یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کوسووو میں پہلے اطفال کیمپ کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کوسووو کو مورخہ ۱۱؍جون ۲۰۲۶ء کو پہلی مرتبہ اطفال کے لیے خصوصی ’’اطفال کیمپ‘‘ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس تاریخی اور تربیتی پروگرام میں کوسووو کے مختلف علاقوں سے ۱۵؍سے زائد بچوں نے شرکت کی۔ کیمپ کا مقصد اطفال کی دینی و اخلاقی تربیت، ان میں اخوت و بھائی چارے کو فروغ دینا، جماعت کے ساتھ ان کا تعلق مضبوط کرنا اور انہیں علمی، ثقافتی، کھیلوں اور ٹیکنالوجی سے متعلق مفید سرگرمیوں میں شامل کرنا تھا۔

پروگرام کا آغاز دوپہر ساڑھے بارہ بجے جماعتی مرکز پریشتینا میں ہوا۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد شاملین کے لیے ضیافت کا انتظام کیا گیا اور بچوں کو دن بھر کے پروگرام اور مختلف سرگرمیوں کے متعلق آگاہ کیا گیا۔

دوپہر تقریباً سوا دو بجے تمام اطفال ’’Shtime Observatory‘‘ کے لیے روانہ ہوئے۔ سہ پہر تین بجے سے پونے چار بجے تک آبزرویٹری کا مطالعاتی دورہ کیا گیا جہاں بچوں کو فلکیات، سیاروں، ستاروں اور کائنات کے بارے میں دلچسپ معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔ بچوں نے اس تعلیمی دورے میں خاص دلچسپی کا اظہار کیا۔ دورے کے بعد ان کے لیے مشروبات اور آئس کریم کا انتظام کیا گیا جس کے بعد قافلہ دوبارہ جماعتی مرکز پریشتینا واپس پہنچا۔

شام کے کھانے کے بعد تقریباً ایک گھنٹے پر مشتمل دینی، ثقافتی، کھیلوں اور ٹیکنالوجی سے متعلق ایک تربیتی پروگرام منعقد ہوا۔ اس میں Alban Zeqiraj صاحب، Shkelqim Bytyçi صاحب، Riad Osmani صاحب، Leutrim Arifi صاحب اور Petrit Bytyqi صاحب نے مختلف موضوعات پر بچوں کے ساتھ گفتگو کی اور سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ بچوں کو ان کی عمر کے مطابق دلچسپ انداز میں دینی اور دنیاوی معلومات فراہم کی گئیں۔

بعد ازاں تمام بچے KFOR کے قریب واقع فٹ بال گراؤنڈ روانہ ہوئے جہاں شام سات بجے سے آٹھ بجے تک بچوں نے فٹ بال اور دیگر کھیلوں میں بھر پور حصہ لیا۔

کھیلوں کے بعد تمام شرکا دوبارہ جماعتی مرکز واپس آئے اور نمازوں کی ادائیگی کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر بچوں کے ساتھ مختصر تبادلۂ خیال بھی ہوا۔

الحمدللہ، یہ پہلا اطفال کیمپ نہایت کامیاب رہا۔ مختلف علاقوں سے ۱۵؍سے زائد بچوں کی شرکت اور پورے دن کی سرگرمیوں میں ان کا جوش و خروش اس امر کا اظہار تھا کہ ایسے پروگرام نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت، باہمی اخوت اور جماعت کے ساتھ مضبوط تعلق پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ اس کوشش کو قبول فرمائے، تمام منتظمین اور معاونین کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ہمارے اطفال کو دین سے مضبوط تعلق رکھنے والے، نیک، بااخلاق اور جماعت کے لیے مفید وجود بنائے۔ آمین

(رپورٹ:جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے حوالے سے جماعتہائے احمدیہ کینیا کی مساعی

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button