جلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء پر دستیاب بعض نئی کتب کا تعارف

۶۰؍ واں جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء

سیرت النبی ﷺ (۸ جلدوں کا سیٹ)

حضرت مصلح موعودؓ کی بیان فرمودہ سیرة النبی ؐ کو آپؓ کی جملہ کتب، تحریرات، خطابات و خطبات سے اخذ کرکے یکجائی صورت میں مرتب کیا گیا ہے جو کہ آٹھ جلدوں میں شائع کی گئی ہے۔ پہلی چار جلدیں ۲۰۲۲؍میں شائع ہوچکی تھیں اب باقی جلدیں شائع ہوکر یہ ۸؍جلدوں کا سیٹ مکمل ہوگیا ہے۔اس کتاب کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اس میں نہ صرف آنحضرت ﷺ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا گیا ہے بلکہ سیرت کے حوالے سے ہونے والے اعتراضات کے جوابات بھی پیش کیے گئے ہیں۔ اس لحاظ سے یہ کتاب جماعت احمدیہ کے لٹریچر میں ایک تاریخی اور منفرد اضافہ ہے۔

روایات اصحاب احمدؑ( ۵ جلدوں کا سیٹ)

روایات اصحاب احمدؑ کی یہ پانچ جلدیں اس لحاظ سے نہایت اہم ہیں کہ اس میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ۷۲۱؍صحابہ کی روایات شائع کی گئی ہیں جن کا ماخذ رجسٹر روایات صحابہؓ ہیں جو ہاتھ سے لکھے گئے ۱۵؍جلدوں پر مشتمل رجسٹرز ہیں جو ابھی تک غیر مطبوعہ تھے۔ جماعت احمدیہ کے لیے بلاشبہ یہ غیر معمولی علمی خزانہ ہے جس سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور ان کے صحابہؓ کی سیرت و حالات پر کئی رنگ سے واقفیت حاصل ہوگی۔

خاندان مرہم عیسیٰؑ اور سیرت حضرت حکیم محمد حسین صاحب مرہم عیسیٰؑ

اس کتاب میں حضرت حکیم محمد حسین صاحب ؓمرہم عیسیٰ صاحب کی سیرت و سوانح کو شائع کیا گیاہے۔ اس خاندان میں تیس سے زائد افراد کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دعویٰ کو قبول کرنے کی توفیق ملی جن کے ناموں کی فہرست کتاب کے صفحہ چالیس سے بیالیس تک درج کی گئی ہے۔ مصنف محمد آصف چغتائی صاحب چونکہ حضرت حکیم محمد حسین صاحبؓ کے پوتے ہیں اس لحاظ سے بعض خاندانی حالات جو پہلے غیر مطبوعہ تھے پہلی مرتبہ کتابی صورت میں شائع ہورہے ہیں۔

سیرت و سوانح حیات حضرت مولوی نعمت اللہ خان صاحب شہید

اس کتاب میں حضرت مولوی نعمت اللہ خان صاحب کی شہادت کی دردناک داستان تفصیل سے پیش کی گئی ہے۔آپ کو ۲۱؍اگست ۱۹۲۴ء کے دن کابل کی سرزمین پر شہادت کا رتبہ حاصل ہوا جبکہ آپ کی عمر صرف ۳۴ ؍سال تھی۔۳۳۰؍صفحات پر مشتمل اس کتاب میں جہاں شہید کے خاندانی حالات اورالمناک شہادت کا تذکرہ ہے وہیں جماعت احمدیہ کے لیے یہ ایک تاریخی دستاویز بھی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جیسے اسلام دورِ اول میں طریق حسنؓ و حسین ؓیعنی صلح و شہادت سے لوگوں تک پہنچا اسی طرح آخری زمانہ میں بھی اسلام کی ترقیات میں اہلبیت علیہم السلام کی یہ سنت جاری نظر آتی ہے۔

موجِ احمدیت۔ الحاج قریشی محمد حنیف قمر سائیکل سیاح کی ہزار داستان

قریشی محمد حنیف قمر (مرحوم) سائیکل سیاح کی سیرت و سوانح کو ان کے بیٹے قریشی محمد سعید صاحب نے تالیف کیا اور پوتے قریشی شاہد جمیل صاحب حال مقیم لندن اسے شائع کرنے کی توفیق پارہے ہیں۔جماعت احمدیہ کی پہلی صدی میں قریشی محمد حنیف صاحب اس لحاظ سے ایک معروف شخصیت تھے کہ انہوں نے سائیکل پر تقریباً ۵۵؍ ہزار میل سے زائد تبلیغی اسفار کیے، آپ نے سائیکل پر تبلیغی پوسٹرز بھی آویزاں کیے ہوتے تھے جس کی بدولت بہت سے لوگ آپ کی طرف متوجہ ہوتے اور آپ کو تبلیغ کا موقع ملتا رہتا۔

اس کے علاوہ جلسہ سالانہ کے بُک سٹال میں درج ذیل نئی کتب بھی شامل ہیں۔

٭…تفسیر سروری ۵؍ مجلد(سورہ الاعراف آیت ۴۰؍تک)

٭…مصنفہ حضرت سید سرور شاہ صاحبؓ

٭…حیاتِ احمد ۶؍مجلد مصنفہ حضرت یعقوب علی عرفانی صاحبؓ، طبع جدید

٭…فلسطین سے کشمیر تک، طبع جدید

٭…رؤیا وکشوف سیدنا محمودؓ، طبع جدید

٭…تفسیر صغیر ، طبع جدید

٭…انمول موتی

انگریزی تراجم میں درج ذیل کتب کا ترجمہ پہلی مرتبہ شائع ہوا ہے۔

٭…خطباتِ مسرور جلد اول

٭…بنیادی مسائل کے جوابات ۲؍مجلد(Answers to Everyday Issues)

٭…خطبہ الہامیہ (The Revealed Sermon)

٭…کرامات الصادقین (Miracles of the Truthful)

٭…نجم الہدیٰ (The Guiding Star)

٭…عرفانِ الٰہی (True Recognition of God)

٭…انقلابِ حقیقی (The True Revolution)

٭…صحیح بخاری جلد اول و دوئم (Sahih Al-Bukhari)

نوٹ : یہ مکمل فہرست نہیں ہے صرف منتخب کتب کا ذکر کیا گیا ہے تاکہ قارئین کو نئی آنے والی کتب کے بارے میں معلومات حاصل ہوسکیں۔

(رپورٹ:احسان احمد۔ ٹیم الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button