نارتھ ریجن، آئیوری کوسٹ میں مسرور فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد
مکرم حافظ شہباز احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ الحمدللہ، جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ نارتھ ریجن کو مورخہ ۲۲؍مارچ ۲۰۲۶ء کو پہلا ریجنل مسرور فٹ بال ٹورنامنٹ کروانے کی توفیق ملی۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد ریجن کے خدام کو اکٹھا کرنا، ان کی تربیت کرنا اور ریجنل لیول پر ایک ٹیم سلیکٹ کر کے نیشنل اجتماع کی تیاری کروانا تھا۔

اس پروگرام کی اطلاع ایک ماہ قبل ریجن میں کر دی گئی اور ریجن کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ فرکے زون کو مسرور، کروگوزون کو ناصر اور تافیرے زون کو طاہر، نام دیا گیا۔
مورخہ ۲۲؍مارچ ۲۰۲۶ء کو صبح نو بجے ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا جس میں نائب صدر مجلس مکرم سنفو ہاشم صاحب اور دیگر ریجنل نمائندگان نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت سے ہوا اور اس کے بعد مکرم نائب صدر مجلس صاحب نے سپورٹس مین سپرٹ اور کھیل میں انصاف کو مد نظر رکھنے پر مختصر تقریر کی اور بعد ازاں دعا کے بعد ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا۔
تینوں ٹیمز نے آپس میں کُل چار میچز کھیلے۔ بعد ازاں فائنل کروایا گیا جو کہ ٹیم طاہر نے جیتا۔ ٹورنامنٹ کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور اس کے بعد مکرم کولیبا لی ابوبکر صاحب معلم سلسلہ نے سیرت حضرت مسیح موعودؑ کے حوالے سےمختصر گزارشات پیش کیں اور کھانے کے بعد پروگرام کا اختتام ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ نارتھ ریجن کی اس ادنیٰ سی کوشش کو قبول فرمائے اور ریجن کے خدام کو ایمان میں بڑھائے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالنور۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: دنیائے احمدیت میں عید الاضحی کے اجتماعات اور قربانی کے اہم فریضہ کی ادائیگی کی ایک جھلک



