امریکہ (رپورٹس)

ٹورانٹو ویسٹ ریجن کی نئی مسجد کے احاطہ میں ’کینیڈا ڈے‘ کی تقریب

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ٹورانٹو ویسٹ ریجن کی نئی مسجد سے متصل بیرونی سبزہ زار میں یکم جولائی ۲۰۲۶ء کو ’کینیڈا ڈے‘ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں کئی سیاستدانوں اور ممبران آف پارلیمنٹ نیز پولیس آفیسرز، فائربریگیڈ مارشل، پیرا میڈیکل احباب نے شرکت کی جن کی تعداد ۴۰؍سے زائد تھی۔

یکم جولائی کو صبح ۱۱؍بجے سے احباب و خواتین مسجد کے احاطہ میں جمع ہونا شروع ہوئے۔ احاطہ کو کینیڈا کے قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔ ساڑھے گیارہ بجے آنریبل جان زیروسلی MP تشریف لائے۔ ان کا استقبال مکرم سید طارق شاہ صاحب اور مکرم سمیع اللہ صاحب ریجنل سیکرٹری امور خارجیہ نے کیا۔ وہ اپنے ساتھ مبارک باد کی ایک ’’سکرول‘‘ بھی لائے جو لوکل امیر صاحب کی خدمت میں پیش کی۔

پروگرام سے قبل عام کینیڈا ڈے تقریبات میں موسیقی کی بجائے درثمین اور کلام محمود سے خوش الحانی کے ساتھ نظمیں پیش کرنے کا انتظام کیا گیا جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔ مکرم ملک لال خان صاحب امیر جماعت کینیڈا کی نمائندگی مکرم کلیم احمد ملک صاحب نائب امیر جماعت کینیڈا نے کی۔ تمام معزز مہمانان مقررہ وقت پر پہنچے اور ان کا استقبال کیا گیا۔

ساڑھے بارہ بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مکرم عبدالباسط قمر بقاپوری صاحب سیکرٹری امور خارجیہ احمدیہ ابوڈ آف پیس نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیے۔ سب سے پہلے کینیڈا کا پرچم لہرایا گیا جس میں تمام وی آئی پی مہمان شامل ہوئے۔ بعد ازاں مکرم سمیع اللہ صاحب نے کینیڈا کے قدیم باشندوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرسٹ نیشن لینڈ اکنالجمنٹ پیش کی۔ بچوں، اطفال و ناصرات نے کینیڈا کا قومی ترانہ پیش کیا۔

تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، حدیث اور حضرت مسیح موعودؑ کے اقتباسات کے بعد نائب امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں اسلام و احمدیت کی تعلیمات کی روشنی میں وطن سے محبت کی اہمیت بیان کی اور خلفائے کرام کے اقتباسات بھی پیش کیے۔اس کے بعد سیکرٹری امور خارجیہ صاحب نے مہمانان کا تعارف کروایا اور انہیں اظہار خیال کرنے کی دعوت دی۔

٭…آنریبل جوڈی سوگرو MP نے جماعت احمدیہ کی وطن سے محبت، امن و سلامتی کے لیے کوششوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے جماعت سے اپنی دیرینہ دوستی اور دو خلفائے کرام سے متعدد ملاقاتوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ نئی مسجد امن و سلامتی اور اتحاد کا مرکز بنے۔

٭… آنریبل ٹام ریکوسیویک MPP نے جماعت احمدیہ کے ماٹو ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کو موجودہ دور میں کینیڈا اور پوری دنیا کی اہم ضرورت قرار دیا۔

٭… کونسلر وینسنٹ کریسینٹی نے کینیڈا ڈے اور نئی مسجد کی مبارک باد دیتے ہوئے جماعت کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کونسلر انتھونی پیروزہ نے جماعت احمدیہ سے اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے ’’احمدیہ ابوڈ آف پیس‘‘ کے منصوبے کے لیے اپنی سابقہ حکومت کی حمایت کا حوالہ دیا اور نئے مرکز و مسجد پر مبارک باد پیش کی۔

آخر میں سیکرٹری امور خارجیہ صاحب نے تمام مہمانان، حاضرین اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم کلیم احمد ملک صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے اجتماعی دعا کروائی۔ دعا کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک ہزار سے زائد افراد نے تقریب میں شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ اس خصوصی پروگرام کو کامیاب بنانے والے تمام احباب کو بہترین جزائے خیر عطا فرمائے اور جماعت احمدیہ کو ملک و قوم کی خدمت کی مزید توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ امریکہ کے ۷۶ویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button