گنی بساؤ میں ہیومینٹی فرسٹ کے زیر اہتمام تین روزہ مفت میڈیکل کیمپ
خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہیومینٹی فرسٹ کے زیر اہتمام مغربی افریقہ کے ملک گنی بساؤ کے دور دراز اور پسماندہ علاقے کابڈو میں ۳تا۵؍اپریل ۲۰۲۶ء تین روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ کیمپ ایسے علاقے میں منعقد ہوا جہاں طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور عوام کو بنیادی علاج معالجہ تک رسائی حاصل نہیں۔

اس بابرکت خدمت خلق کے دوران ۳۱۵؍سے زائد مریضوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔ مستند اور تجربہ کار ڈاکٹروں نے نہایت توجہ اور ہمدردی کے ساتھ مریضوں کا علاج کیا جبکہ تمام مریضوں کو مفت اور معیاری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ مریضوں میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل تھی جن میں سے اکثر افراد ایسے تھے جنہوں نے اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ کسی مستند ڈاکٹر سے معائنہ کروایا۔
کیمپ کے دوران مختلف عام بیماریوں جیسے ملیریا، جِلدی امراض، معدے کے مسائل اور موسمی بخاروں کا علاج کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مریضوں کو صفائی، حفظان صحت، اور بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے مفید ہدایات بھی دی گئیں تاکہ وہ مستقبل میں بہتر طرز زندگی اختیار کر سکیں۔

مقامی قبائلی سرداروں اور عمائدین نے ہیومینٹی فرسٹ کی اس بے لوث خدمت کو بے حد سراہا اور تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ ایسے فلاحی کام ان علاقوں کے لیے نہایت ضروری ہیں اور یہ انسانیت کی حقیقی خدمت کی روشن مثال ہیں۔
علاقہ مکینوں کی خوشی دیدنی تھی۔ ان کے چہروں پر مسرت اور تشکر کے جذبات نمایاں تھے۔ کئی افراد نے جذباتی انداز میں کہا کہ یہ کیمپ ان کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں اور انہوں نے جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ کے لیے دعائیں بھی کیں۔
اللہ تعالیٰ اس خدمت کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی ایسے مواقع فراہم فرماتا رہے۔ آمین
(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)
مزید پڑھیں: لیسوتھو میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد




