لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ آسٹریلیا کا چالیسواںنیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ آسٹریلیا کا چالیسواں نیشنل اجتماع ’’محبت الٰہی‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۸تا ۱۰؍مئی ۲۰۲۶ء مسجد بیت الہدیٰ، سڈنی میں منعقد ہوا۔

اجتماع میں علمی مقابلہ جات اور بصیرت افروز علمی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔ ’لجنہ ہب‘میں مختلف موضوعات پر مفید پریزنٹیشنز اور ڈسکشنز کا اہتمام کیا گیا جن میں ’’صحت مند بڑھاپا‘‘، ’’توکل علیٰ اللہ‘‘، ’’شادی کے لیے روحانی طور پر خود کو تیار کرنا‘‘ اور ’’ڈیجیٹل دنیا میں خدا سے جڑی ہوئی نسل کی پرورش‘‘ جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔
دوسری جانب ’ناصرات ہب‘ میں عملی اور تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں کیپ اور ٹوٹ بیگ (Tote Bag) پینٹنگ شامل تھیں۔ اس کے علاوہ عمر کی مناسبت سے مختلف موضوعات پر گفتگو بھی ہوئی جن میں ہماری زندگیوں میں فرشتوں کا کردار، اچھی صحبت کی اہمیت اور ذہنی و جسمانی صحت کے لیے مفید عادات جیسے موضوعات شامل تھے۔
اجتماع کے دوران کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔ وقفوں کے دوران شاملین نے صنعت و دستکاری، کتابوں اور کھانے کے سٹالز سے بھی لطف اٹھایا۔
اجتماع کا اختتام تقسیم انعامات کی تقریب پر ہوا جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ممبرات کو انعامات سے نوازا گیا۔ اجتماع میں مجموعی طور پر ۱۰۵۰؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات نے شرکت کی۔ الحمدللہ
(رپورٹ:فرح خان۔ نیشنل سیکرٹری اشاعت لجنہ اماءاللہ آسٹریلیا)




