جرمنی میں ’تھیورِنگن نمائش‘ میں جماعت احمدیہ کا تبلیغی سٹال
جرمنی کے صوبہ تھورنگن (Thüringen) کے دارالحکومت ائیرفورٹ (Erfurt) میں منعقد ہونے والی تھیورِنگن نمائش ایک بڑی عوامی تجارتی و معلوماتی نمائش ہے جو ۱۹۹۱ء میں جرمنی کے اتحاد کے بعد مختلف اداروں اور عوام کے درمیان رابطہ بڑھانے کے لیے شروع ہوئی۔ اب یہ مشرقی جرمنی کی نمایاں صارفین نمائشوں میں شامل ہوتی ہے جہاں ہرسال سینکڑوں سٹالز پر کاروباری، سرکاری، سماجی، تعلیمی اور مذہبی ادارے شرکت کرتے ہیں اور ہزاروں افراد اس کا دورہ کرتے ہیں۔ ۲۰۱۸ء سے جماعت احمدیہ ائیرفورٹ کو باقاعدگی کے ساتھ اس میلے میں شرکت کی توفیق مل رہی ہے۔ مکرم سلیمان ملک صاحب صدر جماعت ائیرفورٹ تحریر کرتے ہیں کہ امسال یہ صنعتی میلہ مورخہ ۲۸؍فروری تا ۸؍مارچ تک جاری رہا جس میں جماعتی سٹال کو مجموعی طور پر۲۰؍پوسٹرز سے مزیّن کیا گیا جن میں مختلف موضوعات کو اجاگر کیا گیا تھا جن میں قرآن کریم، مسیح آگیا ہے، عالمی جنگ بند کرو، مسلمان نسل پرستی کے خلاف ہیں اور ائیرفورٹ میں تعمیر ہونے والی پہلی مسجد محمود کے بارے میں ایک بڑا معلوماتی پوسٹر بھی شامل تھا۔

اس میلے کا باضابطہ افتتاح مورخہ ۲۸؍فروری کوصوبہ تھیورنگن کے وزیرِاعلیٰ جناب ماریو فوئگٹ نے کیا۔ افتتاح کے بعد موصوف جماعتی سٹال پر بھی تشریف لائے۔ اس موقع پر انہیں جماعت احمدیہ کی جانب سے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطوط و خطابات پر مشتمل کتاب ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ پیش کی گئی۔
نمائش کے دوران جماعت احمدیہ کے سٹال پر متعدد سیاسی اور سماجی شخصیات تشریف لائیں جن میں صوبائی پارلیمنٹ کے صدر اور وفاقی پارلیمنٹ کے نائب صدر بوڈو رامیلوبھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور دیگر تنظیموں سے وابستہ افراد نے بھی جماعت کے سٹال کا دورہ کیا۔ روزانہ سینکڑوں افراد نے جماعت کے سٹال کا دورہ کرکے مختلف موضوعات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ خاص طور پر کتابچہ ’اسلام۔ حقائق اور دلائل‘ بہت زیادہ توجہ کا مرکز رہا۔ اسی طرح مسجد محمود، ائیرفورٹ کے بارے میں بھی بہت سے افراد نے خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔

جماعت کی اس پیشکش کا مرکزی محور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا امن کا پیغام تھا جسے متعدد مہمانوں نے موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں نہایت بروقت اور از حد ضروری قرار دیا۔
بہت سے افراد نے مسجد محمود کا ذاتی طور پر دورہ کرنے کی بھی خواہش کا اظہار کیا۔
مجموعی طور پر تقریباً ۱۳۰۰؍افراد نے جماعت احمدیہ کے سٹال کا دورہ کیا جبکہ نمائش کے دوران تقریباً۱۳۵۰۰؍معلوماتی لیفلیٹس وکتب تقسیم کی گئیں۔ اس کے علاوہ جماعت کے تعارفی تحائف، مثلاً بال پوائنٹ قلم، نوٹ پیڈز اور کپ وغیرہ بھی مہمانوں میں تقسیم کیے گئے۔
انتظامیہ کے مطابق اس نمائش میں مجموعی طور پر تقریباً ۶۷؍ہزار افرادنے شرکت کی۔ الحمدللہ، اس نمائش میں جماعت احمدیہ کا سٹال نہایت کامیاب رہا۔ اس پروگرام کی تیاری، سٹال کی تنصیب اور اختتام کے بعد سامان کی واپسی کے مراحل میں جہاں مقامی مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس انصار اللہ کے متعدد افراد نے بھرپور تعاون کیا اور اپنے خلوص اور محنت سے اس پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا وہاں نیشنل شعبہ تبلیغ نے بھرپور مدد کی اور جملہ لٹریچر، لیفلیٹس، کتب اور تحائف وغیرہ ہمیں پہنچائے۔
اللہ تعالیٰ اس ادنیٰ کاوش کے بہترین نتائج پیدا فرمائے نیز ہمیں مزید احسن رنگ میں دنیا کے کناروں تک حضرت مسیح موعودؑ کے پیغام کو پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت گولیکائو ریجن اومے، آئیوری کوسٹ میں مسجد قمر کا افتتاح




