جامعہ احمدیہ کینیڈاکی بعض سرگرمیاں
تقریب تقسیم انعامات
جامعہ احمدیہ کینیڈا کے سالانہ پروگراموں میں تقریب تقسیم انعامات کی خاص اہمیت ہے جو ہر تعلیمی سال کے آخر میں منعقد ہوتی ہے۔ امسال اس تقریب میں سابق پرنسپل مکرم داؤد احمد حنیف صاحب کو الوداع بھی کیا گیا۔ تقریب کی مختصر رپورٹ پیش ہے۔
مورخہ ۱۱؍جون ۲۰۲۶ء کو جامعہ احمدیہ اور حفظ القرآن سکول کینیڈا کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات ایوان طاہر میں ساڑھے چھ بجے سہ پہر منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے کی۔ مکرم چودھری اللہ بخش صادق صاحب بھی سٹیج پر موجود تھے۔ اس تقریب میں جامعہ کے طلبہ، ان کے والدین اور حفظ القرآن سکول کے طلبہ اور ان کے والدین، اساتذہ جامعہ اور ان کی فیملیز کے علاوہ جماعت کینیڈا کے بہت سے مرکزی اور لوکل عہدیداران نے شرکت کی۔

علمی سرگرمیاں:تلاوت قرآن کریم، نظم حضرت مسیح موعودؑ اوران کے انگریزی ترجمہ کے بعد جامعہ احمدیہ کی سالانہ سرگرمیوں کی رپورٹ عزیزم فاران محمد الٰہ دین نائب انچارج مجلس علمی نے پیش کی جس میں جامعہ کی تاریخ کے ساتھ نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کا تذکرہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ بیرون پاک و ہند سب سے پہلا جامعہ احمدیہ۲۰۰۳ء میں خلافت خامسہ میں کینیڈا میں قائم ہوا تھا اور ۲۰۱۰ء میں پہلا بیچ(Batch) فارغ التحصیل ہوا تھا۔ جون ۲۰۲۵ء تک ۱۷۵؍مبلغین میدان عمل میں پہنچ چکے تھے۔ ۲؍مئی ۲۰۲۶ء کو برطانیہ میں منعقدہ تقریب تقسیم اسناد میں جامعہ ہائے احمدیہ یوکے، جرمنی، گھانا اور انڈونیشیا کے ساتھ جامعہ احمدیہ کینیڈا کے مربیان نے بھی شرکت کی جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فارغ التحصیل مربیان کو شاہد کی ڈگریاں عطا فرمائیں۔ ۳۰؍جون ۲۰۲۶ء کو ۲۲؍مزید طلبہ فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ اس وقت جامعہ میں ۱۱؍ممالک سے کُل۱۰۲؍طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ یہ ممالک کینیڈا، امریکہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، انڈونیشیا، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو، ماریشس، فلسطین، اردن اوربوسنیا ہیں۔

دوران سال جامعہ کی غیر نصابی مصروفیات کاذکر کرتے ہوئےبتایا گیا کہ جامعہ کی کھیلوں کی ٹیمیں جماعت کے زیرانتظام منعقد ہونے والے بیرونی مقابلوں میں بھی شرکت کرتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال جامعہ احمدیہ کینیڈا نے ورجینیا کے شہر شینٹلی میں منعقد ہونے والے مسرور انٹرنیشنل سپورٹس ٹورنامنٹ (MIST) میں باسکٹ بال کے مقابلہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ہر سال درجہ ممہدہ اور درجہ اولیٰ کے طلبہ کے لیے ایک ہفتہ پر مشتمل اردو اور عربی کا Language Camp منعقد کیا جاتا ہے۔ اسی طرح طلبہ کے مختلف مذاہب کے بارے میں علمی اضافہ کے لیے انہیں مختلف عبادت گاہوں کے دورے کروائے جاتے ہیں۔ اس سال سینئر طلبہ نے ایک گُردوارہ، ہندو مندر اور بدھ مت کے مندر اور یہودی عبادت گاہ کا دورہ کیا۔ مزید برآں درجہ خامسہ نے مشرقی کینیڈا کا تعلیمی سفر کیا جہاں انہوں نے متعدد مذہبی اور تاریخی مقامات کا مشاہدہ کیا اور اپنے علم میں اضافہ کیا۔ اسی طرح درجہ سادسہ نے مختلف ورکشاپس کے ذریعے کئی عملی مہارتیں حاصل کیں جن میں گاڑیوں کی مرمت کی ورکشاپ، ہومیوپیتھی سے متعلق کلاس، AMJ فیونرل ہوم کا دورہ کیا، تدفین و جنازہ کے انتظامات کا مشاہدہ کیا اور مشق کی اور CPR کی تربیتی نشست میں شمولیت کی۔

تعلیمی سال کے دوران جامعہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم، حضرت مسیح موعودؑ، پیشگوئی مصلح موعودؓ اور یومِ خلافت کے موضوعات پر مختلف جلسہ جات منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ مختلف مذہبی اور عصری موضوعات پر لیکچرز کے لیے مہمان مقررین کو بھی مدعو کیا گیا جن سے طلبہ نے بھرپور استفادہ کیا۔
جامعہ کے طلبہ کو مختلف جماعتی، تربیتی اور تبلیغی تقاریب میں شمولیت کے ساتھ ساتھ اہم جماعتی مواقع جیسے تربیتی کیمپس، مجلس شوریٰ اور جلسہ سالانہ وغیرہ پر بھرپور ڈیوٹیاں سر انجام دینے کی توفیق ملی۔ اسی طرح جامعہ میں سائیکلنگ کلب قائم ہے۔
اس سال جامعہ نے اپنے نیوز لیٹر ’The Western Horizon‘ کی اشاعت اور اپنی ویب سائٹ (thewesternhorizon.ca) کی نگرانی و انتظام جاری رکھا۔ اس رسالہ میں جامعہ کے طلبہ کے تحریر کردہ علمی مضامین، وقف عارضی کے تجربات، ذاتی مشاہدات اور جامعہ کی مختلف سرگرمیوں کی رپورٹس شامل کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ طلبہ نے مختلف پلیٹ فارمز مثلاً الفضل، الحکم، احمدیہ گزٹ، تشحیذ الاذہان (کینیڈا)اور ریویو آف ریلیجنز کے لیے بھی مضامین اور خطوط تحریر کیے۔
طلبہ جامعہ کو تعطیلات اور دیگر مواقع پر اسلام آباد، یوکے جا کر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازیں پڑھنے اور ملاقات کرنے کا شرف حاصل ہوتا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد کے مقدس ماحول میں رہ کر وقف عارضی کرنے کا موقع ملتا ہے جو ان کی روحانیت میں ترقی کا باعث بنتا ہے۔ اسی طرح طلبہ کے روحانی معیار کو بلند کرنے کے لیے دوران سال کئی بزرگان سلسلہ کو جامعہ میں مدعو کیا گیا جس میں انہوں نے میدان عمل میں تبلیغی مساعی کا ذکر کر کے تائیدالٰہی کے واقعات بیان کیے جس سے طلبہ مستفیض ہوئے۔ اسی طرح درجہ سادسہ کے طلبہ کو رمضان المبارک میں اعتکاف بیٹھنے کی توفیق ملی۔
اس سال ایک اہم علمی سرگرمی تربیتی اور تبلیغی نمائش ہے۔ جس کا عنوان Exploring The Light Of Divine Guidance ہے۔ اس نمائش کا خاص پہلو یہ ہے کہ کئی موضوعات پر تمام تاریخی مواد کو اختصار کے ساتھ سمیٹ دیا گیا ہے۔ اس نمائش کی افتتاحی تقریب ۷؍مئی ۲۰۲۶ء کو صبح ۱۱؍بجے منعقد ہوئی جس میں نیشنل امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر دعا کرائی۔ یہ نمائش مسلسل جاری ہے۔
جامعہ احمدیہ کینیڈا میں مجلس علمی کے تحت شعبہ علمی مقابلہ جات، شعبہ ارشاد، شعبہ اشاعت اور شعبہ سیمینارز قائم ہیں۔ ہر شعبہ کا نگران جامعہ کا ایک استاد جبکہ سیکرٹری طالب علم ہے۔
حفظ القرآن سکول: اس رپورٹ کے بعد حافظ مجیب احمد صاحب نے حفظ القرآن سکول کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ یہ سکول ۲۰۱۱ء میں قائم ہوا تھا۔ اب تک ۷۸؍حفاظ اس سکول سے قرآن حفظ کر چکے ہیں اور اس وقت ۲۴؍طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ امسال ۶۰؍حفاظ نے تراویح میں قرآن سنایا۔ مکرم حافظ راحت احمد چیمہ صاحب نگران حفظ القرآن سکول کے طور پر خدمات بجا لا رہے ہیں۔
تقسیم انعامات:ان رپورٹس کے بعد مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ کینیڈا نے حفظ القرآن سکول اور جامعہ احمدیہ کینیڈا کے دوران سال ہونے والے مختلف انفرادی اور اجتماعی علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو انعامات دیے۔ اسی طرح کلاسوں میں پوزیشن لینے والے طلبہ، میس کے بعض ارکان کو اور اسی طرح بعض طلبہ کو نمائش میں خاص خدمت کرنے پر انعام دیے گئے۔
علمی مقابلہ جات:غیر نصابی سرگرمیوں کو موثر بنانے اور طلبہ کی قابلیتوں کو نکھارنے کے لیے جامعہ احمدیہ کے جملہ طلبہ کو چار مختلف گروپس (شجاعت، امانت، دیانت اور رفاقت) میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ کا نگران جامعہ احمدیہ کا ایک استاد ہے۔ ان گروپس کے درمیان دوران سال علمی اور ورزشی مقابلے ہوتے رہتے ہیں جامعہ میں اس سال مجلس علمی کے زیر نگرانی ۱۴؍علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔
علمی مقابلہ جات میں امانت گروپ سب سے زیادہ نمبر حاصل کر کے نمایاں رہا۔ مکرم طارق احمدمحسن صاحب نگران استاد نے گروپ کے طلبہ کے ساتھ ٹرافی وصول کی۔ علمی مقابلوں میں بہترین طالب علم عزیزم ثمر فراز خواجہ درجہ ثالثہ رہے۔ نگران مجلس علمی کے طور پر مکرم سہيل احمد ثاقب صاحب استاد جامعہ احمدیہ خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
ورزشی مقابلہ جات:دوران سال گروپس کے مابین انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ امسال ۲تا ۴؍جون ۲۰۲۶ء سالانہ کھیلوں کا انعقاد ہوا۔ بہترین کھلاڑی ثوبان اقبال صاحب قرار پائے۔ اس سال امانت گروپ مجموعی طور پر پہلے نمبر پر رها۔ مکرم طارق احمد محسن صاحب نگران استاد نے گروپ کے طلبہ کے ساتھ ٹرافی وصول کی۔
کھیلوں کا آخری پروگرام روک دوڑ(Obstacle Race) تھی جس میں ۱۷؍کے قریب رکاوٹوں کو عبور کر کے منزل پر پہنچنا تھا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی امیر صاحب جماعت احمدیہ کینیڈا تھے جنہوں نے کھیل سے پہلے تمام رکاوٹوں کا تعارف حاصل کیا اور کھیل بھی ملاحظہ کی۔ اس تقریب میں مکرم چودھری اللہ بخش صادق صاحب کے علاوہ بہت سے احمدی احباب شریک ہوئے۔
تفریحی سرگرمیاں:سال بھر طلبہ کے لیے روزانہ کھیلوں کے علاوہ مختلف تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جن میں کیمپنگ بھی شامل ہے۔ درجہ رابعہ نے Key Marina Resort میں اپنا سالانہ کیمپ منعقد کیا جہاں طلبہ کو کیمپنگ، ہائیکنگ، آبی سرگرمیوں اور کھانا پکانے کا موقع ملا۔
الوداعی تقریب
پروگرام تقسیم انعامات کے دوسرے حصہ میں مکرم داؤد احمد حنیف صاحب سابق پرنسپل جامعہ احمدیہ کو الوداع کہا گیا۔ آپ کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دسمبر ۲۰۱۷ء میں جامعہ احمدیہ کینیڈا کا پرنسپل مقرر فرمایا تھا۔ آپ نے مئی ۲۰۲۶ء تک اس منصب پر نہایت کامیابی، اخلاص اور شفقت کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ اس دوران آپ نے نہ صرف طلبہ کی علمی و روحانی تربیت کی بلکہ اساتذہ اور عملے کی بھی ایک شفیق اور مہربان بزرگ کی طرح راہنمائی کی۔ آپ کا جماعت احمدیہ کی خدمت کا عرصہ تقریباً ۶۰؍سالوں پر محیط ہے۔مکرم امیر صاحب نے جامعہ کی طرف سے آپ کو ایک یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس کے بعد آپ نے شکریہ ادا کیا اور ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے کی تلقین کی۔ مکرم مختار احمد چیمہ صاحب قائم مقام پرنسپل جامعہ احمدیہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم امیر صاحب نے مختصر تقریر کی اور دعا کروائی جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
اس پروگرام میں ۴۷۵؍مردو زن شریک ہوئے۔ اس کے بعد مہمان خصوصی کے ساتھ تصاویر ہوئیں۔ یہ ساری تقریب آن لائن Live Stream کے ذریعہ نشر کی گئی جس کو دیکھنے والوں کی تعداد ۱۰۰۰؍سے زائد تھی۔
الوداعی تقریب درجہ شاہد
۱۲؍جون کو صبح ساڑھے نو بجے جامعہ احمدیہ کی طرف سے طلبہ درجہ شاہد یعنی فارغ التحصیل ہونے والوں کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت مکرم داؤد احمدحنیف صاحب سابق پرنسپل جامعہ احمدیہ نے کی۔ تلاوت کے بعد ولید احمد چیمہ صاحب درجہ خامسہ نے سپاس نامہ پیش کیا اور ہلکے پھلکے انداز میں درجہ سادسہ کی قابلیتوں اور گزرے ہوئے خوشگوار لمحات کا ذکر کیا۔ درجہ شاہد کی طرف سے مکرم گوہر جواہیر(ماریشس) صاحب نے اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ ایک ڈاکومینٹری میں تصویری طور پر شاہد کلاس کی سات سالہ دور کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔ بعض طلبہ کو مختلف امور میں خاص امتیاز حاصل کرنے پر انعامات دیے گئے۔ آخر پر مہمان خصوصی نے طلبہ کو چند ایک نصائح کیں اور دعا کروائی۔
اللہ تعالیٰ ان حفاظ احمدی بچوں اورطلبہ جامعہ کے ليے یہ اعزازات مبارک فرمائے اور مقبول خدمت دین کی توفیق دے۔ آمین
(رپورٹ: عبد السمیع خان۔ استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بنگلہ دیش سالانہ امن کانفرنس ۲۰۲۶ء




