افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ تنزانیہ کے ایک وفد کی وزیر اعظم اور دیگر حکومتی وزراء سے اہم ملاقاتیں

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ تنزانیہ کو مورخہ ۲۰و۲۱؍اپریل ۲۰۲۶ء کو ملک کی اعلیٰ ترین سرکاری و سیاسی شخصیات تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی سعادت نصیب ہوئی۔ مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب قائم مقام امیر جماعت احمدیہ تنزانیہ کی زیر قیادت ایک وفد نے وزیر اعظم تنزانیہ، وزیر آبپاشی اور مستقل سیکرٹری سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

اس وفد میں مکرم قائم مقام امیر صاحب کے ہمراہ درج ذیل احباب شامل تھے: خاکسار (نائب امیر و پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ)، مکرم عبد الرحمٰن آمے صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ تنزانیہ اور مکرم کریم الدین شمس صاحب مرکزی مشنری ڈوڈوما ریجن۔

وزیر اعظم تنزانیہ سے ملاقات (۲۱؍اپریل):مورخہ ۲۱؍اپریل کو وفد نے تنزانیہ کے عزت مآب وزیر اعظم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دوران گفتگو مکرم قائم مقام امیر صاحب نے وزیر اعظم کو جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور انہیں جماعت کی عالمگیر مذہبی، تعلیمی اور انسانی خدمات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مکرم امیر صاحب نے وزیر اعظم کو قرآن کریم کا نسخہ اور جماعت احمدیہ تنزانیہ کا اخبار بطور تحفہ پیش کیا۔ وزیر اعظم نے جماعت کی بے لوث خدمات کو سراہا اور وفد کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

وزیر پانی سے ملاقات (۲۰؍اپریل): وفد نے وزیر آبپاشی عزت مآب جمعہ حمیدو اویسو (Hon Juma Hamidu Aweso) سے ملاقات کی۔ اس نشست میں عوامی خدمت اور باہمی تعاون کے حوالے سے نہایت خوشگوار گفتگو ہوئی۔ مکرم قائم مقام امیر صاحب نے وزیر موصوف کو تنزانیہ کے دور دراز علاقوں میں جماعت کے تحت جاری فلاحی منصوبوں اور واٹر سکیموں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

سیکرٹری وزارت پانی (Permanent Secretary) سے ملاقات (۲۰؍اپریل): وفد نے وزارت آبپاشی کی پرمننٹ سیکرٹری عزت مآب انجینئر مواجومہ وزیری (Hon. Eng. Mwajuma Waziri) سے بھی خیرسگالی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے جماعت کے تعارف اور خصوصاً پانی کی فراہمی کے شعبہ میں جماعت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔

یہ تمام ملاقاتیں نہایت کامیاب رہیں اور حکومتی سطح پر جماعت احمدیہ کا ایک مثبت اور جامع تعارف پیش کرنے کا موقع ملا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: عابد محمود بھٹی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button