جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے حوالے سے جماعتہائے احمدیہ کینیا کی مساعی
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا نے حسب سابق امسال بھی ملک بھر کے تمام ریجنز میں جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کی تمام کارروائی ایم ٹی اے کے ذریعہ دکھانے کا خصوصی انتظام کیا۔ مساجد کے علاوہ جن گھروں میں ایم ٹی اے کی سہولت میسر تھی، وہاں بھی احباب جماعت نے جلسہ کی کارروائی سے استفادہ کیا۔ اس کے علاوہ بہت سے احمدیوں نے ایم ٹی اے افریقہ کی براہ راست نشریات موبائل فون اور انٹرنیٹ کے ذریعہ بھی ملاحظہ کیں۔ مزید برآں جماعت احمدیہ کینیا کی طرف سے متعدد ٹی وی اور ریڈیو سٹیشنز کے ذریعہ جلسہ کی جھلکیاں، بالخصوص حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کی جھلکیاں نشر کرنے کا بھی انتظام کیا گیا۔ یوٹیوب پر بھی جلسہ کی کارروائی دستیاب رہی۔

الحمدللہ، جلسہ سالانہ یوکے کے تینوں ایام، یعنی ۲۴تا۲۶؍جولائی ۲۰۲۶ء کے دوران کینیا کے ۱۶؍ریجنز میں ۹۵؍مقامات پر ایم ٹی اے افریقہ کے ذریعہ دو ہزار ۸۵؍احمدیوں نے جلسہ کی کارروائی دیکھی اور سنی۔ اس کے علاوہ متعدد احباب نے اپنے گھروں میں بھی ایم ٹی اے کے ذریعہ جلسہ کے تمام پروگرام ملاحظہ کیے۔ اس مبارک موقع پر مختلف مقامات پر ۱۳۳؍مہمانوں نے بھی جلسہ سالانہ یوکے کی کارروائی، خصوصاً حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات اور عالمی بیعت کے ایمان افروز نظارے دیکھے۔ اس طرح اجتماعی انتظام کے تحت مجموعی طور پر دو ہزار ۲۱۸؍افراد نے جلسہ کی کارروائی دیکھی۔
جلسہ کے تینوں دن اکثر مقامات پر نماز تہجد باجماعت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ متعدد احباب نے بارش اور مساجد سے دوری وغیرہ کی وجہ سے ان ایام میں مساجد ہی میں قیام کیا تاکہ جلسہ کے تمام پروگرام باقاعدگی سے ملاحظہ کرسکیں۔ مقامی اور مرکزی انتظام کے تحت لنگر کا بھی انتظام کیا گیا جس سے شرکاء اور مہمانان کرام نے استفادہ کیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال کینیا بھر کی مختلف جماعتوں کی طرف سے جلسہ سالانہ یوکے کی کامیابی کے لیے دعاؤں اور دنیا بھر کے احمدیوں کو جلسہ کی مبارکباد پر مشتمل ۳۳۲؍پیغامات بھی ایم ٹی اے افریقہ پر نشر کیے گئے۔ اسی طرح امیر صاحب جماعت کینیا، مرکزی شعبہ تربیت اور ذیلی تنظیموں کی طرف سے سوشل میڈیا اور مختلف گروپس کے ذریعہ بھی احباب جماعت کو جلسہ کی کارروائی سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی رہیں جس کے نتیجہ میں احباب کی جلسہ کے پروگراموں میں دلچسپی بڑھی اور ان کی توجہ جلسہ کی کارروائی پر مرکوز رہی۔

الحمدللہ، جماعت احمدیہ کینیا جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کی برکات سے بھرپور طور پر مستفید ہوئی۔ اس کا ایک نمایاں پہلو یہ بھی ہے کہ جلسہ کے ایام میں کئی مقامات پر بیعتیں بھی ہوئیں۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کی جماعت مانساکونکو میں جلسہ سیرت النبیﷺ



