میکسیکو میں مسجد بیت العطا کی تقریب سنگ بنیاد کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ میکسیکو کو مورخہ ۱۱؍اپریل ۲۰۲۶ء کو ریاست چیاپاس کے شہر سان کرسٹوبل دے لاس کاساس میں مسجد بیت العطا کا سنگ بنیاد رکھنے کی توفیق ملی۔ ان شاءاللہ یہ میکسیکو کی پہلی باقاعدہ تعمیر شدہ مسجد ہو گی۔

سان کرسٹوبل دے لاس کاساس سطح سمندر سے تقریباً ۷۰۰۰؍فٹ بلند ریاست چیاپاس کے پہاڑوں کے درمیان ایک وادی میں واقع ہے اور میکسیکو کے جنوب مغربی حصے میں گوئٹےمالا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ اس شہر میں احمدیت کا نفوذ ۲۰۱۵ء میں ہوا تھا۔
میکسیکو کے مختلف حصوں سے جماعت کے افراد اس تاریخی موقع پر شرکت کے لیے سفر کر کے آئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعودؑ کے منظوم کلام سے ہوا۔ بعد ازاں سان کرسٹوبل کے مقامی افراد نے ہسپانوی اور اپنی مقامی زبان میں تعارفی کلمات پیش کیے۔ آخر میں صدر جماعت احمدیہ میکسیکو مکرم نعمان رانا صاحب نے اس تاریخی تقریب کی اہمیت اور تفصیلات بیان کیں۔ برطانیہ سے تشریف لائے مہمان خصوصی مکرم فائز نوشیروان صاحب (واقف زندگی) اپنے ساتھ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تبرک کردہ اینٹ بھی لائے جسے مکرم صدر صاحب نے رکھتے ہوئے اس بابرکت تقریب کا آغاز کیا۔ بعدازاں دیگر افراد کو بھی اس بابرکت تقریب میں حصہ لینے اور اینٹ رکھنے کا موقع ملا۔ تقریب کا اختتام آئندہ تعمیر ہونے والی مسجد کے مقام پر نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے ساتھ ہوا۔

جماعت احمدیہ میکسیکو گذشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے سان کرسٹوبل میں سرگرم عمل ہے اور امید ہے کہ یہ نئی مسجد جہاں احباب جماعت کے لیے عبادت اور تعلیم و تربیت کا مرکز ہو گی وہاں مقامی لوگوں کو اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کروانے کے لیے بھی ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو گی۔ آمین
(رپورٹ: عدنان حیدر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: برکینا فاسو کے ریجنز میں جلسہ ہائے یو م خلافت کا انعقاد




