اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ارتحال

لئیق احمد مشتاق صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سُرینام تحریر کرتے ہیں کہ جماعت احمدیہ سُرینام کی ایک مخلص خاتون محترمہ الامین صاحبہ اہلیہ فرید جمن بخش صاحب نیشنل سیکرٹری مال مورخہ۱۷؍اپریل ۲۰۲۶ء کوبعمر ۵۷؍سال دارفانی سے کوچ کر گئیں۔ اناللہ و انا الیہ راجعون

مرحومہ ۱۲؍اپریل ۱۹۶۹ء کو ایک دینی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ آپ کے دادا کو اپنے علاقے میں مسجد بنانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ موصوفہ اپنے خاندان میں اکیلی احمدی تھیں۔ انتہائی مہذب، شائستہ، نفاست پسند، سگھڑ اور تخلیقی صلاحیتوں کی حامل خاتون تھیں۔ گذشتہ تیس سال سے یونیورسٹی آف سُرینام میں مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔ ملک میں پائے جانے والی جڑی بوٹیوں، پھولوں اور پودوں کے بارے میں وسیع علم رکھتی تھیں۔

۱۹؍جون ۱۹۹۲ء کو فرید جمن بخش صاحب کے عقد میں آئیں۔ مولاکریم نے انہیں ایک بیٹے سعید احمد سے نوازا جو اس وقت نیشنل مجلس عاملہ کے رکن ہیں۔ دو سال قبل خدا تعالیٰ نے انہیں پہلی پوتی عطا فرمائی جو تادم آخر ان کی خوشیوں کا محور رہی۔

جماعتی پروگرامز اور جلسہ ہائے سالانہ کے موقع پر انتہائی نفاست سے گلدستے بنا کر لاتیں۔ رمضان المبارک میں افطار کے ليے مختلف پھلوں کے جوس اور رنگارنگ کھانے تیار کرکے لانا ان کا شعار رہا۔ ان کی طرف سے دی جانے والی افطار پارٹی ہمیشہ منفرد اور شاندارہوتی تھی۔

عیدین کے موقع پر جماعتی انتظام کے تحت بچوں کے ليے چاکلیٹس اور دیگر لوازمات سے مزیّن پیکٹ تیار کرکے لاتیں اور خود جاکر بچوں کے ہاتھ میں دیتیں۔ جلسہ سالانہ اور دیگر مواقع پر آنے والی معزز مہمان خواتین کو نہایت عمدگی سے سنبھالتیں اور ان کے ساتھ بامقصد گفتگو کرتیں۔ جماعت کی طرف سے طلبہ کو ديے جانے والے تعلیمی ایوارڈزبہت عمدگی سے سجاتیں۔ جماعتی پکنک کے موقع پر بچوں کے ليے دلچسپ پروگرام ترتیب دینے میں بھرپور کردار ادا کرتیں۔

۲۰۰۸ء میں صد سالہ خلافت جوبلی کے موقع پر اپنے میاں اور اکلوتے بیٹے کے ساتھ جلسہ سالانہ برطانیہ میں شمولیت کی توفیق پائی اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ اس یادگار موقع پر لی گئی تصویر آج بھی ان کے گھر میں آویزاں ہے۔ اپنی فیملی کے ساتھ جلسہ سالانہ گیانا اور ٹرینیڈاڈ میں بھی شامل ہونے کا موقع ملا۔ جماعتی پروگرامز اور جمعہ میں باقاعدگی سے شامل ہوتیں۔ تقاریر اور خطبہ جمعہ بہت غور سے سنتیں اور بعد میں سوال بھی کرتیں۔

گذشتہ ایک سال سے کینسر کے عارضہ سے نبرد آزما تھیں۔ بیماری کی تشخیص کے بعد ڈاکٹرز نے واضح طور پر بتا دیا تھا کہ مرض کی جڑ سانس کی نالی کے بہت قریب ہے اس ليے کیموتھراپی یا ریڈی ایشن ممکن نہ ہو گی۔ موصوفہ نے بہت ہمت، جوانمردی اور صبر کے ساتھ اس بیماری کا مقابلہ کیا۔ زندگی کے صرف آخری چار دن ہسپتال میں گزارے اور جمعہ کے دن دوپہر ساڑھے بارہ بجے داعی اجل کو لبیک کہا۔ سینکڑوں کی تعداد میں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ تعزیت کے ليے ان کے گھر آئے۔

مورخہ ۲۰؍اپریل کو خاکسار نے گھر پر ان کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں بیسیوں غیر از جماعت احباب بھی شامل ہوئے۔ بعد ازاں مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی اور قبر تیار ہونے پر خاکسار نے دعا کروائی۔

ان کے میاں گذشتہ تیس سال سے نیشنل سیکرٹری مال کے فرائض احسن رنگ میں ادا کرنے کی توفیق پا رہے ہیں۔ انہیں اپنی اہلیہ کی بھرپور خدمت اور دیکھ بھال کی توفیق ملی۔

احباب جماعت سے دعائے خاص کی عاجزانہ درخواست ہےکہ مولاکریم مرحومہ کی مغفرت فرمائے اوردرگزر کا سلوک فرماتے ہوئے اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور تمام سوگواروں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

اعلان ولادت

رضوان احمد افضل صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے مورخہ ۷؍اپریل کو عزیزم مصور رشید اور عزیزہ شازیہ علی کو ایک بیٹی سے نوازا ہے۔ الحمدللہ۔ بچی کا نام ’صوفیہ‘ رکھا گیا ہے اور نومولود وقف نو کی بابرکت سکیم میں شامل ہے۔

نومولود، انور احمد رشید صاحب صدر مجلس انصاراللہ سویڈن کی پوتی اور چودھری سلامت علی صاحب صدر جماعت حلقہ نور اوسلو کی نواسی ہے۔

احباب جماعت سے نومولود کے صالحہ، نیک نصیب اور قرۃ العین ہونے کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

تقریب آمین

طارق حیات صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے خاکسار کے بڑے بیٹے عزیزم مقرب امام حیات نے بعمر سات سال قرآن کریم ناظرہ کا پہلا دور مکمل کیا ہے۔ بچہ کی والدہ نے اسے قرآن کریم پڑھانے کی توفیق پائی ہے۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ عزیزم کو قرآن کریم کے انوار سے منور فرمائے اور اسے ہمیشہ قرآن کریم پڑھنے، سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button