دنیائے احمدیت میں عید الاضحی کے اجتماعات اور قربانی کے اہم فریضہ کی ادائیگی کی ایک جھلک
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۷ و ۲۸؍مئی ۲۰۲۶ءکو دنیا بھر میں ہزاروں فرزندان توحید نے دینی جوش و جذبے سے عید الاضحی منائی اور اللہ تعالیٰ کے حضور سنت ابراہیمی پر عمل پیرا رہنے کا عہد دہرایا۔ عید الاضحی کے موقع پر جماعت احمدیہ کو بھی خدمت انسانیت کی توفیق ملی۔ مختلف ممالک میں عید الاضحی کی نماز کے بعدسنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے مختلف جگہوں پر خدائے بزرگ و برتر کے حضور جانوروں کی قربانی پیش کی گئی اور چھوٹے، بڑے جانور ذبح کیے گئے۔ ترقی یافتہ ممالک میں جہاں جانور قربان کرنے کی اجازت نہیں احمدی احباب نے غریب ممالک میں اپنی قربانیاں بھجوائیں۔ قربانی کے ان جانوروں میں ذاتی قربانیاں بھی شامل تھیں جبکہ بہت سی جگہوں پر جماعتی طور پر بھی قربانی کی گئی۔

ہیومینٹی فرسٹ نے بھی اس کارخیر میں حصہ لیا اور قربانی کی رقوم ملک کے مختلف علاقوں میں بھجوائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ احباب بلا تفریق مذہب و ملت اس سے مستفیض ہو سکیں۔ مرکزی نظام کے تحت قربانیوں کا گوشت احباب جماعت کے علاوہ غیر از جماعت احباب،پڑوسیوں اور دیگر ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا۔
اکثر ممالک میں مساجد، احمدیہ سکولز کے کھلے میدانوں یا عیدگاہوں میں نمازِ عید کے متعدد بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ اطفال، خدام اور انصار نے ایک روز قبل ان عیدگاہوں کو وقارِ عمل کے ذریعہ تیار کیا تھا۔ ان کے علاوہ کئی جماعتوں میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے جن کے بعد حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ عید براہ راست سننے کا اہتمام کیا گیا۔ عیدالاضحی کے حوالے سے بعض نمائندگانِ الفضل انٹرنیشنل کی جانب سے بھجوائی گئی رپورٹس پیش ہیں۔
بر اعظم ایشیا
بنگلہ دیش: عید الاضحی ۱۵۵؍مقامات پر ادا کی گئی۔ ان اجتماعات میں کُل ۱۲؍ہزار ۷۲۹؍احباب شامل ہوئے۔ اسی طرح 118؍مقامات پر جماعت کی طرف سے قربانی کی گئی۔ امسال رنگپور ضلع کے ایک گاؤں میں، جس کے باشندے غیراحمدی ہیں اور قربانی دینے کی استطاعت نہیں رکھتے، جماعت کی طرف سے قربانی کی گئی اور 135؍خاندانوں کو گوشت پہنچایا گیا۔ اس کے علاوہ ہیومینٹی فرسٹ کے تحت شالشیڑی جماعت میں قربانی کی گئی اور ایک ہزار سے زائد لوگوں کو گوشت پہنچایا گیا۔(رپورٹ: نوید الرحمان۔ نمائندہ الفضل)
روس: امسال رشیامیں پانچ مقامات پر کُل ۵۵؍احباب نے نماز عیدالاضحی ادا کی۔ نیز ۱۷؍بکرے اورایک گائے کی قربانی کی گئی۔ مجموعی طور پر ۲۰۰؍افرادمیں تقریباً ۸۰۰؍کلو گوشت تقسیم کیا گیا۔ (رپورٹ: جمیل احمد تبسم۔ نمائندہ الفضل)
قازاقستان: اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ قازاقستان میں پانچ جماعتوں اور آٹھ انفرادی مقامات میں عیدالاضحی منائی گئی جہاں پر کُل ۲۹۱؍افراد شامل ہوئے۔ اسی طرح دس جگہوں پر قربانیاں ہوئیں جن میں ۲۱؍مرکزی قربانیوں کے بشمول کُل ۷۷؍قربانیاں کی گئیں۔ نیز ۱۲۶۰؍مستحق افراد میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔ (رپورٹ: عطاء الرب چیمہ۔ نمائندہ الفضل)
کبابیر: کبابیر میں دو مقامات پر عید الاضحی کے اجتماعات ہوئے جہاں کُل ۶۵۰؍افراد شامل ہوئے۔ اسی طرح تین مقامات پر قربانیاں کی گئیں۔ (رپورٹ:شمس الدین مالاباری۔ نمائندہ الفضل)
میانمار(برما): ملک کے پانچ مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جہاں ۲۱۲؍افراد شامل ہوئے۔ اسی طرح تین ریجنز میں کُل سات گائیوں قربانی کرنے کی توفیق ملی جن کا گوشت دو ہزار سے زائد ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا گیا۔ اس کے علاوہ ہرسال کی طرح ذہنی مریضوں کے ہسپتالوں میں بھی ایک ۱۲۰۰؍مریضوں کے لیے گوشت مہیا کیا گیا۔ (رپورٹ: محمد سالک۔ نمائندہ الفضل)
بر اعظم اوشیانہ
آسٹریلیا: اللہ تعالیٰ کے فضل سے آسٹریلیا بھر میں کُل ۱۲؍ مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جہاں ۵۳۰۰؍سے زائد احباب و خواتین شامل ہوئے۔ (رپورٹ :ثاقب محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
فجی: اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فجی کی دس جماعتوں میں نماز عید الاضحی کے اجتماعات ہوئے جہاں کُل ۵۱۳؍احباب و خواتین نے نماز عید ادا کی۔ عید کے بابرکت موقع پر تقریباً ۶۰؍احبابِ جماعت نے قربانیاں پیش کیں، جن کے بعد گوشت مستحقین میں تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر جزیرہ رانبی کے احبابِ جماعت نے بھی نہایت جذبۂ ایثار کے ساتھ شرکت کی۔ انہوں نے کشتی کے ذریعے تقریباً دو گھنٹے کا سفر طے کر کے تاویونی جماعت کے ساتھ قربانی میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کی۔ یہ منظر نہ صرف اخوت و محبت کی عملی تصویر تھا بلکہ جماعتی اتحاد اور قربانی کی حقیقی روح کو اجاگر کرنے والا بھی تھا۔ (رپورٹ: نعیم احمد اقبال۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
نیوزی لینڈ: نیوزی لینڈ میں کُل پانچ جماعتوں میں نماز عید ادا کی گئی جہاں ۹۰۳؍احباب و خواتین شامل ہوئے۔ اس طرح ملک کے پانچ ریجنز میں قربانی کی گئی۔ (رپورٹ :مبارک خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
بر اعظم افریقہ
آئیوری کوسٹ: اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال آئیوری کوسٹ کے ۱۹؍ریجنز کی ۱۲۱؍جماعتوں میں نماز عید الاضحی ادا کی گئی۔ عید کے ان اجتماعات میں ۱۳؍ہزار ۵۰۰؍احباب و خواتین شامل ہوئے۔ اسی طرح ۱۹؍ریجنز کی ۶۰؍جماعتوں میں قربانیاں ہوئیں جن کا گوشت ۸۰؍سے زائد مقامات کے احباب میں تقسیم کیا گیا۔ جماعتی طور پر ۲۱؍گائے اور ۵۱؍بکرے جبکہ ہیومینٹی فرسٹ نے ۸؍گائے اور ۴۰؍بکروں کی قربانی کی۔ جبکہ کئی احمدی احباب نے ذاتی طور پر بھی قربانی کی۔ ان قربانیوں کے ذریعہ ۱۶۰۰؍سے زائد فیملیز میں گوشت تقسیم کیا گیا جن کے افراد کی تعداد ۸؍ہزار سے زائد بنتی ہے۔ ۱۵؍سے زائد مقامات پر قربانی کے گوشت سے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا جبکہ کئی مقامات پر کلوا جمیعا کا بھی اہتمام تھا۔ (رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل)
برکینافاسو: ملک کے ۱۷؍ریجنز کی ۱۲۵؍جماعتوں میں نماز عید الاضحی ادا کی گئی جہاں ۲۰؍ہزار ۱۵۰؍افراد شامل ہوئے۔ متفرق مقامات پر ۲۱۵؍جانور ذبح کیے گئے۔۲۲؍ ہزار سے زائد افراد تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا۔ نیشنل میڈیا نے عید کے اجتماعات کی کوریج کی۔ آن لائن اخبارات نے مضامین شائع کیے۔ بطور خاص موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر جماعت کے موقف کو پیش کیا گیا۔ (رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل)
تنزانیہ: امسال ملک کے ۲۵؍ریجنز میں ۳۳۹؍مقامات پر عید کے اجتماعات ہوئے جہاں تقریباً ۲۷؍ہزار افراد شامل ہوئے۔ اسی طرح ۲۵؍ریجنز میں تقریباً ۷۰۰؍بکرے اور ۶۵؍گائیاں قربان کرنے کی توفیق ملی۔ (رپورٹ: شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل)
سیرالیون: ملک کے پانچ ریجنز کی ۴۴۶؍جماعتوں میں ۷۳؍ہزار ۵۴۴؍احباب و خواتین نے نماز عید ادا کی ۔ نیز ۳۱۸؍جماعتوں میں قربانی کی گئی۔ (رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل)
کیمرون: عید الاضحی کے اجتماعات کیمرون کے ۸؍ریجنز کی ۳۰؍جماعتوں میں منعقد ہوئے جن میں ۶۶۲۲؍احباب و خواتین شامل ہوئے۔ نیز ملک بھر میں کُل ۲۲۹؍قربانیاں ہوئیں جن سے ۶۵؍ہزار افراد نےاستفادہ کیا۔ (رپورٹ: عبدالخالق نیّر۔ نمائندہ الفضل)
کینیا: اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال کینیا بھر کے ۱۶؍ ریجنز میں کُل ۱۳۶؍مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جس میں ۸۲۷۶؍احمدی مردوزن کو شمولیت کا شرف حاصل ہوا۔ نماز کے بعد سنت ابراہیمی کے مطابق ہر جگہ قربانی کا اہتمام کیا گیا جس میں جماعتی انتظام کے علاوہ احباب جماعت نے ذاتی طور پر بھی اللہ تعالیٰ کی راہ میں گائے بکریوں اوربھیڑوں کی قربانی پیش کی ۔امسال عید کے تین دنوں میں جماعتی طور پر کُل ۳۰۱؍ بکرے اور ۲۶؍گائے ذبح کی گیئں ۔جن کا گوشت احباب جماعت کے علاوہ ہمسائیوں ،دوست احباب ،یتیم خانوں ،اولڈ پیپلز ہاؤسز ،چلڈرن ہاؤسز ،ہسپتالوں اور مختلف جیلوں میں دیا گیا ۔اس طرح کُل ۱۲؍ہزار ۱۱۵؍افراد مستفید ہوئے۔ تمام مقامات پر کلوا جمیعا کا انتظام بھی کیا گیا جس میں احباب جماعت اور غیر از جماعت مہمانوں کے علاوہ سرکاری افسران اور دیگر مذہبی راہنماؤں کو بھی مدعو کیا گیا ۔ ہیومینٹی فرسٹ کینیا کے تحت امسال بھی تقریباً تمام ریجنز کی جماعتوں میں سینکڑوں بکرے اور درجنوں بیل اللہ کی راہ میں قربان کیے گئے اور گوشت مستحقین تک پہنچایا گیا۔(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
گنی بساؤ: اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال گنی بساؤ کے ۹؍ریجنز کی ۱۳۰؍جماعتوں میں ۱۰؍ہزار سے زائد احباب جماعت نے نماز عید ادا کی۔ عیدالاضحی کے موقع پر جماعت احمدیہ گنی بساؤ کی طرف سے 100؍بکرے اور 23؍گائیں قربان کی گئیں۔ قربانی کے گوشت کو منظم انداز میں مستحقین، یتامیٰ، بیواؤں، نادار خاندانوں اور معاشرے کے کمزور طبقات میں تقسیم کیا گیا۔ اس بابرکت منصوبے سے ۱۳؍ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ گوشت کی تقسیم کے دوران کئی ایسے خاندان بھی سامنے آئے جنہوں نے بتایا کہ انہیں سال بھر گوشت میسر نہیں آتا اور عیدالاضحی ہی وہ موقع ہوتا ہے جب ان کے گھروں میں گوشت پکایا جاتا ہے۔ ان افراد نے جماعت احمدیہ کے اس انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔ اس خدمتِ انسانیت کا ایک نہایت مؤثر پہلو یہ بھی تھا کہ قربانی کے گوشت کی تقسیم میں مذہب، نسل اور قومیت کی کوئی تفریق روا نہیں رکھی گئی۔ چنانچہ متعدد غیر مسلم اور لامذہب افراد بھی اس سے مستفید ہوئے۔ ایسے کئی افراد نے اپنی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم مسلمان بھی نہیں ہیں، لیکن جماعت احمدیہ نے ہمیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کیا ہے۔ ہم نے آج عملی طور پر دیکھا ہے کہ احمدی واقعی تمام انسانیت کو ایک خاندان سمجھتے ہیں۔‘‘ (رپورٹ: زاہد احمد بھٹی، مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)
گنی کناکری: ملک کے چار ریجنز کی ۲۹؍جماعتوں میں ۱۶؍ہزار ۷۱۲؍افراد نے نماز عید ادا کی۔ اسی طرح ان سب جماعتوں میں جماعتی طور پر اور ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے قربانیاں پیش کی گئیں۔ (رپورٹ: طاہر محمود عابد۔ نمائندہ الفضل)
گیمبیا: امسال گیمبیا میں عید الاضحی کے اجتماعات ۷؍ریجنز کی ۸۷؍جماعتوں میں ہوئے جن میں ۱۳؍ہزار ۹۴۲؍افراد شامل ہوئے۔ اسی طرح ۹۸؍مقامات پر جماعت کو قربانی کرنے کی توفیق ملی۔ (رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل)
نائیجیریا: ملک کے ۳۷؍ریجنزا کی ۱۰۷؍جماعتوں میں ۲۶؍ہزار ۲۴۱؍احباب و خواتین نے نماز عید ادا کی۔ نیز ۲۶۳ جماعتوں میں جانوروں کی قربانی کی گئی۔ (رپورٹ: سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل)
یوگنڈا عید الاضحی کے اجتماعات یوگنڈا کے ۱۸؍ریجنز کی ۱۶۰؍جماعتوں میں منعقد ہوئے جن میں ۱۲؍ہزار سے زائد احباب و خواتین شامل ہوئے۔ نیز ۱۸؍ریجنز میں قربانیاں کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔(رپورٹ: رانا صباحت احمد۔ نمائندہ الفضل)
بر اعظم یورپ
بیلجیم :ملک کے چار ریجنز کی ۹؍جماعتوں میں ۱۹۰۰؍ احمدی احباب نے نمازِ عید ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ (رپورٹ:چودھری طاہر گل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
چیک ریپبلک: امسال چیک ریپبلک میں دو ماقات پر نماز عید الاضحی ادا کی گئی جہان کُل ۲۶؍احباب و خواتین شامل ہوئے۔ (رپورٹ: کاشف جنجوعہ۔ نمائندہ الفضل)
ڈنمارک: ملک کی دو جماعتوں میں کُل ۲۹۱؍احمدی احباب نے نمازِ عید ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ (رپورٹ:محمداکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
سکاٹ لینڈ(یوکے): امسال سکاٹ لینڈ میں تین مقامات پر عید الاضحی کے اجتماعات ہوئے جہاں کُل حاضری ۶۶۵؍تھی۔ (رپورٹ:ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
سوئٹزرلینڈ: ملک کے تین ریجنز کی چھ جماعتوں میں کُل ۷۶۳؍احمدی احباب نے نمازِ عید ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ (رپورٹ:صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
سویڈن: امسال سویڈن کی پانچ جماعتوں میں عید الاضحی کے اجتماعات ہوئے جہاں تقریباً ۱۰۰۰؍احباب و خواتین نے نماز عید ادا کی۔ (رپورٹ:رضوان افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
فرانس: ملک کے ۹؍ریجنز کی ۱۲؍جماعتوں کُل ۹۵۸؍احمدی احباب و خواتین نے نمازِ عید ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ (رپورٹ:چودھری مقصود الرحمان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
لٹویا: جماعت احمدیہ ریگا (Riga) میں ۲۱؍احباب و خواتین نے نمازِ عید ادا کی۔ (رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مالدووا: مالدووا میں دس احباب نے مل کر نمازِ عید ادا کی۔ (رپورٹ: انتصار احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
ناروے: ملک کی چار جماعتوں میں عید الاضحی کے اجتماعات ہوئے جہاں تقریباً ۱۳۵۰؍احباب و خواتین نے نماز عید ادا کی۔ (رپورٹ:حمزہ سلطان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
بر اعظم امریکہ
ایکواڈور: الحمد للہ ۱۸؍احباب نے مل ایکواڈور میں نمازِ عید ادا کی۔ نیز یہاں پر قربانی کرنے کی بھی توفیق ملی۔ (رپورٹ: خواجہ عبد الباسط۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
برازیل: برازیل میں جماعت کے مرکز پیٹروپولس میں اور ساوپاؤلو شہر میں عید الاضحی کے اجتماعات ہوئے جہاں ۵۰؍احباب و خواتین شامل ہوئے۔ نیز ان دو مقامات پر کُل ۱۰؍قربانیاں کرنے کی توفیق ملی۔ (رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
سرینام: جنوبی امریکہ کے ملک سرینام میں ۱۵۰؍احباب نے مل کر نمازِ عید ادا کی۔ نیز یہاں پر قربانی کرنے کی بھی توفیق ملی۔ (رپورٹ: لئیق احمد مشتاق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: واقفینِ نَو اور واقفاتِ نَو نائیجیریا کا پانچواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء



