افریقہ (رپورٹس)

گنی بساؤ کی جماعت بوننکارے میں مسجد بیت العلیم کا بابرکت افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو بافاٹا ریجن کے گاؤں بوننکارے میں نئی مسجد کی تعمیر و افتتاح کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس مسجد کا نام حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت ’’بیت العلیم‘‘ عطا فرمایا ہے۔

یہ کشادہ مسجد ۱۳×۹ میٹر پر مشتمل ہے اور مقامی آبادی کے لیے ایک عظیم روحانی تحفہ ہے جہاں نمازی نہایت سکون اور اطمینان کے ساتھ عبادت ادا کر سکیں گے۔ مزید برآں اس مسجد میں ایم ٹی اے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے جس کے ذریعے احباب جماعت باقاعدگی کے ساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات جمعہ، خطابات اور دیگر جماعتی پروگرام براہ راست دیکھ اور سن سکیں گے۔

مسجد بیت العلیم کا افتتاح مبلغ انچارج جماعت احمدیہ گنی بساؤ مکرم محمد احسن میمن صاحب نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ۵۰۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔ شاملین میں مقامی عمائدین، مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام الناس اور غیر از جماعت آئمہ کرام کی کثیر تعداد شامل تھی۔

افتتاح مسجد سے ایک روز قبل تبلیغی مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اس مجلس میں حاضرین نے اسلام احمدیت، خلافت، تعلیمات اسلام اور دیگر مذہبی امور کے متعلق مختلف سوالات کیے جن کے جماعت کے مبلغین نے قرآن کریم، احادیث نبویہؐ اور ارشادات حضرت مسیح موعودؑ کی روشنی میں جواب پیش کیے۔ حاضرین نے اس علمی نشست کو بے حد سراہا اور نہایت دلچسپی سے پروگرام میں شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے مساجد کی اہمیت، ان کے روحانی اثرات اور معاشرے میں امن و اخوت کے قیام میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ نیز اس امر پر زور دیا کہ مساجد صرف عبادت گاہیں نہیں بلکہ اخلاقی تربیت، دینی تعلیم، روحانی اصلاح اور خدمت انسانیت کے مراکز بھی ہیں۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔

اللہ تعالیٰ مسجد بیت العلیم کو ہمیشہ اپنے فضلوں اور برکتوں کا مرکز بنائے، اسے حقیقی اسلام کے پیغام کے فروغ کا ذریعہ بنائے اور مقامی آبادی کے لیے ہدایت، امن اور روحانی ترقی کا مستقل سرچشمہ بنا دے۔ آمین

(رپورٹ:زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سویڈن کے ’Lulea On Ice‘ میلہ میں تین روزہ تبلیغ سٹال

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button