پر تقریباً ۱۰۰؍افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔
اللہ تعالیٰ اس بابرکت کاوش کو قبول فرمائے اور اس کے مثبت اثرات مرتب فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: نصیر احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: لائبیریا میں مسجد بیت السلام اور مسجد بیت الباسط کے بابرکت افتتاح



