خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…ایران میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی سات روزہ آخری رسومات کا آغاز تہران سے ہوا، جہاں گرینڈ مصلیٰ سے آزادی اسکوائر تک جنازے کے جلوس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ آزادی اسکوائر پر ان کی انگوٹھی پہنے ہاتھ کا ایک دیوقامت مجسمہ نصب کیا گیا ہے، جسے قومی استقامت، مزاحمت اور اتحاد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ یادگار صرف چار دن میں تیار کی گئی۔ عوامی دیدار کے لیے خامنہ ای کے تابوت کے ساتھ ان کی بیٹی، داماد، بہو اور پوتی کے تابوت بھی رکھے گئے۔ جلوس میں شریک افراد نے ایرانی پرچم اٹھا رکھے تھے اور خامنہ ای سے اظہارِ عقیدت کیا۔ رپورٹ کے مطابق ان کی میت کو تہران کے بعد قُم، پھر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، جبکہ بعد ازاں مشہد میں بھی جنازے کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ ان رسومات میں ایک سو سے زائد ممالک کے وفود کی شرکت اور کروڑوں افراد کی آمد متوقع ہے۔
٭… ممبئی میں مسلسل شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے، مختلف حادثات میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ متعدد پروازیں منسوخ اور کئی کا رخ موڑ دیا گیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی چین میں بھی موسلا دھار بارشوں کے باعث سڑکیں زیرِ آب آنے سے کشتیوں کے ذریعے آمدورفت کی جا رہی ہے۔
٭… وینزویلا میں ۲۴؍جون کو آنے والے ۷.۲؍اور ۷.۵؍شدت کے دو تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار ۳۴۲؍ ہو گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، جن میں تین ہزار سے زائد بین الاقوامی امدادی کارکنوں کے ساتھ تیس ہزار مقامی اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔
٭…٭…٭




