حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…نیپال میں تباہ کن سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے سانحے کے ۱۳ ویں روز پیر کو قومی سوگ منایا جا رہا ہے اور ملک بھر سمیت بیرونِ ملک سفارتی مشنز پر قومی پرچم سرنگوں رکھا گیا ہے۔ اس قدرتی آفت میں اب تک کم از کم ایک ہزار ۳۸۰؍افراد ہلاک جبکہ ساڑھے پانچ ہزار سے زائد لاپتا ہیں۔ امدادی ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں اور حالیہ دنوں میں چار افراد کو زندہ بچایا گیا، جن میں ایک چینی شہری اور دو ہائیڈرو پاور ورکرز بھی شامل ہیں۔ حکام کو بعض ہائیڈرو پاور سٹیشنوں میں مزید افراد کے زندہ ہونے کی امید ہے۔ ادھر تبت میں بھی لاشیں ملنے اور تلاش کا عمل جاری ہے۔

٭…جنوبی لبنان کے قصبے کفر رمان میں پیر کی صبح اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہوگئے، جن میں دو بچے اور دو طبی کارکن شامل ہیں۔ لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک رہائشی عمارت پر حملے میں دو بچوں سمیت نو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے، جبکہ الگ ڈرون حملے میں ایک سویلین گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں سوار دو طبی کارکن جان بحق ہوگئے۔ حملوں سے قبل کفر رمان کے لیے انخلا کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی تھی۔ جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں، جس سے سرحدی علاقے میں امن و استحکام اور جنگ بندی کے بارے میں خدشات بڑھ گئے ہیں۔

٭… امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر کے مالیاتی اداروں کو ایران کے ساتھ مالی تعاون کے حوالے سے سخت خبردار کیا ہے۔ واشنگٹن کے مطابق ایرانی حکومت کی غیرقانونی مالی سرگرمیوں میں سہولت کاری کرنے والے اداروں کو سنگین نتائج اور پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ نئی پابندیاں عالمی مالیاتی اداروں کے لیے واضح پیغام ہیں کہ ایران کی مالی معاونت برداشت نہیں کی جائے گی۔ امریکی حکومت ایرانی حکومت کو عالمی مالیاتی نظام سے مزید الگ تھلگ کرنے اور اس کی غیرقانونی مالی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

٭…نائیجیریا کی ریورز ریاست میں پائپ لائن سے مبینہ طور پر پیٹرول چوری کرنے کی کوشش کے دوران زہریلی گیس سے کم از کم ۳۷؍ افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ واقعہ اوکریکا کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک سو سے زائد افراد کشتیوں کے ذریعے پائپ لائن سے نکلنے والا ریفائنڈ پیٹرول جمع کرنے پہنچے تھے۔ زہریلا دھواں پھیلنے سے کئی افراد بے ہوش ہوگئے، کچھ دریا میں جاگرے جبکہ دیگر کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور عوام کو صرف تصدیق شدہ معلومات پر بھروسہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تیل کی چوری نائیجیریا میں طویل عرصے سے سنگین مسئلہ ہے۔

٭…لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم چار افراد جاں بحق اور بیس زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر کیے گئے اور یہ کارروائی اسرائیلی اہلکاروں پر ڈرون حملوں کا جواب تھی۔ عرب سلیم میں ایک گھر تباہ ہونے سے دو خواتین جاں بحق ہوئیں، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی عمارتوں اور ایک غیر فعال ہسپتال کو نقصان پہنچا۔ نباتیہ میں تاریخی عمارت، مالیاتی اور زرعی اداروں کے دفاتر بھی متاثر ہوئے۔

٭…ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کے محفوظ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی امریکی بحریہ کی ایک ریموٹ کنٹرول آبدوز کو نشانہ بنایا۔ ایران کے مطابق اس کارروائی کے علاوہ آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستوں سے گزرنے والے تین آئل ٹینکروں اور دیگر علاقوں میں تین امریکی بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے ان حملوں کو تین ایرانی ٹینکروں پر امریکی حملوں کا جواب قرار دیا ہے۔ امریکی سینٹ کام نے ایرانی ٹینکروں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی تھی، تاہم تازہ ایرانی دعوے پر امریکہ نے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

٭…امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے روزانہ تقریباً ۹۰؍ لاکھ بیرل تیل گزر رہا ہے، جس سے عالمی توانائی کی قیمتوں پر دباؤ کم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ ان کے مطابق خطے میں پائپ لائنوں کے ذریعے بھی تیل کی ترسیل جاری ہے۔ کرس رائٹ نے بتایا کہ تیل کی محفوظ ترسیل میں امریکی بحریہ کا اہم کردار ہے، جو آئل ٹینکرز کو ممکنہ ایرانی حملوں سے بچانے کے لیے حفاظتی حصار فراہم کر رہی ہے۔

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button