مجلس انصار اللہ آئیوری کوسٹ کا ۱۶واں نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء
احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مجلس انصاراللہ آئیوری کوسٹ کو اپنا سولہواں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۱۱ و ۱۲؍جولائی ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ و اتوار آبی جان شہر میں واقع جماعتی جگہ ’مہدی آباد‘ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اجتماع میں شرکت کے ليے مہمانان کرام کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل ہی شروع ہو گیا تھا۔ اجتماع کے پہلے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جس کی امامت مکرم یحییٰ جیارہ صاحب معلم سلسلہ نے کی۔ سینا کولیبالی صاحب نے نماز فجر اور درس بعنوان ’’قرآن پاک انسانیت کے ليے ایک ناگزیر علاج‘‘ دیا۔
اجتماع کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز صبح نو بجے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیرومبلغ انچارج آئیوری کوسٹ نے لوائے انصاراللہ جبکہ مکرم تیرو الحسن صاحب صدر مجلس انصاراللہ نے آئیوری کوسٹ کا مقامی پرچم لہرا کر کیا اور امیر صاحب نے دعا کروائی۔
افتتاحی اجلاس کا آغاز امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، نظم اور عہد سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب مجلس نے شاملین کو خوش آمدید کہا اوراجتماع کے انعقاد کی اہمیت سے آگاہ کیا جس کا ساتھ ساتھ مکرم وترا عبدالرحمان صاحب معلم سلسلہ نے مقامی زبان جولا میں ترجمہ بھی کیا۔ اسی طرح امیر صاحب نے بھی تقریر کی اور اس تقریر کا بھی مقامی زبان میں ترجمہ کیا جاتا رہا۔ اس کے بعد بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے ’’جماعت کی تعمیر و ترقی میں ایک ناصر کے کردار‘‘ پر تقریر کی۔ اس اجلاس کی آخری تقری جیالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے ’’ایمان کیا ہے اور اس کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر کی جس کے ساتھ پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔
نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے بعد علمی مقابلہ جات اور بعد ازاں ورزشی مقابلہ جات کا آغاز بھی ہو گیا۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا جبکہ ساتھ ہی علمی مقابلہ جات کا سلسلہ بھی رات گئے تک جاری رہا۔ اس دوران صدر صاحب مجلس نے ناظمین اور زعماء کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔
اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کی امامت وترا عثمان صاحب نے کی اور نماز فجر کے بعد کونے کریم صاحب معلم سلسلہ نے درس بعنوان ’’فیملی میں کس طرح جماعت کی محبت کی روح پیدا کی جائے‘‘ دیا۔ صبح ساڑھے چھ بجے انصار اللہ کی جانب سے صحت کی اہمیت کے پیش نظر مارچ کا بھی انعقاد کیا گیا جس دوران ’مہدی آباد‘ کے اردگرد تمام انصار نے مارچ کیا اور نعرے لگائے جس کے اختتام پر تمام انصار کو ورزش بھی کروائی گئی۔ ناشتہ کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا۔
تمام مقابلہ جات کے اختتام پر ۱۱؍بجے اجتماع کے اختتامی اجلاس کا انعقاد زیر صدارت مکرم امیر صاحب ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم کونے نوسومبیئے صاحب نے ’’چندہ جات کی اہمیت‘‘ پر تقریر کی جس کے بعداولاً پیغام رسانی مقابلہ اور بعد ازاں دیگر علمی و ورزشی مقابلہ جات کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ امیر صاحب نے پوزیشن لینے والے انصار میں میڈلز تقسیم کيے۔ اختتام پر امیر صاحب نے تقریر کی اور دعا کے ساتھ اس اجتماع کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر وظہرانہ کے بعد شاملین اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہوئے۔
امسال اجتماع کے دوران علمی مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت، حفظ، تقریر، اذان، نظم، سوال و جواب، پیغام رسانی جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں پنلٹی ککس، آنکھوں پر پٹی باندھ کر دوڑ، نشانہ غلیل، منہ سے چمچ پکڑ کر دوڑ، ۱۰۰؍میٹر دوڑ، رنگ پھینکنا، ریلے ریس، مختصر روک دوڑ نیز ماراکانا (لوکل مِنی فٹ بال مقابلہ) کا انتظام کیا گیا۔
امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۲۰۹؍افراد نے اجتماع میں شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے انعقاد کو مجلس کے تمام افراد کے ليے نہایت بابرکت کرے اور سب کو اپنے اندر ایک عظیم روحانی تبدیلی پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: آسٹریلیا بھر میں لجنہ اماء اللہ کے زیر اہتمام فلاحی فنڈ ریزنگ تقریبات کا انعقاد



